اضلاع کی خبریں 11.7.2013

ملکی معاشی ترقی پائیدارامن سے مشروط ہے:بیرسٹر علی اشرف مغل

گوجرانوالہ(جی پی آئی)پاکستان تحریک انصاف گوجرانوالہ کے راہنماء بیرسٹر علی اشرف مغل نے کہا ہے کہ ملکی معاشی ترقی پائیدار امن سے مشروط ہے جس کے لئے حکومت پاکستان کو چیئرمین پی ٹی آئی کی تجاویز کی روشنی میں نہ صرف امریکہ کی دہشت گردی کے خلاف خودساختہ جنگ سے باہر نکلنا ہوگا بلکہ صوبہ خیبر پختونخواء اور فاٹامیں امریکی جارحیت کے متاثرین اور بلوچستان میں ناراض بلوچوں سے مذاکرات کے ذریعہ حالات بہتر بنانا ہونگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی ٹی آئی این اے 95 کے دفترمیں منعقدہ ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔بیرسٹرعلی اشرف مغل نے کہا کہ ملک میں جمہوریت وقت گذرنے کے ساتھ ساتھ مستحکم ہورہی ہے اوراس کا تقاضہ ہے کہ جمہوری حکومتیں عوام کی ترجمانی کرتے ہوئے معاشرہ میں پائی جانے والی انارکی ختم کرنے کیلئے عملی جدوجہد کریں۔خیبرپختونخواء میں پی ٹی آئی کی حکومت نے انقلابی اقدامات کا آغاز کر دیا ہے اور انشاء اللہ جلد ہی یہ صوبہ تعلیم اورصحت کے میدان میں باقی صوبوں کیلئے ایک مثال بن جائے گاجس کی تقلید سب کریں گے۔ انہوںنے کہاکہ خیبرپختونخواء میں امن وامان کی بحالی وفاقی حکومت کی ذمہ داری ہے اورجب تک ڈرون حملوں کی جارحیت بند اور طالبان گروپوں کے ساتھ بامقصد مذاکرات نہیں کئے جاتے وہاں پائیدار امن قائم نہیں ہوسکتا۔ بیر سٹر علی اشرف مغل نے کہاکہ اب وقت آچکاہے کہ حکومت ملکی مفاد میں انقلابی فیصلے کرے اور امریکہ اوراس کے اتحادیوں کی خواہشات کو رد کر کے ملک وقوم کی بہتری کیلئے اقدامات کئے جائیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
میں پنجاب اسمبلی میں بھی اپنی بار کے وکلاء کی نمائیدگی کرتا ہوں اور کرتا رہوں گا:چوہدری رفاقت گجر
گوجرانوالہ(جی پی آئی) مقامی ہوٹل میں ان کے اعزاز میں اعشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری رفاقت حسین گجر ایڈووکیٹ MPAنے کہا کہ میں پنجاب اسمبلی میں بھی اپنی بار کے وکلاء کی نمائیدگی کرتا ہوں اور کرتا رہوں گا۔ اور میں انشاء اللہ کل بھی وکیل تھا اور آج بھی وکیل ہوں۔ دی لائرز فورم کا ممبر ہوں اور ایک عدنا سا رکن ہو ں اور میں تمام ممبر کا جنہوں نے میرے اعزاز میں اعشائیہ دیا ہے اُن ساتھوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں اس موقعہ پر مہر یونس، شہزاد وڑائچ، عرفان گجر، امتیاز رسول چیمہ، علی ذوالقرنین چیمہ، سید ندیم ابرار شاہ ایڈووکیٹس نے خطاب کیا۔ انڈی پنڈیٹ لائرفورم (ILF) رانا شاہد بلال خاں ایڈووکیٹ ہائیکورٹ نے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن گوجرانوالہ جوائیٹ سیکرٹری کی سیٹ کے لیے سال 2014-15الیکشن لڑنے کا اعلان کر دیا ہے۔ چوہدری فیاض الحسن گوندل ایڈووکیٹ ہائیکورٹ (صدر ڈیسنٹ گروپ آف ینگ لائرز ) نے ڈسڑکٹ بار ایسوسی ایشن گوجرانوالہ کی نائب صدر کی سیٹ کے لیے سال 2014-15 الیکشن لڑنے اعلان کر دیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
صوبائی حکومت رمضان بازاروں میں عوام کو سستی اشیاء فراہمی کے لئے اربوں کی سبسڈی دے رہی ہے:چوہدری محمداشرف علی انصاری
گوجرانوالہ (جی پی آئی)صوبائی حکومت رمضان بازاروں میں عوام کو سستی اشیاء فراہمی کے لئے اربوں کی سبسڈی دے رہی ہے۔ رمضان سستے بازاروں میں عوام کو سستی اور معیاری اشیائے ضروریہ فراہم کرکے ان کوبھرپور ریلیف فراہم کرینگے ن لیگ عوام سے کئے وعدے کو ہر صورت نبھائے گی۔ ان خیالات کا اظہار رکن صوبائی اسمبلی چوہدری اشرف علی انصاری نے دھلے چوک میں قائم رمضان بازار کا دورہ کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سستا بازار کے انچارج نے انہیں بریفنگ دی۔ رکن اسمبلی نے مختلف سٹالوں کا معائنہ کیا اور بازار میں صفائی ستھرائی کے انتظامات کا جائزہ لیا انہوں نے سستا رمضان بازار میں آنیوالے شہریوں سے بھی گفتگو کی اور ان سے مسائل دریافت کئے اور انتظامیہ کو فوری حل کی ہدایات جاری کیں۔ چوہدری اشرف علی انصاری نے سستا بازار میں قائم سٹالوں پر فروخت ہونیوالی اشیاء کی کوالٹی بھی چیک کی اور دکانداروں سے بھی ان کے مسائل بارے پوچھا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ منافع خوروں اور غیر معیاری اشیاء فروخت کرنیوالوں کا محاسبہ کرکے ان کو جیل بھجوائیں گے۔ شہریوں کو ریلیف دینے کیلئے تمام تر وسائل استعمال کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ میاں برادران کی زیر قیادت عوام سے کئے وعدے ہر صورت پورے کرکے ملکی بحرانوں کا خاتمہ کرے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
صوبائی وزراء رمضان بازاروں کے دورے کریں اور عوام کو ارزاں نرخوں پر اشیائے صرف کی فراہمی یقینی بنائیں: وزیراعلیٰ
لاہور(جی پی آئی) وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے رمضا ن المبارک میں عوام کیلئے 4 ارب روپے کے خصوصی پیکیج کا اعلان کیا ہے جس کے تحت صوبہ بھر میں 350 رمضان بازاروں میں عوام کو معیاری اشیائے صرف سستے داموں فراہم کی جا رہی ہیں، رمضان بازاروں کے علاوہ عام مارکیٹ میں بھی عوام کو سستا آٹا مہیا کیا جا رہا ہے۔ وزیراعلیٰ نے صوبائی وزراء کو ہدایت کی کہ وہ رمضان بازاروں کا معائنہ کرکے اس بات کو یقینی بنائیں کہ شہریوں کو معیاری اشیاء مقررہ نرخوں پر فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی نمائندے اور متعلقہ افسران بھی رمضان بازاروںکے دورے کریں۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک برکتوں اور رحمتوں کا مہینہ ہے، تاجر حضرات عوام کو سستے داموں اشیاء فراہم کرکے اللہ تعالیٰ کی خوشنودی حاصل کریں۔ انہوں نے کہا کہ ذخیرہ اندوزوں اور گرانفروشوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ حکومت نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹوں کو پوری طرح متحرک کر دیا ہے اور کابینہ کمیٹی روزانہ کی بنیاد پر رمضان المبارک کے دوران قیمتوں کی مانیٹرنگ کر رہی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سیدمنورحسن نے بھارت کی طرف سے تین گنا بڑا ڈیم تعمیر کرنے کے منصوبے پر سخت تشویش کا اظہارکیا
لاہور(جی پی آئی)امیر جماعت اسلامی پاکستان سیدمنورحسن نے بھارت کی طرف سے دریائے چناب پر بگلیہار ڈیم سے تین گنا بڑا ڈیم تعمیر کرنے کے منصوبے پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ وزیر اعظم پاکستان کو بھارت کی پاکستان دشمنی کو سامنے رکھتے ہوئے بھارت سے معاملات طے کرنے چاہئیں۔ بھارت چالیس سال سے پاکستان کو آبی جارحیت کا نشانہ بنا رہاہے۔ سندھ طاس معاہدے کے مطابق دریائے چناب ،جہلم اور سندھ پاکستان اور راوی، ستلج اور بیاس بھارت کے حصے میں آئے تھے اور طے پایا تھاکہ بھارت یا پاکستان ایک دوسرے کے دریائوں پر بند باندھ کر نہ پانی چوری کریں گے اور نہ ہی دریائوں پر کوئی ایسی تعمیر کی جائے گی جس سے پانی کے بہائو میں رکاوٹ ہو لیکن بھارت مسلسل اس معاہدے کی خلاف ورزی کر رہاہے اور اب تک پاکستانی دریائوں پر پانچ درجن کے قریب چھوٹے بڑے ڈیم تعمیر کر کے دریائوں کو خشک اور پاکستان کو بنجر بنانے کی شازشوں میں مصروف ہے جبکہ پاکستانی حکمران بھارت کے پاکستان دشمن اقدامات سے آنکھیں بند کر کے اس سے دوستی اور تجارت کے لیے مرے جارہے ہیں۔ سیدمنور حسن نے کہاکہ بھارت دریائے چناب پر ڈیم بناکر اس سے پیدا ہونے والی بجلی پاکستان کو فروخت کرناچاہتاہے جبکہ حکومت پاکستان کی طرف سے ابھی تک اس ڈیم کی تعمیر کو رکوانے کے لیے کوئی کوشش سامنے نہیں آئی بلکہ بھارت سے بجلی خریدنے کے معاہدے کیے جارہے ہیں جس سے شہ پا کر بھارت ڈیموں کی تعمیر جاری رکھے ہوئے ہے۔ سید منورحسن نے کہاکہ ہمارے حکمرانوں کا بھارت نواز رویہ ناقابل فہم ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت نے پاک افغان سرحد پر ڈیڑھ درجن کے قریب تخریب کاری کے کیمپ قائم کررکھے ہیں اور ان کیمپوں سے روزانہ درجنوں تخریب کار پاکستان میں دہشتگردی اور تخریب کاری کی کارروائیاں کرکے معصوم پاکستانیوں کا قتل عام کررہے ہیں۔ پاکستانی اداروں کے پاس بلوچستان کے حالات خراب کرنے میںبھارت کے ملوث ہونے کے ناقابل تردید ثبوت موجود ہیں لیکن حکمران پاکستان کو نقصان پہنچانے اور اسے عدم استحکام کا شکار کرنے کے بھارتی ہتھکنڈوں کو ناکام بنانے کی بجائے اس کی بالادستی قبول کرنے اور اسے پسندیدہ نیشن قرار دینے کے لیے بے چین ہیں۔ سیدمنورحسن نے کہاکہ ہندو بنیا تجارت کے نام پر پاکستان کی معیشت کو تباہ کرنے کے در پے ہے۔ انہو ں نے کہاکہ بھارت کے ساتھ تجارت پاکستانی صنعت اور زراعت کے لیے موت کا پیغام لے کر آئے گی۔ بھارت نے 65سال سے ایک کروڑ سے زائد کشمیری مسلمانوں کی آزاد ی کو سلب کر رکھا ہے اورتحریک آزادی کو دبانے کے لیے اب تک ایک لاکھ سے زائد کشمیریوں کو درندگی اور بربریت کے ذریعے موت کے گھاٹ اتارچکا ہے ۔ ہزاروں کشمیری نوجوانوں کو بھارتی قابض فوج کے انویسٹی گیشن سنٹروں میں بدترین تشدد کا نشانہ بنایا جارہاہے۔ کشمیریوں کے باغات گھر اور مساجد کو نذر آتش کیا جارہاہے اور کشمیر میں آٹھ لاکھ بھارتی فوج بدترین ریاستی دہشتگردی اور نسل کشی سمیت جدوجہد آزادی کو دبانے کے لیے ہر طرح کے حربے استعمال کررہی ہے۔ سید منورحسن نے کہاکہ حکمران مسئلہ کشمیر اور بھارت کی آبی جارحیت کو پس پشت ڈال کر بھارت سے تجارت اور اسے انتہائی پسندیدہ ملک قرار دینے سے باز رہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
مصر کے عوام نے اپنے پاکیزہ خون کی قربانیوں اور شہادتوں سے رمضان المبارک کا استقبال کیاہے
لاہور(جی پی آئی)جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے لاہور میں عرب طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مصر کے عوام نے اپنے پاکیزہ خون کی قربانیوں اور شہادتوں سے رمضان المبارک کا استقبال کیاہے۔ مصری عوام شیطانوں اور فرعونوں کے خلاف جمہوری، انسانی اور اسلامی حقوق کے لیے بر سر پیکار ہیں۔ دنیا بھر کے انصاف پسند عوام مصری فوجی انقلاب کی مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ صدر مرسی کی فوجی بغاوت کے ذریعے معزولی جمہوریت اور جمہوری قوتوں کے لیے بڑا دھچکا اور صدمہ ہے۔ مصری عوام طویل آمریت سے نجات کے بعد نئی آمریت اور نئے فرعونوں سے نجات کے لیے احتجاجی مظاہرے کر رہے ہیں یہ ان کاآئینی، جمہوری اور قومی حق ہے ۔ امریکہ اور یورپ دوہری اور دوغلی پالیسی کے ساتھ مصر میں فوجی آمریت کی حمایت کررہے ہیں۔ امریکہ نے مصر میں فوجی انقلاب کے ذریعے مصری عوام کو تقسیم کرنے کی سازش کی ہے ۔ جرمن اور برطانوی وزیراعظم، مصر کی سلفی پارٹی الفضیلت اور الوسط پارٹی کی طرف سے مصر میں فوجی انقلاب کی مخالفت اور مصر میں مارشل لاء کے خلاف بلجیئم نے اپنا سفیر واپس بلا لیاہے اور مصر کی کابینہ کے تجارت، تعلیم اور اوقاف کے وزراء مستعفی ہو کر احتجاجی مظاہروں میں شریک ہو گئے ہیں ۔ مصر میں فوجی انقلاب کے خلاف عوام کی جمہوری مزاحمت کامیاب ہو گی اور مصر کے نئے فرعون دریائے نیل میں غرق ہو جائیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ مصر میں فوجی مدد سے ناجائز عبوری حکومت کے آتے ہی مصر کے دروازے اہل غزہ کے لیے بند کر دیئے گئے ہیں ۔ ایک دفعہ پھر غزہ مکمل حصار میں ہے۔ رفحم کراسنگ سیل کرنے سے لاکھوں انسانی زندگیاں پھر خطرے میں پڑ گئی ہیں جس سے بڑا انسانی المیہ رونما ہوسکتاہے۔ انہو ں نے کہاکہ عالمی ادارے اور امریکہ و یورپ مصر میں انسانوں کے قتل عام کی سرپرستی چھوڑ دیں وگرنہ پوری دنیا از سر نو شدت، انتہا پسندی او ر دہشتگردی کا شکار ہو جائے گی۔ عالم اسلام خواب غفلت سے بیدار ہو اور مشرق وسطیٰ کی سلامتی اور امن کو درپیش نئے چیلنج کا جواب دے۔ دریں اثنا لیاقت بلوچ 2 رمضان المبارک کو جامع مسجد گلبرگ میں ماہ رمضان المبارک کی فضیلتوں کے موضوع پر خطاب کریں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کنٹونمنٹ ایریا میں بلدیاتی الیکشن ہوسکتے ہیں تو پنجاب کے باقی حصوں میں کیوں نہیں؟ راجہ اظہر
