ملک کو عمران خان کے نہیں اقتصادی لانگ مارچ کی ضرورت ہے :احسن اقبال

Ahsan Iqbal

Ahsan Iqbal

لاہور (جیوڈیسک) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ عمران خان نواز شریف سے استعفے کیلئے 48 گھنٹے کا الٹی میٹم دے کر آئے تھے اب وہ مان رہے ہیں کہ انگور کھٹے ہیں۔ پی ٹی آئی نئے پاکستان کا ٹریلر خیبر پختونخواہ میں چلائے۔

وفاقی وزیر احسن اقبال نے یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور میں ایک تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جاپان میں 50 سال سے ایک ہی جماعت حکومت کر رہی ہے ، پاکستان بھی سیاسی استحکام سےخطے کے دیگر ممالک کی طرح ترقی کر سکتا ہے۔

ملک کو صرف اقتصادی لانگ مارچ کی ضرورت ہے ، احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے نئے پاکستان کے نام پر ہیجان پیدا کر دیا ہے۔ بھارت میں بھی عام آدمی پارٹی احتجاجی سیاست کے مائنڈ سیٹ سے نہیں نکل سکی جس پر عوام نے اسے مسترد کر دیا۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ عمران خان طوفان بدتمیزی کی بجائے نوجوانوں کی تربیت کریں ، نعرے لگانے سے کوئی نہیں جاتا ، جو انقلاب شیخ رشید نے لانا ہے وہ کیا انقلاب ہوگا ، احسن اقبال نے کہا کہ ملک میں ایک درجن گروپس ایسے ہیں جو پی ٹی آئی سے بڑے جلسے کرسکتے ہیں ، عمران کا احتجاج ریکارڈ ہوچکا ہے وہ دھرنا ختم کریں ، اور ویسے بھی عمران خان نواز شریف سے استعفے کیلئے 48 گھنٹے کا الٹی میٹم دے کر آئے تھے اب وہ مان رہے ہیں کہ انگور کھٹے ہیں۔