کورونا وائرس: امریکا میں اموات کی تعداد 58 ہزار سے بڑھ گئیں

Coronavirus

Coronavirus

امریکا (اصل میڈیا ڈیسک) نئے کورونا وائرس سے دنیا بھر میں متاثرہ افراد کی تعداد 31 لاکھ 17 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ جبکہ یہ بیماری اب تک دو لاکھ 17 ہزار سے زائد انسانی جانیں لے چکی ہے۔

نئے کورونا وائرس کے سبب پیدا ہونے والی بیماری کووڈ انیس سے اب تک دنیا بھر میں 31 لاکھ 17 ہزار سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں۔ اس نئے وائرس کے بارے میں اعداد وشمار جمع کرنے والی امریکا کی جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق اس وائرس کے سبب ہونے والی بیماری کووڈ انیس اب تک دو لاکھ 17 ہزار سے زائد انسانی جانیں لے چکی ہے۔ دوسری طرف اس بیماری سے عالمی سطح پر صحت یاب ہونے والوں کی تعداد بھی نو لاکھ 29 ہزار ہو گئی ہے۔ کووڈ انیس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک بدستور امریکا ہے جہاں متاثرین کی مجموعی تعداد 10 لاکھ 12 ہزار ہو چکی ہے جبکہ وہاں اس سبب اموات کی تعداد 58 ہزار چار سو تک پہنچ چکی ہے۔

بھارت میں کورونا وائرس کے سبب اب تک 1007 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ اس انفیکشن سے متاثرین کی مصدقہ تعداد 31 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔ بھارتی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 73 افراد کی موت ہوئی جوکورونا وائرس کی وبا سے ایک دن میں ہلاک ہونے والوں کی اب تک کی سب سے بڑی تعداد ہے۔ وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ہرش وردھن کے مطابق کووڈ۔انیس سے متاثر ہونے والے مریضوں کی تعداد دوگنا ہونے کی شرح میں گراوٹ آئی ہے اور اب 10.9 دنوں میں یہ تعداد دوگنا ہورہی ہے جبکہ اس ماہ کے اوائل میں یہ شرح چار دن تھی۔ انہوں نے بتایا کہ صحت یاب ہونے والوں کی شرح 24.56 فیصد ہے اور اب تک 7696 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔

چین نے کورونا وائرس کی وبا کے حوالے سے امریکی الزامات کو مسترد کرتے ہوئے جوابی طور پر امریکا کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے صدر ٹرمپ کی تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ امریکی سیاست دان اپنی خراب کارکردگی سے لوگوں کی توجہ ہٹانے کے لیے چین پر الزام دھر رہے ہیں۔ صدر ٹرمپ نے پیر کے روز کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں بیجنگ حکومت کے کردار پر تحفظات کا اظہار کیا تھا۔ صدر ٹرمپ نے یہ بھی کہا تھا کہ امریکا چین سے معاشی نقصانات کے ازالے کے لیے معاوضہ ادا کرنے کا مطالبہ کرے گا۔