کورونا لہر پر بند جامعات اور بورڈز پیر سے کھولنے کا فیصلہ

University Classrom

University Classrom

کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) سندھ حکومت نے کورونا وبا کی چوتھی لہر کے دوران سندھ بھر کی تمام جامعات، تعلیمی بورڈز اور ووکیشنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹس کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔

سندھ حکومت نے کورونا وبا کی چوتھی لہر کے دوران کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد بڑھنے پر بند کی جانے والی سندھ بھر کی تمام جامعات، تعلیمی بورڈز اور ووکیشنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹس 23 اگست بروز پیر سے کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔

جامعات، تعلیمی بورڈز اور ووکیشنل ٹریننگ اداروں میں50 فیصد طلبہ و طالبات پڑھنے آئیں گے اور 50 فیصد طلبہ وطالبات چھٹی پر رہیں گے، کراچی سمیت سندھ بھر کی جامعات ، تعلیمی بورڈز اور ووکیشنل ٹریننگ ادارے کورونا وبا سے حفاظتی اقدامات (ایس او پیز) پر سختی عمل کے تحت کھولے جائیں گے۔

صوبائی وزیر جامعات اور بورڈز اسماعیل راہو نے کہا ہے کہ جامعات، بورڈ اور ووکیشنل تربیتی ادارے 50 فیصد حاضری کے ساتھ پیر کو کھلیں گے، جامعات کے اساتذہ اور عملے کی ویکسی نیشن 100 فیصد لازمی ہونی چاہیے۔

اسماعیل راہو نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں آنے والے طلبہ و طالبات کو بھی ویکسی نیشن کرانی ہوگی،طالب علم، اساتذہ اور جامعات کا عملہ ہمہ وقت ویکسی نیشن کارڈ اپنے ساتھ رکھیں۔