چینی دستوں کی لداخ کے علاقے میں پیش قدمی

Chinese troops

Chinese troops

نئی دہلی (جیوڈیسک) چینی افواج نے علاقے کو مقبوضہ قرار دے کر بھارتی افواج کو علاقے سے نکل جانے کے بینر آویزاں کر دئیے۔ چین کی مسلح افواج کے دستوں نے بھارتی سرحدی علاقے کے مشرقی حصے میں داخل ہو کر بھارتی افواج کو مقبوضہ علاقے سے نکل جانے کیلئے بینر آویزاں کر دئیے ہیں۔ بھارتی ذرائع کے مطابق چینی افواج کی بھارتی علاقے میں مداخلت کا واقعہ 16 جولائی کو پیش آیا تاہم دونوں افواج کے دو دنوں تک ایک دوسرے کے آمنے سامنے آنے کے دوران کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا جس کے بعد چینی افواج واپس اپنے علاقوں میں پسپا ہوگئیں۔

ذرائع رپورٹس کے مطابق واقعہ کی اطلاع وزیراعظم آفس، وزارت دفاع، وزارت خارجہ اور بھارتی حکام کو دے دی گئی ہے جنہوں نے واقعہ کے حوالے سے تفصیلات معلوم کرنے کیلئے چینی حکام اور سپانگور گیپ کے علاقے کے کمانڈروں سے ملاقات کا مطالبہ کیا ہے۔ چین کی افواج اس سال 15 اپریل کو بھی لداخ کی سرحد عبور کرکے بھارتی علاقے میں داخل ہوگئی تھیں۔

جہاں پر انہوں نے بھارتی سرحد کے دس کلومیٹر اندر تک پیش قدمی کی اور اپنی ایک ایک پوسٹ قائم کر لی تھی۔ ذرائع کے مطابق چینی افواج کی لداخ کے علاقے میں پیش قدمی کے بعد بھارتی وزیر دفاع اے کے انتھونی نے چین کا دورہ کرکے وزیراعظم سے ملاقات کے دوران اس سرحدی تنازع کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے پر زور دیا تھا۔

چینی وزیراعظم نے بھارتی وزیر دفاع کو یقین دلایا تھا کہ مذاکرات کے ذریعے اس تنازع کا حل خوش آئند اور دونوں ملکوں کی ترقی کیلئے مفید ہے۔ بھارتی ذرائع کے مطابق چینی افواج نے اس مذاکراتی عمل کے بعد ایک بار پھر لداخ کے علاقے میں پیش قدمی کی ہے۔