لاہور (جی پی آئی)ق لیگ لاہور کے ایڈیشنل جنرل سیکرٹری راجہ اظہر نے کہا ہے کہ عدالتی حکم کے مطابق کنٹونمنٹ ایریا میں بلدیاتی الیکشن اگر ہوسکتے ہیں تو پنجاب کے باقی حصوں میںکیوں نہیں ؟انہوں نے کہا کہ کنٹونمنٹ حکام کی طرف سے بلدیاتی الیکشن کروانے سے متعلق عدلیہ کے فیصلے پر عمل کرنا خوش آئند ہے مگر افسوس منتخب جمہوری حکومت الیکشن کروانے سے متعلق عدالتی حکام کی مسلسل دھجیاں اڑا رہی ہے، انہوں نے کہا کی ماضی میں ہمیشہ فوجی حکمرانوں نے بلدیاتی الیکشن کروائے جمہوری حکومتوں کو اس کی کم ہی توفیق ملی ،انہوں نے مطالبہ کیا کہ صوبہ بھر میں بلا تاخیر بلدیاتی الیکشن کے شیڈول کا اعلان کیا جائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ایبٹ آباد کمیشن نے2مئی کے ذمہ دارافراد کاتعین نہ کرکے انہیں تحفظ فراہم کیا ہے:جماعت اسلامی پنجاب
لاہور(جی پی آئی)ممبر صوبائی اسمبلی و پارلیمانی لیڈر اور امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہا ہے کہ ایبٹ آباد کمیشن کی تین سوچھتیس صفحات پر مشتمل رپورٹ نے2مئی کے ذمہ داران کے نام نہ لے کر بظاہر انہیں تحفظ فراہم کیا ہے۔اس واقعہ نے بہت سی دفاعی خامیوں کو قوم کے سامنے اجاگر کیاہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ ان خامیوں پر پردہ ڈالنے کی بجائے دور کیا جائے۔امریکی ایک گھنٹہ تک پاکستانی حدود میں رہ کر کاروائی کرتے رہے اور بحفاظت واپس چلے بھی گئے مگر کسی کو پتہ تک نہیں چلا۔ ایبٹ آباد کمیشن کی رپورٹ وزیراعظم آفس سے چوری ہونے کی بھی تحقیقات ہونی چاہئیں۔ انہوں نے کہاکہ کابینہ کی دفاعی کمیٹی قومی سلامتی کونسل کامتبادل نہیں۔ملک کے آٹھ خفیہ ادارے آپس میں عدم تعاون پر عمل پیرا ہیں۔جوائنٹ سروسز ہیڈکواٹر کو موثر بنانا ہوگا ۔ایبٹ آباد جیسے واقعات دوبارہ وقوع پذیر نہ ہوں اس کے لئے ہمیں سٹیٹ کے اداروں کے جمہوری کنٹرول پر سکیورٹی اور خفیہ ایجنسیوں پر سول نگرانی کو مضبوط کرنا ہوگا۔رپورٹ کے غیر ملکی میڈیا کے ذریعے منظرعام پر آنا انتہائی قابل مذمت ہے۔انہوں نے کہاکہ مشرف حکومت امریکی غلامی میں مکمل طور پر اندھی ہوکر حسین حقانی کے ذریعے امریکی جاسوسوں کوبھی ویزے دیتی رہی۔یہی وجہ ہے کہ ریمنڈڈیوس جیسے افراد کھلم کھلابے گناہ افراد کو اپنی گاڑیوں تلے روندھتے رہے اور حکمران ان کوبھگانے میں مددکرتے رہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کوعسکری اور سول امداد کا پیکج امریکیوں کے لئے ویزے میں نرمی سے مشروط تھا۔ایبٹ آباد آپریشن کئی محاذوں پر پاکستان کے اداروں کی ناکامی ثابت ہوا۔ اس میں سیاسی و عسکری قیادت کو بری الذمہ قرار نہیں دیا جاسکتا۔پاکستان کی آزادی،خودمختاری اور سلامتی سب کچھ امریکہ کے پاس گروی رکھ دی گئی ہے۔ڈاکٹر سید وسیم اختر نے مزید کہاکہ ڈرون حملوں کی اجازت کے حوالے سے جنرل(ر)پرویز مشرف کا اعترافی بیان آن ریکارڈ ہے جوکہ ملک و قوم سے غداری کے زمرے میں آتاہے انہیں اپنے کیے کی سزا ضرور ملنی چاہئے۔ نظریہ ضرورت کو ہمیشہ کے لئے دفن اور قول وفعل میں تضاد ختم کرکے ہی ہم ملکی عزت وقار کوبحال اور بقاء کو یقینی بناسکتے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
الیکشن میں دھاندلی ہوئی یورپی یونین کے موقف کو مسترد کرتے ہیں’ کامل علی آغا
