متحدہ کا وفد جمعرات کو وزیر اعظم کی دعوت پر ان سے ملاقات کرے گا، اعلامیہ ایم کیو ایم

MQM

MQM

کراچی (جیوڈیسک) ایم کیو ایم کے اعلامیے کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے متحدہ قومی موومنٹ سے اعلیٰ ترین سطح پر رابطہ کیا گیا جس میں انہیں وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کی دعوت دی گئی جسے ایم کیو ایم کی اعلیٰ قیادت نے قبول کر لیا۔

ایم کیو ایم کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق وفاقی حکومت کے اہم رہنماؤں نے ایم کیو ایم سے اعلیٰ سطح پر رابطہ کیا جس میں انہیں موجودہ سیاسی صورتحال کے حوالے سے وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کی باضابطہ دعوت دی گئی جسے ایم کیو ایم کی اعلیٰ قیادت نے قبول کر لیا اور جمعرات کو ایم کیو ایم کا وفد ایوان وزیر اعظم میں نواز شریف سے ملاقات کرے گا۔

واضح رہے کہ ملک کا سیاسی درجہ حرارت اس وقت اپنے عروج پر ہے، ایک جانب عمران خان نے 14 اگست کو آزادی مارچ کا اعلان کر رکھا ہے تو دوسری جانب طاہر القادری نے حکومت کے خلاف دوسرا محاذ کھول رکھا ہے اور دونوں جماعتوں نے اگست کو حکومت کا آخری مہینہ قرار دیا ہے۔

اس تمام تر صورتحال سے نپٹنے کے لئے مسلم لیگ (ن) اور حکومتی نمائندے مختلف سیاسی جماعتوں سے رابطے کر رہے ہیں جبکہ اس سلسلے میں وزیر اعظم نواز شریف نے قومی اسمبلی میں قائد حزب ختلاف سید خورشید شاہ، مولانا فضل الرحمان، آفتاب احمد خان شیرپاؤ سے ملاقات کی جبکہ دیگر وزرا بھی مختلف سیاسی جماعتوں سے رابطے کر رہے ہیں۔