کیپ ٹاؤن ٹیسٹ : جنوبی افریقا کی پاکستان کیخلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ

Cape Town Test

Cape Town Test

کیپ ٹاؤن ٹیسٹ (جیوڈیسک) کیپ ٹاؤن دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میں جنوبی افریقا نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔ کیپ ٹان میں میں کھیلے جارہے اس ٹیسٹ کیلئے پاکستان نے دو تبدیلیاں کی ہیں، جنید خان اور راحت علی کی جگہ تنویر احمد اور محمد عرفان کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

پاکستان ٹیم محمد حفیظ ، ناصر جمشید ، اظہرعلی، یونس خان ، مصباح الحق ، اسد شفیق ، سرفراز احمد، عمر گل ، سعید اجمل ، تنویر احمد اورمحمد عرفان پر مشتمل ہے، جبکہ جنوبی افریقا نے پہلا ٹیسٹ جیتنے والی ٹیم کو ہی برقرار رکھا ہے۔ پاکستان کے بیٹسمینوں کو جنوبی افریقا کے ان فارم بولروں کے خلاف غیر معمولی کارکردگی دکھانے کا بڑا چیلنج درپیش ہے ۔

پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 49 رنز پر آوٹ ہونے کے بعد پاکستان یہ ٹیسٹ 211 رنز سے ہار گیا تھا۔ ڈیل اسٹین ، مورنے مورکل اور فیلنڈر پر مشتمل بولنگ اٹیک دنیا کا خطرناک بولنگ اٹیک ہے جبکہ جنوبی افریقی کپتان نے اپنے ٹاپ چھ بیٹسمینوں کو موجودہ دور کے بہترین بیٹسمین قرار دیا ہے۔

دوسری جانب مصباح الحق نے اپنے بیٹسمینوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ نئی گیند پر ذمہ دارانہ بیٹنگ کی عادت ڈالیں۔1991 سے انٹرنیشنل کرکٹ میں واپس آنے کے بعد جنوبی افریقا نے اس گراونڈ پر 25 میں سے20 ٹیسٹ جیتے ہیں۔

گزشتہ سیزن میں اسی گراونڈ میں آسٹریلوی ٹیم 47 اور گزشتہ ماہ نیوزی لینڈ کی ٹیم صرف 45 رنز پر آوٹ ہوگئی تھی۔جنوبی افریقا نے دوسرا ٹیسٹ جیت لیا تو پاکستان کو مسلسل دوسری ٹیسٹ سیریز میں شکست ہوگی۔ اس سے قبل پاکستان کوسری لنکا کے ہاتھوں ہار کا منہ دیکھنا پڑا تھا۔