ڈیڈلاک چلتا رہا تو ملک میں سیاسی تصادم کا خطرہ ہے: سیاسی جرگہ

Political Jirga

Political Jirga

اسلام آباد (جیوڈیسک) امیر جماعت اسلامی اور سیاسی جرگہ کے رکن سراج الحق کا کہنا ہے کہ پوری قوم سیاسی بحران کا حل چاہتی ہے ، کوشش ہے کہ فریقین کو ایک میز پر بٹھائیں ، رحمان ملک کہتے ہیں ڈیڈلاک چلتا رہا تو ملک میں سیاسی تصادم کا خطرہ ہے ، حاصل بزنجو نے کہا بھارت مریخ پر پہنچ گیا ہم دھرنوں سے نہیں نکل رہے۔

عوامی تحریک ، تحریک انصاف اور حکومت کے درمیان ثالثی کا کردار ادا کرنے والے سیاسی جرگے کے ارکان نے ڈیڈ لاک سے متعلق اپنے بلائے گئے اجلاس کے بعد بات کی۔ سیاسی جرگے کے رکن اور جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے اپنی گفتگو میں کہا سیاسی جرگہ اب تک 41 ملاقاتیں کر چکا ہے پوری قوم سیاسی بحران کا حل چاہتی ہے۔

جرگہ کا کام ہے کہ ڈیڈ لاک کو ختم کرے اور فریقین کو ایک میز پر بٹھائے۔ جرگے کے دوسرے رکن سابق وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا فریقین کو مل کر مسئلے کا حل نکالنا چاہئے۔ حکومت اور تحریک انصاف ہوش سے کام لیں ڈیڈ لاک چلتا رہا تو ملک میں سیاسی تصادم کا خطرہ ہے۔

صوبہ بلوچستان سے جرگے کے رکن حاصل بزنجو کہتے ہیں سیاسی جرگے نے ڈیڈ لاک کی صورتحال کی نشاندہی کی ہے۔ حاصل بزنجو کا کہنا ہے بھارت مریخ پر پہنچ گیا ہم دھرنوں سے نہیں نکل رہے ، دھرنوں سے ملکی معیشت کو نقصان پہنچ رہا ہے۔