کرونا وائرس: امریکا میں مزید 922 اور برازیل میں 1005 اموات

Coronavirus - America

Coronavirus – America

واشنگٹن (اصل میڈیا ڈیسک) امریکا میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے سبب مزید 922 افراد کے فوت ہونے کا اندراج کیا گیا۔ یہ بات ہفتے کی صبح جونز ہوپکنز یونیورسٹی کی جانب سے جاری ہونے والے تازہ ترین اعداد و شمار میں بتائی گئی ہے۔ اس طرح ملک میں اب تک اس وبائی مرض کے سبب لقمہ اجل بننے والوں کی مجموعی تعداد 109000 سے تجاوز کر گئی ہے۔ امریکا میں اب تک کرونا کے 491000 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

واضح رہے کہ کرونا کے کیسوں اور اموات کی تعداد کے لحاظ سے امریکا دنیا میں سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے۔

امریکا میں صحت سے متعلق ماہرین کو اندیشہ ہے کہ آنے والے ہفتوں میں ملک میں اس وبا کی شدت کی ایک نئی لہر سامنے آ سکتی ہے۔ اس کی وجہ حالیہ پُر ہجوم مظاہرے ہیں جو امریکا کے 140 سے زیادہ شہروں میں دیکھے گئے۔

ادھر برازیل میں وزارت صحت کے بیان کے مطابق گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے سبب مزید 1005 افراد کی اموات اور 30830 نئے کیسوں کا اندراج ہوا ہے۔ اس طرح ملک میں اس وبائی مرض سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 35026 ہو گئی ہے۔ برازیل میں اب تک کرونا کے 645771 مصدقہ کیس سامنے آ چکے ہیں۔

دوسری جانب چین میں قومی صحت کمیشن کے اعلان کے مطابق چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک میں کرونا کے 3 نئے کیسوں کا اندراج ہوا ہے۔ تمام متاثرین ملک سے باہر سے آنے والوں میں سے ہیں۔ اس سے ایک روز قبل کرونا کے پانچ کیس سامنے آئے تھے۔

اس طرح چین میں کوویڈ-19 سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 83030 ہو گئی ہے جب کہ اس دوران اموات کی تعداد 4634 پر ٹھہری ہوئی ہے۔