ملک لوٹنے والے اور ترقی کے مخالف ٹولے کو پاکستان کے سترہ کروڑ عوام نے مستردکرکے ثابت کردیا کہ عوام تبدیلی چاہتے ہیں

میاں چنوں : ملک لوٹنے والے اور ترقی کے مخالف ٹولے کو پاکستان کے سترہ کروڑ عوام نے مستردکرکے ثابت کردیا کہ عوام تبدیلی چاہتے ہیں پاکستان کی تقدیر سے کھیلنے والوں کو اب کہیں جگہ نہیں ملے گی میاں نواز شریف اور میاں شہبازشریف کی قیادت میں پاکستان ترقی کی طرف گامزن ہوگا۔

پیر محمداسلم بودلہ اور دیگر مسلم لیگی امیدواروں کی جیت میاں چنوں کے عوام کا ان پر بھرپور اعتماد ہے جس کو اپنی عملی خدمت سے سابقہ محرومیوں کے خاتمہ میں کردار اداکرکے ثابت کردیں گے کہ زندہ دلان کا شہر ہے ان خیالات کا اظہار چوہدری محمد اقبال ، ارشاد حسین سابق کونسلر نے پیر محمد اسلم بودلہ اوردیگر مسلم لیگی امیدواروں کی کامیابی کے سلسلہ میں بستی مسان میں عظیم الشان ظہرانہ سے خطاب میں کیا۔

انہوںنے کہاپورے پاکستان سے میاں نوازشریف اور میاں شہبازشریف پر جس طرح قوم نے اعتماد کیا دراصل میاں صاحبان پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کی ضمانت ہے جو عوامی طاقت سے ملک میں جاری بحرانوں کے خاتمہ سمیت ملک میں جاری نام نہاد دہشت گردی کی جنگ کے خاتمہ سمیت ملک کو درپیش مسائل مہنگائی بے روزگاری کو ختم کرکے دم لیں گے۔

پاکستان مسلم لیگ کے ورکرز پاکستان کا سرمایہ ہے جس کے نوجوانوں نے جدوجہد کرکے پاکستان حاصل کیا اب ملکی سلامتی کے لیے ان کا کردار قابل تحسین ہے جنہوںنے انتھک کوشش کرکے کرپٹ حکومت کی رخصتی کے لیے جدوجہد کی انہوں امید ظاہر کی کہ نومنتخب نمائندے میاں چنوں کے عوام کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرتے ہوئے ان کے ساتھ نچلی سطح پر رابطوں میں رہتے ہوئے بہتری کے لیے اپنا کردار اداکریں گے تاکہ سابقہ محرومیوں کا ازالہ ہوسکے۔