کورونا: پاکستان نے مزید 15 ممالک پر سفری پابندیاں عائد کر دیں

 Pakistan Travel Bans

Pakistan Travel Bans

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) کورونا وائرس کے پھیلاو کی روک تھام کیلئے سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے نیا سفری ہدایت نامہ جاری کر دیا ہے جس کے مطابق سی کیٹیگری میں شامل ممالک کی تعداد میں اضافہ کردیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق سی کیٹیگری میں شامل ممالک کی پاکستان آمد پر پابندی برقرار رکھی گئی ہے اور اس فہرست میں مزید 15 ممالک کا اضافہ کردیا گیا ہے جس کے بعد مجموعی ممالک کی تعداد 38 ہو گئی ہے۔

کیٹیگری سی میں سری لنکا، بھارت، بنگلا دیش، جنوبی افریقا، عراق، ایران سمیت 38 ممالک شامل ہیں۔

سی اے اے کے مطابق ان ممالک سے مسافروں کی آمد پر پابندی کی مدت میں توسیع کردی گئی ہے، کیٹیگری سی ممالک سےمسافروں کی آمد پرسفری پابندیاں 23 مئی سے تاحکم ثانی نافذالعمل رہیں گی، نئی ٹریول ایڈوائزری این سی او سی کے فیصلوں کے تناظر میں جاری کی گئی ہے۔

سی اے اے کے مطابق سی کیٹیگری کےعلاوہ تمام ممالک سےپاکستان آنیوالوں کا 72 گھنٹے قبل کورونا ٹیسٹ لازمی ہے، پاکستان کے تمام بین الاقوامی ائیرپورٹس پر تمام مسافروں کا ٹیسٹ لازمی ہو گا۔