لاہور(جی پی آئی) ق لیگ کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سینیٹر کامل علی آغا نے کہا ہے کہ عام انتخابات 2013 کو یورپی یونین کی طرف سے شفاف قرار دیئے جانے کے موقف کو مسترد کرتے ہیں، بادی النظر میں یورپی یونین والے بھی دھاندلی میں ملوث نظر آتے ہیں۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ جس الیکشن کو اس کے تمام سٹیک ہولڈر شفاف تسلیم کرنے کیلئے تیار نہیں انہیں یورپی یونین والے کس طرح شفاف قرار دے سکتے ہیں؟ انہوں نے یورپی یونین کی طرف سے الیکشن کو شفاف قرار دیئے جانے پر اپنے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یورپی یونین نے الیکشن دھاندلی پر مختلف جماعتوں کی طرف سے وائٹ پیپر جاری کرنے کی مذمت کی ہے ہم ان کے اس رویے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ حزب مخالف کے تحقیقاتی مواد کی مذمت کرنا یورپی یونین کا اپنے دائرہ کار سے تجاوز اور غیر اخلاقی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ریکارڈ دھاندلی ہوئی سابق نگران وزیراعلیٰ پنجاب نجم سیٹھی آن ریکارڈ کہہ چکے ہیں کہ پنجاب کی بیورو کریسی براہ راست رائے ونڈ سے ہدایات لیتی تھی اور رپورٹیں دیتی تھی۔ اس کے ساتھ تمام جماعتیں دھاندلی کی تحقیقات کیلئے قومی کمیشن بنانے کا مطالبہ کر چکی ہیں جس پر تاحال عمل نہیں ہوا ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
لاہور(جی پی آئی) پاکستان برائلر فارمرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین رانا عبدالستار نے کہا ہے کہ سیکرٹری لائیو سٹاک کی طرف سے فیڈ ایکٹ منظوری کے لئے اسمبلی کو بھجوانا خوش آئند ہے، ایک بیان میں انہوں نے کہا فیڈ ایکٹ کے لاگو ہونے سے پولٹری فارمرز نقصان سے بچ جائیں گے اور صارفین کوبھی سستا گوشت بھی مہیا ہو سکے گا، سیکرٹری لائیو سٹاک نے پاکستان برائلر فارمر ایسوسی ایشن کے چیئرمین کو گزشتہ روز ملاقات میں یقین دلایا ہے کہ ایسوسی ایشن کی تمام سفارشات پولٹری ایکٹ میں شامل کی گئی ہیں ایسوسی ایشن نے سیکرٹری لائیو سٹاک کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولٹری فارمرز کے لئے ماہ رمضان میں ایک بہت بڑا انعام ہے، رانا عبدالستار نے مزید کہا کہ ایسوسی ایشن پولٹری فارمرز کی فلاح وبہبود کے کام ہمیشہ ایسے اقدامات اٹھاتی رہے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پنجاب حکومت کی غفلت کے باعث بہاولپور کے 6 ہزار مستحقین 4 کروڑ روپے کی زکواة سے محروم ہو گئے
لاہور (جی پی آئی)ق لیگ پنجاب کے بہاولپور پی پی 276 سے رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر محمد افضل نے ضلع بہاولپور کے 6 ہزار مستحقین میں 4 کروڑ روپے کی زکواة تقسیم کرنے میں ناکامی کو مجرمانہ غفلت اور لاپروائی قرار دیتے ہوئے پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں تحریک التوائے کار جمع کروادی ہے ،انہوں نے کہا کہ زکواة کی تقسیم قانونی ہی نہیں مذہبی اور اخلاقی فریضہ بھی ہے جس سے پہلو تہی کی گئی اگر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا جاتا تو 4 کروڑ روپے LAPS ہونے سے بچ جاتے اور ماہ مقدس میں 6 ہزار مستحقین زکواة کی کچھ نہ کچھ مدد ہو جاتی، انہوں نے کہا کہ ایک طرف مستحقین کی مدد کے لیے اربوں روپے کی سبسڈی دینے کے اعلانات کیے جاتے ہیں دوسری جانب مستحقین کا حق ان تک پہنچانے کے حوالے سے مجرمانہ غفلت کا ارتکاب کیا جاتا ہے، انہوں نے سپیکر پنجاب اسمبلی سے استدعا کی کہ مفاد عامہ کے اس انتہائی اہم مسئلہ پر ان کی تحریک کو باضابطہ قرار دیکر بحث کروائی جائے تاکہ غفلت کے مرتکب افراد کا محاسبہ ہو سکے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیرترقی خواتین پنجاب حمیدہ وحیدالدین کامنڈی بہاؤالدین ، ملکوال اور گوجرہ کے رمضان بازاروںکا دورہ
