موجودہ حکومت کی پالیسیاں ملکی معیشت کی بحالی میں بہت فائدہ مند ثابت ہونگی، سلمان صدیق

اسلام آباد : معروف ماہر اقتصادیات سلمان صدیق نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کی پالیسیاں ملکی معیشت کی بحالی میں بہت فائدہ مند ثابت ہونگی ۔وزیراعظم نواز شریف کے حالیہ دورہ ترکی سے پاکستان میں بڑے پیمانے پر غیر ملکی سرمایہ کاری ہوگی۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف نے ترکی کیساتھ مفاہمت کی کئی یادداشتوں پر دستخط کئے ہیں جن میں ان تمام شعبوں کی واضح نشاندہی کی گئی ہے جن میں ترک سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کر سکتے ہیں۔

سلمان صدیق نے کہاکہ نواز شریف نے ترک کاروباری شخصیات اور تاجروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع کے امکانات کا جائزہ لینے کی دعوت دی ہے اور خاص طور پر توانائی، ہائوسنگ، تعمیرات، بنیادی ڈھانچے، ٹیکسٹائل، کارگو انڈسٹری اور تیل و گیس کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے امکانات کا جائزہ لینے کیلئے کہا ہے۔ وزیراعظم نواز شریف کا مشترکہ ایوان صنعت و تجارت قائم کرنے کا اعلان دوطرفہ تجارت اور اقتصادی سرگرمیوں کے حوالہ سے اچھی بات ہے۔