اقرار جرم کے باوجود لاڈلے کو چھوڑ دیا جاتا ہے: نواز شریف

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

لاہور (جیوڈیسک) سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کا کہنا ہے انصاف کے دو پیمانے اور ناانصافی نہیں چلے گی، پاکستان ایسا ملک ہونا چاہیے جہاں انصاف کا ترازو واقعی انصاف کا ترازو ہو۔ انہوں نے کہا میرا احساب تب سے ہو رہا ہے جب کالج پڑھتا تھا، مخالفین کے بارے میں کہہ دیا گیا کہ 5 سال سے پیچھے نہیں جانا۔ ان کا کہنا تھا اقرار جرم کے باوجود لاڈلے کو چھوڑ دیا جاتا ہے، عدل کی تحریک کامیاب ہونے تک کارکن ڈٹے رہیں۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سوشل میڈیا کنونشن سے سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا دنیا بھر میں حکومت بنانے کا اختیار عوام کے پاس ہے لیکن پاکستان میں ایسا نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کچھ کا بینیفشل ہونا جائز اور کچھ کا جرم ہے، ایک خاندان پر بے بنیاد الزامات ڈال کر کئی کئی ریفرنس دائر کر دیئے گئے لیکن دوسروں کے ہر جھوٹ اور بددیانتی پر پردہ ڈال دیا جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا شکر ہے یہ نہیں کہا گیا کہ عمران خان یہ تمھارے اثاثے نہیں، نواز شریف کے ہیں، جن کو نا اہل ہونا چاہئے تھا وہ بچ گئے۔

نواز شریف نے کہا نون لیگ آئندہ الیکشن میں تاریخی کامیابی حاصل کرے گی، ملک سے لوڈشیڈنگ اور دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کر دیا۔ انہوں نے کہا میرے خلاف فیصلے سے ملک میں ترقی رک چکی ہے، ترقی کا اوپر جانے والا گراف اب پتا نہیں کہاں جائے گا۔ سابق وزیراعظم نے کہا نون لیگ کے علاوہ کوئی ترقی کا کریڈٹ نہیں لے سکتا، ملک میں موٹرویز کا جال بچھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا اب ہم پیچھے کی طرف نہیں جا سکتے، آگے جائیں گے، کیا ایسی کوئی عدالت ہے جو مشرف کے جرم کا حساب لے، وزیراعظم کو بیٹے سے خیالی تنخواہ وصول کرنے پر نا اہل کیا گیا، آج تک کہیں ایسا فیصلہ نہیں سنا گیا۔

سوشل میڈیا کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے مزید کہا نواز شریف نے کہا امپائر کی انگلی دیکھنے والے پھر شکست کھائیں گے، عمران خان الیکشن 2018 میں ایل بی ڈبلیو، کیچ نہیں بلکہ کلین بولڈ ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا مجھے معلوم نہیں تھا ہزاروں میں لوگ آئیں گے، آپ کا جذبہ دیکھ کر لگا کل الیکشن ہو رہے ہیں، یہی جذبہ رہا تو مخالفین کے منصوبے دھرے کے دھرے رہ جائیں گے۔ انہوں نے کہا میرے پیغام کو گھروں تک لے کر جانا ہے، یہ ایجنڈا پاکستان کی تعمیر کا ہے۔