عدالت کا قواعد کے مطابق نیا چیئرمین سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ تعینات کرنے کا حکم

Sindh High Court

Sindh High Court

کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) سندھ ہائی کورٹ نے چیئرمین سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ آغا سہیل پٹھان کو عہدے سے ہٹانے اور قواعد کے مطابق نیا چیئرمین تعینات کرنے کا حکم جاری کر دیا۔

آغا سہیل پٹھان کی تعیناتی کے خلاف پرویز احمد بلوچ نے دراخوست دائر کی تھی۔

وکیل درخواست گزار کا کہنا تھا کہ مئی 2021 میں سندھ کابینہ نے تین سال کے لیے پرویز احمد بلوچ کو چیئرمین مقرر کیا تھا، چیف سیکریٹری سندھ نے تین سالہ مدت پوری ہونے سے پہلے ہی آغا سہیل کو نیا چیئرمین مقرر کردیا۔

درخواست گزار نے عدالت سے مطالبہ کیا کہ چیف سیکرٹری سندھ نے اپنے اختیارات کا غلط استعمال کیا لہذا آغا سہیل پٹھان کی تعیناتی کو کالعدم قرار دیا جائے۔

وکیل سندھ حکومت نے کہا کہ درخواست گزار پرویز احمد بلوچ کو سندھ حکومت سینئر مینجمنٹ کورس پر بھیج رہی ہے، درخواست گزار نے بھی اس حوالے سے رضا مندی ظاہر کر دی ہے۔

وکیل سندھ حکومت کا کہنا تھا کہ پرویز احمد بلوچ کی جانب سے دائر درخواست غیر مؤثر ہو چکی ہے۔

عدالت نے چیئرمین سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ آغا سہیل پٹھان کے خلاف درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے انہیں ڈی نوٹیفائی کرنے کا حکم جاری کر دیا۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں لکھا کہ تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد چیئرمین سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ کے عہدے پر تعیناتی کی جائے، جب تک مستقل چیئرمین تعینات نہ ہو جائے کسی کو بھی عارضی طور پر بطور چیئرمین تعینات نہ کیا جائے۔

عدالت نے سندھ حکومت کو دو ہفتوں میں تمام امور مکمل کرنے کا بھی حکم دے دیا۔