چینی سرمایہ کار پاکستانی بیوروکریسی سے نالاں

Pakistan China

Pakistan China

شنگھائی (جیوڈیسک) شنگھائی میں پاک چین توانائی فورم کے اجلاس میں چینی سرمایہ کاروں نے پاکستان میں سیکیورٹی کی صورتحال پر عدم اطمینان کا اظہار کر دیا اور بیوروکریسی کے خلاف شکایات کے انبار لگا دیئے۔ وزیراعظم نواز شریف نے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرا دی۔ انرجی کانفرنس ہوئی جس میں وزیراعظم نواز شریف کے ساتھ پنجاب اور بلوچستان کے وزرائے اعلی نے بھی شرکت کی۔

چینی تاجروں کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں لیکن بیوروکریسی ان کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ وزیراعظم نے پنجاب اور بلوچستان کے وزرائے اعلی کو چینی سرمایہ کاروں کے تحفظات دور کرنے کو کہا وزیر اعلی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک نے یقین دہانی کرائی کہ صوبے میں ہر ممکن سیکیورٹی فراہم کریں گے۔

چینی سرمایہ کاروں کی جانب سے کنٹریکٹ انفورسمنٹ معاہدے کرنے کے مطالبے پر وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف نے تمام معاہدوں پر ہر صورت عملدرآمد کی یقین دہائی کرائی۔ وزیر اعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ چینی منصوبوں پر عمل درآمد کے لیے ون ونڈو کی سہولت دیں گے۔ چینی سرمایہ کاروں نے کاشغر سے گوادر تک موٹروے تعمیر کرنے کی حامی بھر لی۔