کورونا وائرس؛ یوم پاکستان آج سادگی کے ساتھ منایا جا رہا ہے

Pakistan Day

Pakistan Day

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) کورونا وائرس کے باعث ملک بھر میں آج یوم پاکستان سادگی کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔

کرونا وائرس کی وجہ سے قوم آج یوم پاکستان سادگی کے ساتھ منا رہی ہے، یوم پاکستان پر منعقد ہونے والی تمام سرکاری اور غیرسرکاری تقریبات منسوخ کی جا چکی ہیں تاہم دن کے آغاز پر مساجد، گرجا گھروں، مندروں اور گورودوارں میں عبادت کے دوران ملک کی سلامتی، ترقی خوشحالی اور خاص طور پر کورونا وائرس سے بچائو کیلئے دعائیں مانگی گئیں۔

قومی اعزازات کی مرکزی تقریب آج ایوان صدر میں ہونا تھی جس میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مختلف شخصیات کو عسکری و سول اعزازات سے نوازنا تھا، گورنر ہاؤسز میں ہونیوالی اعزازات کی تقاریب بھی منسوخ کر دی گئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق اعزازات کی تقریب صورتحال بہتر ہونے پر منعقد کی جائے گی، اسی طرح لاہورمیں مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب بھی نہیں ہوئی جب کہ واہگہ بارڈر، گنڈا سنگھ بارڈر پر قومی پرچم اتارے جانے کی تقریبات میں بھی شہری شریک نہیں ہو سکتے۔