کرپشن کے الزام میں معزول سوڈانی صدر کے خلاف عدالتی تحقیقات

Omar al-Bashir

Omar al-Bashir

سوڈان (جیوڈیسک) سوڈان کے معزول صدر عمر البشیر کے خلاف بدعنوانی، غیرملکی کرنسی قبضے میں رکھنے اور حرام مال کمانے کے الزامات کے تحت 31 جولائی سے باقاعدہ عدالتی تحقیقات شروع کی جا رہی ہیں۔

استغاثہ نے صدرعمر البشیر پر کرپشن، غیرملکی کرنسی اپنے پاس رکھنے اور قریبا 11 کروڑ تیس لاکھ ڈالر کے برابر حرام دولت جمع کرنے کا الزام عاید کیا تھا۔ یہ رقم ان کے گھرسے برآمد کی گئی تھی۔

قبل ازیں سوڈان کی عبوری عسکری کونسل کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل عبدالفتاح البرھان نے پراسیکیوٹر کی زیرنگرانی مسلح افواج، پولیس اور سیکیورٹی اداروں‌پر مشتمل ایک مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی تھی جسے سابق صدر عمرالبشیر کی کرپشن سے متعلق معلومات اکٹھی کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی تھی۔ تفتیش کے دوران اس ٹیم کو صدر عمرالبشیر کےگھر سے 70 لاکھ یورو، 3 لاکھ 50 ہزار ڈالر اور پانچ ارب سوڈانی پائونڈ ملے تھے۔

صدرعمرالبشیر کے وکلاء دفاع نے دو روز پیشتر ایک بیان میں کہا تھا کہ اپیل کورٹ میں جج کا تعین کردیا گیا ہے۔
معزول صدر کے خلاف مقدمہ کی کارروائی وسطی خرطوم میں کی جائےگی۔ شمالی خرطوم کی عدالت نے سیکیورٹی وجوہات کی بناء‌پر عمرالبشیر کے مقدمہ کی سماعت سے معذرت کر لی تھی۔