کرکٹ ورلڈکپ: پاکستانی شاہین لنکا ڈھانے کا عزم لیے آج میدان میں اتریں گے

Pakistan vs Sri Lanka

Pakistan vs Sri Lanka

اٹنگھم (جیوڈیسک) آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستانی شاہین سری لنکن شیروں پر جھپٹنے کیلئے تیار ہیں، دونوں ٹیموں کے درمیان ٹورنامنٹ کا اہم میچ آج برسٹل میں کھیلا جائے گا۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ہونے والا یہ میچ بارش سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ڈھائی بجے شروع ہو گا۔

جمعرات کو دونوں ٹیموں نے برسٹل کاؤنٹی گراؤنڈ میں جم کر پریکٹس کی، پاکستان کے بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور کہتے ہیں کہ کامیابی کے تسلسل کو جاری رکھا جائے گا جبکہ سری لنکن کپتان کرونا رتنے بھی اچھی کارکردگی کیلئےپُراُمید ہیں۔

کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم نے اب تک دو میچ کھیلے ہیں،دونوں مختلف، ویسٹ انڈیز کے خلاف صرف 105 رنز پر ڈھیر، دوسرے میچ میں ہاٹ فیورٹ انگلینڈ کو 14 رنز سے مات دے دی۔

اب گرین شرٹس کو ایک اور امتحان درپیش ہے اور وہ ٹیم سری لنکا کے مدمقابل آرہی ہے۔ لنکا ڈھانے کے مشن کو مکمل کرنے کیلئے گرین شرٹس نے برسٹل میں بھرپور پریکٹس سیشن کیا۔

بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور کہتے ہیں کہ کھلاڑیوں کی توجہ مکمل طور پر کھیل پر مرکوز ہے اور اُنہیں ذمے داری کا احساس بھی ہے، توقع ہے کہ وننگ پرفارمنس دیں گے ۔

گرانٹ فلاور نے کہا کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان اچھا مقابلہ ہوگا، انگلینڈ کا میچ جیتنے کے بعد پریشر کافی کم ہوا ہے، ممکن ہے سری لنکا کیخلاف بغیر کسی تبدیلی کے ہی ٹیم میدان میں اتاریں۔

دوسری جانب سری لنکن ٹیم نے بھی پاکستان کے خلاف میچ کیلئے پریکٹس کی، اُن کے کپتان دمتھ کرونا رتنے کہتے ہیں کہ وہ اچھی کارکردگی کیلئے پُراُمید ہیں۔

اس میچ کے بارش سے متاثر ہونے کا خدشہ بھی ہے، جمعرا ت کو بھی بارش کی پیش گوئی تھی ، بادل آئے، ذرا سا برسے اور پھر چلے گئے۔

خیال رہے پاکستان ورلڈ کپ میں اب تک دو میچز کھیل چکا ہے جس میں سے اسے ایک میں کامیابی اور ایک میں شکست ہوئی ہے۔

سری لنکا نے بھی دو میچز کھیلے ہیں اور ایک میں کامیابی دوسرے میں ناکامی کا منہ دیکھ چکی ہے۔ ٹورنامنٹ میں پیش قدمی کیلئے دونوں ٹیموں کیلئے یہ میچ انتہائی اہم ہے۔