ایک دن میں 969 مریض ہلاک، اٹلی میں اموات اب نو ہزار سے زائد

 Italy Death

Italy Death

روم (اصل میڈیا ڈیسک) اٹلی میں کورونا وائرس کے باعث ایک دن میں تقریباﹰ ہزار اموات کے بعد وہاں ہلاکتیں نو ہزار سے زائد ہو گئی ہیں۔ اس وائرس کے مریضوں کی عالمی تعداد پونے چھ لاکھ سے زائد جبکہ ہلاکتیں بھی تقریباﹰ ساڑھے چھبیس ہزار ہو چکی ہیں۔

اطالوی دارالحکومت روم میں ملک کے شہری دفاع کے ادارے نے جمعہ ستائیس مارچ کی شام بتایا کہ اٹلی میں کورونا وائرس کی نئی قسم کے مریضوں کی مجموعی تعداد چار ہزار چار سو کے اضافے کے ساتھ اب ساڑھے چھیاسی ہزار ہو گئی ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ اٹلی نے ان مریضوں کی تعداد کے حوالے سے اب چین کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے، جہاں سے اس وبائی مرض کا آغاز ہوا تھا۔

اٹلی کی شہری دفاع کی ایجنسی نے بتایا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے لگنے والی بیماری کے ہاتھوں یورپی یونین کے رکن اس ملک میں صرف آج جمعے کے روز مزید 969 مریض انتقال کر گئے۔ یوں اٹلی میں کووِڈ انیس کی وجہ سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد بھی اب نو ہزار ایک سو سے تجاوز کر گئی ہے۔

یہ تعداد دنیا بھر میں کورونا وائرس کی وجہ سے کسی ایک ملک میں انسانی ہلاکتوں کی سب سے زیادہ تعداد ہے، جو چین میں اسی وجہ سے اموات کا تقریباﹰ تین گنا بنتی ہے۔ اس کے علاوہ اٹلی میں آج مزید تقریباﹰ ایک ہزار مریضوں کی موت کووِڈ انیس کی وجہ سے کسی بھی ملک میں صرف ایک دن میں آج تک ریکارڈ کی گئی سب سے زیادہ تعداد بھی ہے۔

عالمی ادارہ صحت نے جمعے کی شام دنیا بھر میں کووِڈ انیس کے مریضوں کی تعداد کے نصف ملین سے زائد ہو جانے کی تصدیق کرتے ہوئے اپیل کی کہ تمام متاثرہ ممالک میں طبی شعبے کے ان کارکنوں کی حفاظت کے لیے زیادہ سے زیادہ حفاظتی ساز وسامان مہیا کیا جانا چاہیے، جو لاکھوں مریضوں کی جانیں بچانے کی انتھک کوششیں کر رہے ہیں۔

ساتھ ہی ڈبلیو ایچ او کے ڈائریکٹر جنرل نے خبردار کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ متاثرہ ممالک کو مریضوں کے علاج کے لیے ایسی ادویات استعمال کرنے سے بھی گریز کرنا چاہیے، جن کا کووِڈ انیس کے خلاف مؤثر اور کارگر ہونا ابھی ثابت نہیں ہوا۔

امریکا کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کی کورونا وائرس کے پھیلاؤ سے متعلق ڈیٹا بیس کے مطابق عالمی وقت کے مطابق جمعے کی شام سات بجے تک دنیا کے کُل 176 ممالک اور خطوں میں کووِڈ انیس کے مصدقہ کیسز کی مجموعی تعداد پونے چھ لاکھ سے زائد ہو چکی تھی اور تب تک تقریباﹰ ساڑھے چھبیس ہزار مریضوں کا انتقال بھی ہو چکا تھا۔ اب تک جو مریض اس بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں، ان کی مجموعی تعداد ایک لاکھ اٹھائیس ہزار سے زائد بنتی ہے۔

امریکا اس وقت اس مرض سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے، جہاں مریضوں کی مجموعی تعداد چورانوے ہزار سے اوپر ہو چکی ہے جبکہ امریکا میں ہلاکتوں کی تعداد بھی اب ساڑھے چودہ سو کے قریب بنتی ہے۔ امریکا کے بعد کووڈ انیس کے مریضوں کی موجودہ ملکی تعداد اس وقت اٹلی میں ساڑھے چھیاسی ہزار، چین میں بیاسی ہزار، اسپین میں چونسٹھ ہزار، جرمنی میں انچاس ہزار اور ایران میں بتیس ہزار سے زائد بنتی ہے۔