ملک کی ترقی کے لئے فوجی اور سیاسی قیادت ایک صفحے پر ہے، وزیراعظم

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

گوادر (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی کے لئے فوجی اور سیاسی قیادت ایک صفحے پر ہے۔ گوادر میں ترقیاتی منصوبوں سے متعلق اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ حکومت ملک کے سیاسی، سماجی اور معاشی مسائل کو حل کرنے کے لئے پرعزم ہے جب کہ پاکستان کی ترقی کے لئے فوجی اور سیاسی قیادت ایک ہی صفحے پر ہے، وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ گوادر شہر جتنی توجہ کا مستحق ہے اسے اتنی توجہ نہیں دی گئی، گوادر کو ہانگ کانگ اور سنگاپور کی طرز پر فری پورٹ ہونا چاہیے بلکہ اب تک اسے فری پورٹ بن جانا چاہئے تھا۔

بعدازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت اور فوج مل کر ملکی ترقی اور خوشحالی کے لئے کام کر رہی ہے اور سب مل کر ہی پاکستان کو مسائل سے نکالیں گے، وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں سڑکوں کا جال بچھانے کےلئے ترقیاتی کاموں پر کام جاری ہے جبکہ گوادر کے لئے نئی سیکیورٹی پالیسی کا اعلان کیا گیا ہے جس کے لئے آرمی چیف اقدامات کریں گے، انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں چائنیز انجینئرز کی سیکیورٹی کےلئے بھی اقدامات کی ہدایات کی ہیں، کاشغر کو گوادر سے ملانا چاہتے ہیں۔