لاہور(جی پی آئی) وزیر ترقی خواتین پنجاب حمیدہ وحیدالدین نے کہا ہے کہ حکومت نے رمضان المبارک میں اشیائے خوردونوش کی ارزاں نرخوں پر فراہمی کے لئے صوبہ بھر میں رمضان بازاروں کا اہتمام کیا گیا ہے جس لئے پانچ ارب روپے کی سبسڈی دی جارہی ہےـوہ آج یہاں منڈی بہاؤالدین، گوجرہ اور ملکوال میں رمضان بازاروں کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کررہی تھیں ـ ڈی سی او منڈی بہاؤالدین بھی ان کے ہمراہ تھےـ صوبائی وزیر نے رمضان بازاروں میں فراہم کی جانے والی اشیاء کی فراہمی اور معیار کا جائزہ لیاـ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ سستے رمضان بازاروں میں عوام الناس کو معیاری اشیاء کی فراہمی کو یقینی بنائیں اور کسی بھی شکایت کا فوری طور پر ازالہ کریںـ انہوں نے کہا کہ وہ رمضان المبارک میں گوجرانوالہ ڈویژن میں لگائے جانے والے سستے رمضان بازاروں کا ذاتی طور پر دورہ کریں گی اور اشیاء کی فراہمی اور قیمتوں پر کنٹرول کو یقینی بنائیں گیـصوبائی وزیر نے کہا کہ رمضان بازاروں میں کرپشن ، اقرباء پروری اور غیر معیاری اشیاء کی فروخت کے سدباب کے لئے ضلعی سطح پر دس رکنی جبکہ ہر رمضان بازار کے لئے پانچ رکنی خصوصی کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں جو اشیاء خوردونوش کے نرخوں ، معیار اور وزن کی مانیٹرنگ کریں گیـ انہوں نے کہا کہ پیشہ ور خریداروں پر بھی کڑی نظر رکھی جائے گی تاکہ وہ غرباء اور حقیقی مستحق افراد کا حق نہ چھیننے پائیںـ انہوں نے ہدایت کی کہ رمضان بازاروں میں سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں اور متعلقہ محکموں کے نمائندے ہمہ وقت بازاروں میں عوام کی رہنمائی اور شکایات کے ازالہ کے لئے موجود رہیں گےـ
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دہشت گردی کی اس بہیمانہ کارروائی کے پس پردہ جمہوریت دشمن اور انتہا پسند ذہنیت
لاہور( جی پی آئی) پیپلز پارٹی لاہور کی صدر ثمینہ خالد گھرکی اور لاہور کے سیکرٹری اطلاعات عابد حسین صدیقی نے بلال شیخ کے بہیمانہ قتل پر شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کی اس بہیمانہ کارروائی کے پس پردہ جمہوریت دشمن اور انتہا پسند ذہنیت ہے جس سے لوگوں کو اپنے عزم واتحاد کیساتھ روکنا ہوگا۔ اس طرح کے بزدلانہ اقدامات ہمارے حوصلے پست نہیں کرسکتے۔ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں ہمارے عزم کو متزلزل نہیں کرسکتے۔ انہوں نے جمہوریت کی بحالی کیلئے بلال شیخ کی جدوجہد پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں جگہ دے اور ان کے اہل خانہ کو یہ ناقابل تلافی نقصان برداشت کرنے کا حوصلہ عطا فرمائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دہشت گرد ہمیں عوام کی خدمت، جمہوریت کے تحفظ اور ملک کی بقاء کی جدوجہد سے الگ نہیں کرسکتے
لاہور( جی پی آئی) پنجاب اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر قاضی احمد سعید نے کہا ہے کہ دہشت گرد ہمیں عوام کی خدمت، جمہوریت کے تحفظ اور ملک کی بقاء کی جدوجہد سے الگ نہیں کرسکتے۔ بلال شیخ کا قتل پیپلز پارٹی کیلئے بڑا نقصان ہے، بلال شیخ نے ملکی بقا کیلئے پیپلز پارٹی کی قربانیوں کا ایک اور باب رقم کردیا۔ پیپلز پارٹی کے رہنمائوں اور کارکنوں نے جمہوریت کی بحالی اور پاکستان کی بقاء کیلئے اپنی جانیں قربان کی ہیںاور آئندہ بھی کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، دہشت گردوں کی مذموم کوششیں پہلے بھی ناکام ہوئی ہیں اور آئندہ بھی انہیں منہ کی کھانا پڑے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
مسلم لیگ ن کے اقتدار میں آنے کے بعد ملک میں بجلی کی لوڈشیڈنگ، دہشت گردی، مہنگائی اور بیروزگاری سمیت تمام مسائل میں اضافہ ہو
