محکمہ زراعت قصور کے زیر اہتمام ڈینگی آگاہی سیمینار اور واک کا اہتمام

قصور(محمد عمران سلفی سے)محکمہ زراعت قصور کے زیر اہتمام گزشتہ روز ضلع کونسل ہال میں ڈینگی آگاہی سیمینار اور واک کا اہتمام کیا گیا ۔ جس کی صدارت ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر قصور محمد شاہد نے کی جبکہ اس موقع پرای ڈی او زراعت چوہدری بشیر احمد ‘اینٹا مالوجسٹ محمد خرم ابراہیم ‘ڈی او لائیو سٹاک ڈاکٹر محمد اشرف خالد ‘ڈسٹرکٹ آفیسر واٹر مینجمنٹ اللہ دتہ منصور ‘ڈی او فاریسٹ محمد خلیل ‘ڈسٹرکٹ آفیسر زراعت (توسیع ) ‘ڈی او فشریز ‘اسسٹنٹ ڈائریکٹر فشریز ‘اے ڈی ایل جی ‘ڈی او وائلڈ لائف ‘محکمہ پاپولیشن ویلفیئر ‘کو آپریٹوز ‘بلڈنگ ‘فنانس اینڈ پلاننگ’محکمہ زراعت زرخیزی زمین اور دیگر محکموں کے افسران و ملازمین اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔ ضلع کونسل ہال میں ڈینگی آگاہی کے متعلق تمام محکمہ جات کی طرف سے بینرز اور فلیکسز آویزاں کئے گئے تھے جن پر ڈینگی کو تلف کرنے کے متعلق مختلف پیغامات درج تھے۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر محمد شاہد نے کہا کہ ہم ڈینگی سے بچائو اور اس کے تدارک کیلئے اپنے ارد گرد کے ماحول کو مکمل طور پر صاف رکھیں اور گھروں کے اندر ‘چھتوں ‘پودوں کی کیاریوں ‘گملوں ‘پرانے برتنوں اور ٹائروں میں پانی جمع نہ ہونے دیں اور لوگوں میں زیادہ سے زیادہ ڈینگی سے بچائو بارے اختیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت پر زور دیں کیونکہ اس موذی مرض کو ہم سب نے ملکر مات دینی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈینگی کا سد باب فالتو پانی کو ختم کر کے ہی ہو سکتا ہے اور اس کیلئے ضلعی انتظامیہ کی تمام محکموں کیساتھ ملکر بھرپور مہم کامیابی سے جاری ہے ۔ اینٹا مالوجسٹ محمد خرم ابراہیم نے ڈینگی کی علامات اور اس کے تدارک کے حوالے سے تفصیل کے ساتھ روشنی ڈالی۔اس موقع پر دیگر مقررین نے بھی ڈینگی سے بچائو بارے اپنے اپنے خیالات کا اظہار اور ٹوٹکے پیش کئے ۔ بعدازاں ایڈیشل ڈسٹرکٹ کلکٹر محمد شاہد کی قیادت میں ضلع کونسل ہال سے چوک کوٹ غلام محمد تک ایک واک کا اہتمام کیا گیا جس میں تمام محکمہ جات کے افسران ‘ملازمین اور شہریوں کی کثیر تعد اد نے شرکت کی۔