کورونا ازخود نوٹس کیس؛ زکوٰۃ اور بیت المال کے فنڈز میں بڑے پیمانے پر بے ضابطگیوں کا انکشاف

Supreme Court

Supreme Court

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) کورونا ازخود نوٹس کیس میں آڈیٹر جنرل آف پاکستان نے اپنی رپورٹ جمع کروا دی جب کہ رپورٹ میں آڈیٹر جنرل کی جانب سے زکوۃ اور بیت المال کے فنڈز میں بڑے پیمانے پر بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے۔

کورونا ازخود نوٹس کیس میں آڈیٹر جنرل آف پاکستان نے اپنی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ محکمہ زکوٰۃ کا کل بجٹ 7 ارب 38 کروڑ ہے، جس میں 13 فیصد کا سیمپل آڈٹ ہوا جو 96 کروڑ روپے بنتے ہیں، اس رقم میں سے 57 کروڑ روپے کی بے ضابطگیاں سامنے آئیں، آڈیٹر جنرل کے کیے گئے آڈٹ میں کل رقم کے 60 فیصد میں بے ضابطگیاں پائی گئیں۔

آڈیٹر جنرل کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ وفاق کے تحت اکٹھی ہونے والی زکوۃ میں 7 فیصد اسلام آباد کیپٹل اتھارٹی،سابقہ فاٹا اور گلگت بلتستان،57 فیصد پنجاب،24 فیصد سندھ،14 کے پی اور 5 فیصد بلوچستان کے لیے مختص ہے، بیت المال کا کل بجٹ 5 ارب ہے بیت المال کے بجٹ میں 3.1 ارب بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے، بیت المال کے کل بجٹ میں بے ضابطگیوں کی شرح 62 فیصد ہے۔