ملک بھر میں آج بھی موسم خشک اور گرم رہے گا، محکمہ موسمیات

Weather

Weather

اسلام آباد (جیوڈیسک) محکمہ موسمیات نے ملک ملک بھر میں آج بھی موسم خشک اور گرم رہنے کی پیشگوئی کی ہے، جنوبی پنجاب اور زیریں سندھ میں درجہ حرارت 45 ڈگری سے بھی بڑھ جانے کا امکان ہے۔

ملک بھر میں موسم شدید گرم ہے،آگ برساتے سورج سے انسان تو انسان جانور بھی پریشان ہیں اور سایا دارجگہوں میں رہنے کو ترجیح دے رہے ہیں۔ محکمہ موسمیات نے مزید گرمی کی پیش گوئی کردی ہے۔ سندھ کے بیشتر علاقوں میں درجہ حرارت 48 سے بھی تجاوز کر گیا ہے۔

شدید گرمی کی وجہ سے برف کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔ پنجاب اور بلوچستان میں بھی گرمی کی لہر برقرار ہے۔ شدید گرمی میں ٹھنڈے ٹھنڈے مشروبات کی طلب بھی بڑھ گئی ہے۔ بہاول نگر کے چڑیا گھر میں جانور بھی گرمی کے ہاتھوں تنگ آئے ہوئے ہیں۔خیبرپختونخوا میں گرمی کی وجہ سے دن کے اوقات میں بازاروں میں رش کم رہتا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے زیادہ تر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہیگا۔ 2 سے 3 روز کے دوران میدانی علاقوں میں گرمی کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے۔خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر کے بالائی علاقوں میں تیز ہوائیں چلنے اور آندھی کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