امریکی مداخلت کے باعث ملک وقوم کو سنگین خطرات لاحق ہوچکے ہیں، روحیل اکبر

تحریک تحفظ پاکستان کے مرکزی رہنماء روحیل اکبر نے کہا ہے کہ امریکی مداخلت کے باعث ملک وقوم کو سنگین خطرات لاحق ہو چکے ہیں کیونکہ امریکہ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کیلئے بھارت اور اسرائیل کے مابین گٹھ جوڑ کے سازشی ہتھکنڈوں میں مصروف ہے، اور موجودہ حکمرانوں کے رویہ اور عملی اقدامات سے یہ بات واضح ہو چکی ہے کہ وہ امریکی ڈکٹیشن کے بغیر ایک قدم بھی چلنے کیلئے تیار نہیں ہیں۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ تحریک تحفظ پاکستان محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر کی سربراہی میں ملک وقوم کو امریکی غلامی سے نجات دلانے کی خاطر جدوجہد کر رہی ہے کیونکہ ہم سمجھتے ہیں کہ امریکی غلامی سے مکمل آزادی حاصل کئے بغیر ملک وقوم کی حقیقی ترقی اور استحکام کا خواب ہر گز شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا، اور ہماری جدوجہد بدستور جاری رہے گی۔