ملک میں امن کیلئے مذاکرات کا عمل جار ی رہنا چاہیے، عمران خان

Imran Khan

Imran Khan

میانوالی (جیوڈیسک) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ طالبان سے 9 سال جنگ کی اگر مزید 9 سال بھی جنگ کریں توامن قائم نہیں ہوسکتا، ملک میں امن کے لئے مذاکرات کا عمل جار ی رہنا چاہیے۔پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران نے میانوالی میں میجر جنرل ثنا اللہ شہید کے گھر پہنچ کر تعزیت کی اور شہید کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔

اس موقع پر ذرائع سے بات چیت کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ پشاور میں چرچ پر حملہ صوبائی حکومت کی ناکامی نہیں ہے، اے این پی کی حکومت میں خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے 172 واقعات ہوئے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ اے پی سی کا بلانے کا مقصد طالبان سے مذاکرات کر کے ملک میں امن قائم کرنا ہے۔ طالبان سے 9 سال جنگ کی اور اگر مزید 9 سال بھی جنگ کریں تو امن قائم نہیں ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں امن قائم کرنے کے لئے مذاکرات کا عمل جاری رہنا چاہیے۔