تبدیلی کی سونامی شرم و حیا بہاکر لے گئی فردوس عاشق کو زلزلے پر تبصرہ مہنگا پڑ گیا

Firdous Ashiq Awan

Firdous Ashiq Awan

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کے زلزلے پر تبصرے نے سوشل میڈیا پر طوفان کھڑا کر دیا۔ معاون خصوصی برائے اطلاعات نے اسلام آباد میں ہونے والی سوشل میڈیا کانفرنس میں زلزلے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’زلزلہ نشانی ہے جب تبدیلی آتی ہے، نیچے (زمین) پر بیتابی ہوتی ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ ’یہ تبدیلی کی نشانی ہے کہ زمین نے بھی کروٹ لی ہے، اس کو بھی اتنی جلدی یہ تبدیلی قبول نہیں‘۔

ان کے تبصرے کے بعد سوشل میڈیا پر ہنگامہ کھڑا ہوگیا اور کئی صارفین نے شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

بعض سوشل میڈیا صارفین نے ان کے تبصرے پر شدید دکھ کا اظہار کیا ہے۔

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا تبصرے کے حوالے سے کہنا تھا کہ میری گفتگو کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کرنا افسوسناک ہے، سوشل میڈیا کے معاشرے پر اثرات کے تناظر میں بات ہو رہی تھی۔

انہوں نے کہا کہ اچانک زلزلہ آیا، شرکائے محفل پریشان ہوگئے تو حاضرین کا حوصلہ بڑھانے کیلئے سوشل میڈیا کے تناظر میں جملے کہے۔

ان کا کہنا ہے کہ جملوں کو غلط رنگ دے کر عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

خیال رہے کہ آج سہ پہر 4 بجے آزاد کشمیر اور پاکستان کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس کے نتیجے میں اب تک 26 افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں جبکہ 300 کے قریب افراد زخمی ہیں۔