لاہور(جی پی آئی) پاکستان تحریک انصاف کی جنرل سیکرٹری شعبہ خواتین و رکن پنجاب اسمبلی سعدیہ سہیل رانانے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کے اقتدار میں آنے کے بعد ملک میں بجلی کی لوڈشیڈنگ، دہشت گردی، مہنگائی اور بیروزگاری سمیت تمام مسائل میں اضافہ ہوا’ مسلم لیگ (ن) بتائے کہ وہ کیا کر رہی ہے؟ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے عوام کو ان کا حق ضرور ملنا چاہئے جو آج تک کسی حکومت نے نہیں دیا۔ پیپلز پارٹی کے دور میں کرپشن سمیت تمام مسائل خطرناک حد تک پہنچ چکے تھے مگر مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے قیام کے بعد ان مسائل میں کمی کی بجائے اضافہ ہوا ہے۔اسحاق ڈار عوام کو بیوقوف بنانے کی کوشش کر رہے ہیں وہ بتائیں شرائط قرض دینے والا رکھتا ہے یا قرض لینے والے کی شرائط ہوتی ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پاکستان اور ترکی کے مابین اقتصادی اور تجارتی تعلقات میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے : وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف
لاہور(جی پی آئی)وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے آج اسلام آباد میں ترکی کے سفارتخانے کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن سوہل ذوالفقار (Suhal Zulfiqar)نے ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے سوہل ذوالفقار سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے مابین دوستی کے دیرینہ گہرے رشتے موجو دہیںاور دونوں ممالک کے مابین عالمی امن اور دیگر امور پر سوچ میں ہم آہنگی موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ برادر ملک ترکی کے عوام نے ہمیشہ آزمائش کی ہر گھڑی بالخصوص ماضی میں آنے والے سیلابوں اور قدرتی آفات کے موقع پر پاکستان کی دل کھول کر مدد کی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے مابین اقتصادی اور تجارتی تعلقات میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے اور ترک سرمایہ کاروں کی طرف سے ٹرانسپورٹ ، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کو پنجاب کے عوام قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ترکی کے سرمایہ کاروں کے تعاون سے لاہور میں میٹرو بس کا منصوبہ گیارہ ماہ کی ریکارڈ مدت میں مکمل کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں انرجی ، ٹرانسپورٹ ، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سمیت ترقی کے تمام شعبوں میں سرمایہ کاری کی بڑی گنجائش موجود ہے۔ محمد شہباز شریف نے کہا کہ پاکستا ن مسلم لیگ (ن) کی وفاق اور پنجاب میں قائم حکومت نے عوام کی طرف سے دیئے گئے بھر پور مینڈیٹ کی روشنی میں توانائی کے بحران کے حل اور معیشت کی بحالی کو اولین ترجیح بنا رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ توانائی کے شعبے میں ترک سرمایہ کاروں کی طرف سے سرمایہ کاری کا خیر مقدم کیا جائے گا اور ترکی سمیت غیرملکی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کے لئے سرمایہ کاروں کو تمام ممکنہ سہولتیں فراہم کی جائیںگی۔ ترکی کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن سوہل ذوالفقار نے کہا کہ ترکی اور پاکستان کے برادر عوام کے درمیان دوستی کے گہرے رشتے موجود ہیں۔ انہوں نے پنجاب میں تعلیم، صحت سمیت اقتصادی ترقی کے تمام شعبوں میں قابل تعریف کام ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترک سرمایہ کاروں کو پنجاب حکومت نے سرمایہ کاری کے لئے بہترماحول فراہم کیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں دونوں ملکوں بالخصوص پنجاب اور ترک سرمایہ کاروں کے مابین مختلف منصوبوں پر باہمی تعاون میں مزید اضافہ ہوگا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
شہباز شریف کی متحرک شخصیت کی بدولت تعلیمی اصلاحات پروگرام پر عملدرآمد ممکن ہوا، برطانوی وزیر
