پی ایس او کے نادہندہ ہونے کے خدشات بڑھ گئے

PSO

PSO

کراچی (جیوڈیسک)رقم کی ادائیگی کے لیے پی ایس او کی دھائیوں کے باوجود حکومت کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگی، جمعرات تک پی ایس او کے دیوالیہ ہونے کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔پی ایس او کو دیوالیہ ہونے سے بچنے کے لیے ہر دن8 ارب روپے کی ادائیگیاں کرنی ہیں ، غیر ملکی سپلائرز نے رقم نہ ملنے کی صورت میں فرنس آئل کی فراہمی بند کرنے کی دھمکی دے دی۔

ملک میں بجلی گھروں کو فرنس آئل کی فراہمی رکنے کا خدشہ پیدا ہوگیا ،جس سے ملک میں بجلی لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ بڑھ سکتا ہے۔مختلف اداروں نے پی ایس او کو 158 ارب روپے ادا کرنے ہیں۔اِن اداروں کی طرف سے ادائیگیاں نہ ہونے پر حکومت نے رقم دینے کی گارنٹی دے رکھی ہے۔

مگر گزشتہ دن حکومت نے صرف 5 ارب روپے اداکر کے ہی اپنے کان بند کرلیے۔ پی ایس او کے مطابق حالیہ بحران سے نکلنے کے لیے اسے فوری طور پر 50 ارب روپے کی ضرورت ہے۔