کرونا کے خطرات میں کمی، سعودی شہریوں کو القطیف میں آمد ورفت کی اجازت

Saudi Citizens

Saudi Citizens

القطیف (اصل میڈیا ڈیسک) سعودی عرب کی وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ کرونا وبا کے خطرات میں کمی کے بعد آج جمعرات سے القطیف گورنری میں شہریوں کو آمد ورفت کی اجازت دی گئی ہے۔

سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی ‘ایس پی اے’ نے وزارت داخلہ کے ایک ذمہ دار ذریعے کے حوالے سے بتایا ہے کہ انسداد کرونا کی حکومتی مہم اور وزارت صحت کی طرف سے فراہم کردہ ہدایات کے بعد جمعرات سات رمضان المبارک سے القطیف گورنری میں آمد ورفت کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ فیصلے کے تحت شہریوں کو صبح نو بجے سے شام پانچ بجے تک القطیف میں آمد ورفت کی اجازت ہوگی۔ شہریوں کی نقل وحرکت کی اجازت کے ساتھ جن سرگرمیوں کو کرونا کے دوران جاری رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے وہ بدستور جاری رہیں گی۔

خیال رہے کہ کرونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر سعودی حکومت نے 8 مارچ کو القطیف گورنری میں باہر سے آمد ورفت پرپابندی عاید کردی تھی۔ القطیف سعودی عرب کا پہلا شہر ہے جہاں پر ایران سے لوٹنے والے متعدد افراد میں کرونا کی تصدیق کی گئی تھی۔

ادھر ایک دوسرے سیاق میں سعودی عرب کی وزارت صحت کے ترجمان محمد العبد العالی نے بدھ کے روز ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مملکت میں کرونا کے مزید 1325 کیسز سامنے ہیں۔