شہر قائد کو بھتہ خوروں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑیں گے، عمران خان

Imran Khan

Imran Khan

کراچی(جیوڈیسک) تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کہاہے کہ حالیہ الیکشن میں1977 کی دھاندلی کو بھی مات دے دی ہے۔ امن کے لئے دہشت گردی کا خاتمہ ضروری ہے جس کے لئے طالبان سے مذاکرات کے حامی ہیں، لیکن زہرہ حسین کے قتل پر تحریک انصاف خاموش نہیں رہے گی۔روزنامہ دنیا کو خصوصی انٹرویو میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف نے تبدیلی کی جو لہر پیدا کی ہے وہ اب نہیں رکے گی۔

دھاندلی کے بل بوتے پر اقتدار میں آنے والی حکومتیں زیادہ دیر تک نہیں چلتیں کیونکہ ان کی ترجیح وہ ایجنڈا ہوتا ہے جس کے تحت انہیں لایا جاتا ہے۔ 11مئی کو کراچی سے خیبر تک تحریک انصاف جیت رہی تھی، لیکن رات کے اندھیرے میں سب کچھ تبدیل کر دیا گیا۔ عمران خان نے کہا کہ وہ طالبان سے مذاکرات کی بات کرتے ہیں، لیکن ہر کام آئین کے تحت ہو گا۔

وہ امریکا کے خلاف نہیں لیکن تعلقات برابری کی بنیاد پر ہونے چاہئیں۔ ڈرون حملے فوری طور پر رکنے چاہئیں اور اگر ایسا نہیں ہوا تو قوم اٹھ کھڑی ہو۔ عمران خان نے کہا کہ صرف تحریک انصاف ہی قومی مفادات کو سامنے رکھ کر بیرونی قوتوں سے بات کرنے جرت کر سکتی ہے۔ عمران خان نے کراچی کی صورتحال کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف شہر قائد کو دہشت گردوں اور بھتہ خوروں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑے گی۔

مخالفین کا مقابلہ سیاسی جدوجہد سے کیا جائے گا۔ انہوں نے برطانوی ہائی کمشنر سے بھی معاملات کو گہری نظر سے دیکھنے کے لئے کہا ہے۔ عمران خان نے کہا کہ وہ کراچی میں فوجی آپریشن کے خلاف ہیں، لیکن انتظامی مشینری کو غیر جانبدار کرنا ہو گا۔ حکومتی رٹ بحال کرنے کے لئے ضروری ہے کہ قانون کا شکنجہ سخت کیا جائے اور کسی کو قتل کرنے کا لائسنس نہیں دیا جانا چاہئے ۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف زہرہ حسین کے قاتل تک پہنچ کر دم لے گی۔