چین میں کورونا سے متاثرہ افراد کے قرنطینہ کیلئے مختص عمارت گر گئی، 10 افراد ہلاک

Building Collapses

Building Collapses

قرنطینہ (اصل میڈیا ڈیسک) چین کے صوبے فوجیان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کے قرنطینہ کے لیے مختص ہوٹل کی عمارت گرگئی جس کے باعث 10 افراد ہلاک ہو گئے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق چین کے جنوب مشرقی صوبے فوجیان میں گذشتہ روز ایک ہوٹل کی 5 منزل عمارت زمین بوس ہوگئی جس کے نتیجے میں 10 افراد ہلاک ہوگئے۔

رپورٹ کے مطابق ہوٹل میں کورونا وائرس کے مریضوں کو قرنطینہ میں رکھا گیا تھا اور عمارت میں کل 71 افراد موجود تھے جن میں سے 38 افراد کو زندہ نکال لیا گیا ہے جبکہ 23 افراد تاحال لاپتہ ہیں جن کی تلاش کا کام جاری ہے۔

عمارت گرنے کی وجوہات معلوم نہیں ہوسکی ہیں، مقامی حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں اور ہوٹل مالک کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ چین میں کورونا وائرس کے 52 نئے تصدیق شدہ کیسز سامنے آئے ہیں جب کہ مزید 28 افراد کورونا سے ہلاک ہوئے ہیں۔

چین میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی کل تعداد 3 ہزار 98 ہوچکی ہے جب کہ متاثرہ افراد کی تعداد 80 ہزار 703 ہے۔

متاثرہ چینی مریضوں میں سے 57 ہزار افراد صحت یاب ہوچکے ہیں جب کہ 20 ہزار سے زائد افراد ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