دفترخارجہ کی جانب سے غیرملکی سیاحوں کے قتل کی مذمت

Foreign Office

Foreign Office

اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان نے گلگت بلتستان کے علاقے دیامر میں غیر ملکی سیاحوں پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی ہے، ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ دہشت گرد چین اور دوست ملکوں کے ساتھ پاکستان کے بڑھتے ہوئے تعلقات کو خراب کرنا چاہتے ہیں۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے واقعے کی مکمل تحقیقات اور مجرموں کو جلد گرفتار کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان دہشت گردی کے اس ظالمانہ فعل پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتا ہے اور دہشت گردی کا نشانہ بننے والوں کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کرتا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف نے غیر انسانی اور ظالمانہ کارروائیوں کی مذمت کی ہے اور واقعے کی مکمل تحقیقات کا حکم دیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم کے معاون خصوصی نے چین اور یوکرین کے سفیروں سے رابطہ کیا ہے اور ان کے سیاحوں کے قتل پر مذمت کی۔ سیکرٹیری خارجہ نے بھی چین اور یوکرین کے سفیروں کو ٹیلی فون کرکے حکومت پاکستان کی جانب سے تعزیت کی۔