ملک میں دہشت گردی کے خلاف دس سال سے جنگ جاری ہے، میاں افضل

مصطفی آباد/للیانی : ملک میں دہشت گردی کے خلاف دس سال سے جنگ جاری ہے، ملک میں امن کیلئے مذاکرات کا راستہ تلاش کیا جانا چاہئے۔ ہمیں امریکہ سے زیادہ توقعات وابستہ رکھنے کی بجائے ملک کو اپنے پیروں پر کھڑا کرنا ہوگا اور اپنی پالیسز بھی ترتیب دینا ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار رہنما تحریک انصاف میاں افضل جتالہ نے اپنے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ گذشتہ ماہ 9 ستمبر کو وزیر اعظم محمد نواز شریف کی سربراہی میں اے پی سی میں تمام سیاسی و فوجی قیادت ایک پیج پر اکٹھی ہو گئی تھی۔

ہمیں طالبان سے مذاکرات دبائو میں آئے بغیر کرنا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایمنسٹی انٹرنیشنل رپورٹ نے پاکستان میں ڈرون حملوں کے ذریعے قتل عام پر امریکہ کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف مطالبہ کرتی ہے کہ ان غیر قانونی ہلاکتوں کو جنگی جرائم میں شامل کیا جائے۔ ڈرون حملے پاکستان کی خود مختاری اور بین الاقوامی قوانین کی بھی خلاف ورزی ہے۔ ڈرون حملے بند کرنے کے حوالے سے ایک اچھی کوشش ہے اور پاکستان کے کیس کو مزید اچھے طریقے سے پیش کرنے کی ضرورت ہے۔