کرونا وائرس: امارت ابوظبی میں داخلے کے نئے قواعد و ضوابط کا اعلان

Corona Virus,Abu Dhabi

Corona Virus,Abu Dhabi

ابوظبی (اصل میڈیا ڈیسک) متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظبی کی حکومت نے امارت میں داخل ہونے کے خواہاں افراد کے لیے کرونا وائرس کے تشخیصی ٹیسٹوں سے متعلق نئے ترمیمی قواعد وضوابط جاری کیے ہیں۔یہ یکم فروری سوموار سے نافذ العمل ہوں گے۔

ابوظبی کی ایمرجنسی، کرائسیس اور ڈیزاسٹرکمیٹی نے کہا ہے کہ یواے ای کے شہریوں اور غیرملکی مکینوں کو پی سی آر کے ٹیسٹ کا منفی نتیجہ ملنے کے 48 گھنٹے کے اندرابوظبی میں داخل ہونے کی اجازت ہوگی۔جولوگ چاردن یا اس سے زیادہ ابوظبی میں قیام کریں گے، انھیں اپنی آمد کے بعد چوتھے روز لازمی پی سی آر ٹیسٹ کرانا ہوگا۔جو لوگ آٹھ روز یا اس سے زیادہ قیام کریں گے،انھیں آٹھویں روز ٹیسٹ کرانا ہوگا۔

کمیٹی کے مطابق جو شہری اور مکین کرونا وائرس کا ڈیفریکٹو فیزانٹرفرمیٹری (ڈی پی آئی) ٹیسٹ کراتے ہیں تو اس کا منفی نتیجہ ملنے کے 24 گھنٹے کے اندر وہ ابوظبی میں آسکتے ہیں۔ان میں سے جولوگ 48 گھنٹے یا اس سے زیادہ قیام کریں گے ،انھیں آمد کے تیسرے لازمی طور پر پی سی آر ٹیسٹ کرانا ہوگا۔سات دن یا اس سے زیادہ قیام کرنے والوں کو ساتویں روز ٹیسٹ کرانا ہوگا۔

کمیٹی نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ جو لوگ ٹیسٹ نہیں کرائیں گے،ان پر جرمانہ عاید کیا جائے گا۔اس کا کہنا ہے کہ اس فیصلے کا مقصد کرونا وائرس کوپھیلنے سے روکنے اور اس کے خاتمے کے لیے حفاظتی احتیاطی تدابیر کو مؤثر بنانا ہے۔

کمیٹی نے واضح کیا ہے کہ یو اے ای کے جن مکینوں نے کووِڈ-19 کی ویکسین لگوالی ہے،ان کا درجہ تبدیل کردیا جائے گا اور انھیں ویکسین کی دوسری خوراک کے 28 روز کے بعد ’’ای درجہ‘‘ دیا جائے گا۔ویکسین کی کلینکی جانچ کے تمام مراحل کو مکمل کرنے والے رضاکاروں کو گولڈ اسٹار دیا جائے گا۔

جن بین الاقوامی مسافروں نے قومی ویکسی نیشن کے پروگراموں کے تحت ویکسین لگوائی ہے اور وہ سبز درجہ کے حامل ممالک سے ابوظبی میں آرہے ہیں تو انھیں بھی اپنی آمد کے فوری بعد پی سی آر ٹیسٹ کرانا ہوگا۔انھیں اپنے قیام کے چھٹے روز دوسرا ٹیسٹ کرانا ہوگا لیکن انھیں قرنطین میں رہنے کی کوئی ضرورت نہیں ہوگی۔

سبز درجہ حامل ممالک کے سوا دوسرے ممالک سے جو بین الاقوامی مسافر ابوظبی میں آرہے ہیں، انھیں اپنی آمد کے آٹھویں روز پی سی آر ٹیسٹ کرانا ہوگا اور 10 روز تک قرنطین میں رہنا ہوگا۔