کورونا: ملک میں 2 جون کے بعد ایک روز میں سب سے زیادہ اموات

Corona Deaths

Corona Deaths

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستان میں عالمی وبا کورونا سے مزید 95 افراد انتقال کر گئے اور 4720 نئے کیسز بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔

پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ (covid.gov.pk) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 57 ہزار 981 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 4720 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ وائرس سے 95 افراد انتقال کر گئے۔

سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 8.24 فیصد رہی۔

این سی او سی کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں 2 جون کو 92 اموات ریکارڈ ہوئی تھیں جبکہ گزشتہ روز ریکارڈ کی جانے والی اموات ملک میں جاری کورونا کی چوتھی لہر میں اب تک کی سب سے بڑی تعداد ہے۔

سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 23 ہزار 797 ہو گئی اور مجموعی کیسز 10 لاکھ 63 ہزار 125 تک جاپہنچے ہیں۔

اس کے علاوہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 4780 مریض کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے ہیں جس کے بعد مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 9 لاکھ 59 ہزار 491 ہو گئی ہے جب کہ فعال کیسز کی تعداد 79837 ہے۔