اپنے شہر اور علاقہ کو خوبصورت و سرسبز و شاداب بنانے کیلئے زیادہ سے زیادہ پودے لگا کر انہیں پروان چڑھانے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔ مقبول احمد

جھنگ : ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن آفیسر مقبول احمد دھاولہ نے کہا ہے کہ درخت لگانا صدقہ جاریہ ہے اپنے شہر اور علاقہ کو خوبصورت و سرسبز و شاداب بنانے کیلئے زیادہ سے زیادہ پودے لگا کر انہیں پروان چڑھانے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔

یہ بات انہوں نے مجید امجد پارک میں بوتل پام کا پودا لگا کر شجر کاری مہم کا افتتاح کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر ڈی او زراعت شیخ انوار الحق، ڈی او فارسٹ چوہدری مدثر کے علاوہ محکمہ جنگلات کا عملہ اور مختلف سکولوں سے آئی ہوئی بچیاں اوربچے بھی موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ درخت لگانا ایک صحت مند مشغلہ اور منافع بخش سرمایہ کاری ہے درخت نہ صرف ماحول کو خوشگوار بناتے ہیں بلکہ اس سے انسان اپنی کئی ایک ضروریات زندگی بھی پوری کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کھیتوں میں شجر کاری کرنا سب سے بہترین بنک کاری ہے۔ لہٰذا زمینداروں اور کسانوں کوچاہیے کہ وہ اپنے کھیتوں میں زیادہ سے زیادہ پودے لگائیں۔ انہوں نے کہا کہ درخت لگا نا ہی کافی نہیں بلکہ ان کی دیکھ بھال کرنا بھی ضروری ہے۔ انہوں نے اس موقع پرکہا کہ مجید امجد پارک کو سرسبز اور خوبصورت بنانے کیلئے یہاں مزید پھولدار پودے لگا کر ان کی حفاظت کیلئے جنگلے نصب کرنے کے علاوہ کراس کٹنگ و صفائی ستھرائی کے نظام کو مثالی بنانے کیلئے ضروری اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ حالیہ شجر کاری مہم کے دوران رنگ روڈ(بائی پاس)،جھنگ گوجرہ روڈ اور سیٹلائیٹ ٹائون میں پبلک مقامات پردرخت لگا کر گرین بیلٹ بھی بنائے جائینگے۔ اس موقع پرڈی سی او کے علاوہ ڈی او زراعت ،ڈی او فارسٹ اور مختلف سکولوں سے آئے ہوئے طلباء و طالبات نے مختلف اقسام کے 50 پودے لگائے۔