چین کے صوبے سنکیانگ میں دہشت گرد حملے، 31 افراد ہلاک

China

China

ارومچی (جیوڈیسک) چین کے صوبے سنکیانگ میں ہونے والے دہشت گرد حملوں میں 31 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوئے ہیں۔ جمعرات کی صبح 7 بج کر 50 منٹ پر چینی صوبے سنکیانگ کا دارالحکومت ارومچی دہشت گرد حملوں کا نشانہ بنا۔ پارک نارتھ اسٹریٹ کا بازاردھماکوں سے گونج اٹھا۔بازار پر اس وقت یکے بعد دیگرے کئی حملے کیے گئے جب خریداروں کا رش تھا۔ چینی میڈیا کے مطابق حملہ آور دو گاڑیوں پر آئے اور بازار پر دھماکا خیز مواد سے حملے کیے۔

حملے میں استعمال ہونے والی ایک گاڑی دکانوں سے ٹکرا کر تباہ ہو گئی، جس کے بعد حملہ آور با آسانی فرار ہو گئے۔ حملوں میں متعدد افراد کی ہلاکت ہوئی اور 90 سے زیادہ افراد زخمی ہوئے۔ چینی حکام نے حملے کو دہشت گرد حملہ قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی ہے اور تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ اس سے قبل بھی اسی ماہ چینی صوبے سنکیانگ کے ریلوے اسٹیشن پر دہشت گرد حملہ ہوا تھا جس میں 3 افراد ہلاک اور کئی زخمی ہوئے تھے۔