ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والی پارٹیوں کو نا اہل قرار دیا جائے ، امیر علی پٹی

کراچی : محب وطن روشن پاکستان پارٹی کے چیئرمین امیر علی پٹی والے نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ الیکشن کمیشن آئین کے مطابق آزادانہ غیر منصفانہ شفاف الیکشن کرانے اور آئین و قانون کے مطابق اپنے فرائض کی انجام دہی نہیں کرسکا اور اس میں اپنی ذمہ داری کو احسن انداز میں نبھانے میں ناکام نظر آیا جس طرح سے آئین کی شق 62,63 کے مطابق جانچ پڑتال میں کوتاہی کی گئی۔

اسی طرح ضابطہ اخلاق کی بھی دھجیاں اڑادی گئیں مگر الیکشن کمیشن کچھ نہ کرسکا ۔ الیکشن کمیشن کو چاہیے کہ وہ قانون کے مطابق خلاف ورزی کی مرتکب سیاسی جماعتوں اور اسکے نمائندوں کو نااہل قرار دے اور آئین کی پاسداری کرے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن میں بے تحاشہ پیسوں کی بھرمار ، اشتہارات ، پینا فلیکس اور الیکٹرونک میڈیا میں اربوں روپے خرچ کرنے والی پارٹیوں کو الیکشن کمیشن کیوں نوٹس جاری نہیں کرتا جو ضابطہ اخلاق کی کھلے عام دھجیاں بکھیری گئیں اور اسکے بعد الیکشن میں بد عنوانی اور دھاندلی پر سپریم کورٹ اور جنرل پرویز کیانی و دیگر اداروں کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے ان سب اداروں کو غیر جانبدارانہ کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