چین نے دانستہ طور پر کرونا وائرس دنیا میں پھیلایا: امریکی ذمے دار

Peter Navarro

Peter Navarro

امریکا (اصل میڈیا ڈیسک) وائٹ ہاؤس میں تجارتی مشیر پیٹر نیوارو کا کہنا ہے کہ چین نے جان بوجھ کر بیجنگ اور شنگھائی کو محفوظ رکھتے ہوئے کرونا کے متعدی وائرس کو دنیا بھر میں پھیلنے دیا۔ نیوارو کے مطابق اس وائرس کو ووہان شہر میں ہی روکا جا سکتا تھا۔

انہوں نے یہ بات Fox Business Network کے زیر انتظام چینل “WSJ at Large” پر نشر ہونے والے ایک انٹرویو میں کہی۔

امریکی مشیر نے کہا کہ “چین نے اس وائرس کو عالمی ادارہ صحت کی ڈھال کے پیچھے چھپائے رکھا۔ چین نے اس وائرس کو قابو میں رکھنے کے بجائے لاکھوں متاثرین اور چینی باشندوں کو طیاروں میں سوار کر کے میلان، نیویارک اور دیگر شہروں کو بھیج دیا۔ چین نے ان افراد کو بیجنگ اور شنگھائی نہیں بھیجا”۔

ایک سوال کے جواب میں پیٹر نیوارو نے اس بات کو حقیقت قرار دیا کہ چین نے وائرس سامنے آنے کے بعد بہت سی اندرونی پروازیں تو روک دیں مگر بین الاقوامی پروازوں کو سفر کی اجازت جاری رکھی .. اس کا مطلب ہے کہ چین اس خطرے کے عرصے کو جان چکا تھا .. اس نے امریکا کے لیے اپنی کئی دیگر برآمدات کے ساتھ ساتھ وائرس برآمد کرنے کا سلسلہ بھی جاری رکھا۔