لاہور(جی پی آئی)پاکستان کے دورے پر آئی ہوئیں برطانیہ کی وزیر برائے بین الاقوامی ترقی مس جسٹن گریننگ (Justin Greening)نے وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف سے اپنی ملاقات کے دوران ان کی قائدانہ صلاحیتوں کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ پنجاب میں وزیر اعلی محمد شہباز شریف کی متحرک قیادت کی بدولت برطانیہ کے ڈیپارٹمنٹ فار انٹر نیشنل ڈویلپمنٹ (ڈیفڈ) کے تعاون سے جاری ایجوکیشن ریفارمز پروگرام پر کامیابی سے عمل درآمد ممکن ہوا اور گزشتہ پانچ سال کے دوران ڈیفڈ کے تعاون سے تعلیم، سکل ڈویلپمنٹ اور خواتین کو بااختیار بنانے کے حوالے سے مختلف پروگرام کامیابی سے ہمکنار ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی شہباز شریف کی دانشمندانہ اور متحرک قیادت کی بدولت آئندہ بھی صوبے میں ڈیفڈ کے تعاون سے جاری پروگرام تیزی سے مکمل ہوں گے اور فروغ تعلیم سمیت ترقی کے تمام منصوبوں کی شفافیت کے ساتھ وقت پر تکمیل ممکن ہو سکے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کمرشل صارفین کو مہنگی بجلی دینے کے فوائد کم نقصانات زیادہ ہیں،نصراللہ مغل
لاہور(جی پی آئی)چیئرمین لاہور ٹائون شپ انڈسٹریز ایسوسی ایشن نصراللہ مغل نے کہا ہے کہ کمرشل،صنعتی صارفین کو مہنگی بجلی فراہم کرنے کے حکومتی منصوبے کے فوائد کم اور نقصانات زیادہ ہیں، کمرشل صارفین کو فراہم کیے جانے والے یونٹ میں5روپے اضافہ ہوا تو عوام ایک بار پھر مہنگائی کے طوفان میں گھر جائیں گے کیونکہ کمرشل صارفین اضافہ عوام کی طرف منتقل کردیں گے۔انہوں نے کہا کہ10گھنٹے اعلانیہ،4گھنٹے غیراعلانیہ بدترین لوڈشیڈنگ اور ہفتہ میں5روز سوئی گیس کی بندش سے انڈسٹریز پہلے ہی تباہ ہورہی ہے جس کی وجہ سے بے روزگاری میں بھی اضافہ ہوا ہے اب بجلی مہنگی ہونے سے انڈسٹریز کی پیداواری لاگت بھی بڑھ جائے گی اور پاکستان کا صنعتی شعبہ جو پہلے ہی لاتعداد مسائل کا شکار ہے مزید بحران کا شکار ہوجائے گا۔نصراللہ مغل نے کہا کہ توانائی بحران کا حل بجلی مہنگی کرنے میں نہیں بلکہ سستی ترین بجلی کے دستیاب وسائل سے فائدہ اٹھانا ہے اس سلسلہ میں کالا باغ ڈیم سمیت اور دیگر ڈیم کی تعمیر کے لیے فوری منصوبہ بندی کی جائے تاکہ سستی ترین بجلی حاصل ہو اور انڈسٹریز بھی ترقی کرسکے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
بھارت کو پاکستانی دریائوں پر ڈیم بنانے سے نہ روکا گیا تو پاکستان بنجر ہو جائے گا:میاں محمد آصف
لاہور(جی پی آئی)سابق وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے صنعت وتجارت میاں محمد آصف نے کہا ہے کہ بھارت کو پاکستانی دریائوں پر ڈیم بنانے سے نہ روکا گیا تو پاکستان بنجر ہو جائے گا’بھارت کے ساتھ دوستی نہیں آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرنا ہو گی کیونکہ ہندوستان عزت کی زبان نہیں سمجھتا'(ن) لیگ کی حکومت پیپلز پارٹی کی حکومت سے بھی بدتر ثابت ہو رہی ہے’ بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے خاتمے سمیت کوئی بھی وعدہ پورا نہیں کیا گیا’ رمضان بازار بھی حکمرانوں کا پرانا ڈرامہ ہے جو بے نقاب ہورہا ہے۔ گزشتہ روز اپنے دفتر میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے میاں محمد آصف نے کہا کہ بدقسمتی سے فوجی آمر نے بھارت کو دریابیچ دئیے لیکن اس کے بعد آنے والے کسی حکمران نے بھارت کو پاکستانی دریائوں پر ڈیم بنانے سے نہیں روکا جس کی وجہ سے بھارت مسلسل پاکستانی دریائوں پر ڈیم بناتا جا رہا ہے اور اب بھارت کا دریائے چناب پر کشن گنگا سے بھی بڑا ڈیم بنانے کا منصوبہ حکمرانوں کے منہ پر طمانچہ ہے اور اب وقت آ چکا ہے کہ بھارت سے دوستی کی بجائے اس کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کی جائے اور ملک کو بنجر ہونے سے بچانے کیلئے بھارت کو پاکستانی دریائوں پر ڈیمز بنانے سے ہر صورت روکنا ہو گا ورنہ تحریک حکمرانوں کو معاف نہیں کرے گی۔