اضلاع کی خبریں 12-03-2013

چکوال سے مختلف سیاسی جماعتوں سے وابستہ سینکڑوں افراد کا پاکستان مسلم لیگ میں شمولیت کا اعلان
اسلام آباد (جی پی آئی) پاکستان مسلم لیگ کے سینئر مرکزی رہنما و نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ ملک کی 70 فیصد آبادی پر حکومت کرنے والے نام نہاد خادم اعلیٰ نے پنجاب میں امن و امان کا بیڑہ غرق کر دیا، بادامی باغ واقعہ پنجاب حکومت کی نا اہلی ہے، پولیس اہلکاروں کو معطل کرنے کی بجائے خود ساختہ خادم اعلیٰ ذمہ داری قبول کریں اور خود کو معطل کریں۔ وہ اسلام آباد میں اپنی رہائش گاہ پر ایک شمولیتی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے جس میں چکوال سے مختلف سیاسی جماعتوں سے وابستہ سینکڑوں افراد نے پاکستان مسلم لیگ میں شمولیت کا اعلان کیا۔ اس موقع پر مسلم لیگ کے رہنما حافظ عمار یاسر، سابق ایم پی اے تقلید رضا شاہ، سابق امیدوار صوبائی اسمبلی ن لیگ پیر نثار قاسم اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ چودھری پرویزالٰہی نے مسلم لیگ میں شامل ہونیوالوں کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ مسلم لیگ بلا مذہب و تفریق ہر ایک کا گھر ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنے دور میں پورے پنجاب میں عوام کی بے لوث خدمت کی، سکولوں، سڑکوں، صحت مراکز کے جال بچھائے۔ انہوں نے کہا کہ چکوال کے عوام نے انہیں محبت دی اس لیے میں نے چکوال سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیاہے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ہم نے عوام سے جو وعدہ کیا اللہ کے فضل سے پورا کیا، پنجاب میں آج ترقی کے تمام نشانات ہمارے دور کے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف آئندہ منتخب ہو کر عوام کی کیا خدمت کریں گے، پانچ سال گزر گئے انہوں نے عوام کی کوئی خدمت نہیں کی، شہباز شریف اپنے پانچ سالہ دور کے اقدامات کا ہمارے پانچ سالہ دور سے موازنہ کر لیں دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہوجائے گا اور نام نہاد خادم اعلیٰ کی ترقی کے سارے دعوے بے نقاب ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم، صحت اور 1122 جیسے منصوبے ہمارے دور کی پرجوش ترقی کا زندہ ثبوت ہیں، عوام کی حقیقی خدمت کی جیتی جاگتی مثالیں آپ کو پنجاب کے ہر گائوں، ہر شہر اور ہر علاقے میں ملیں گی۔ دوسری جانب میاں شہباز شریف کی ترقی دیکھئے ان کی ترقی کا پہیہ الٹا چلتا رہا جہاں ہم نے ہسپتال بنائے پنجاب حکومت ہسپتالوں کی مشینیں اٹھا کر لے گئی یہاں تک کہ ہسپتال ہی بند ہو گئے اور ن لیگ کے مقامی نمائندوں کو اس اقدام پر شہباز شریف کے سامنے احتجاج کرنے کی بھی جرأت نہیں ہوئی، ہمارے ترقیاتی منصوبے حقائق ہیں جو زمین پر موجود ہیں موقع ملا تو انشاء اللہ ترقیاتی منصوبے ڈبل کر کے دکھائیں گے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ن لیگ کی پنجاب حکومت نے صوبے میں امن و امان کا بیڑہ غرق کر دیا، بادامی باغ واقعہ پنجاب حکومت کی نا اہلی کا شاخسانہ ہے، وزیراعلیٰ پولیس اہلکاروں کو معطل کرنے کی بجائے ذمہ داری قبول کریں اور خود کو معطل کریں۔ چودھری پرویزالٰہی نے لاہور، اسلام آباد موٹروے پر چکوال کے لوگوں کی سہولت کیلئے نیلا انٹرچینج تعمیر کرنے کے فیصلے کا اعلان کیا اور کہا کہ نیلا انٹرچینج کا پی سی ون منظور کرا لیا گیا ہے جلد اس پر کام شروع ہو جائے گا، حکومت اقتدار میں رہے نہ رہے یہ منصوبہ انشاء اللہ مکمل کروائیں گے۔ اس موقع پر چکوال کے مختلف علاقوں کے وفود نے مسلم لیگ میں شمولیت کا اعلان کیا اور کہا چودھری پرویزالٰہی حقیقی محسن چکوال ہیں اپنے دور میں انہوں نے جتنی خدمت کی چکوال کی تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نیٹکو حال ہی میں غیر قانونی طور پر بر طرف کے گئے نیٹکو ملازمین کو فوری بحال کیاجائے ، محمد شبیر
راولپنڈی( جی پی آئی) نیٹکو ملا زمین کا ایک اجلاس راولپنڈی کے مقامی ہوٹل میں زیر صدارت محمد شبیر منعقد ہوا اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے محمد شبیر نے چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل کی ہے کہ کنٹریکٹ مافیا نے حال ہی میں سینکڑوں ملازمین کو غیر قانونی طور پر برطرف کر دیا ہے ۔ جس سے ادارے میں ہلچل پید ا ہوگئی ہے اور ملازمین میں خوف کی لہر دوڑگئی ہے جس پر ملازمین نے اجلاس بلا یا جس میں ملک نصیر کے علاوہ عبداللہ ، عبد الجلیل ، ناصر سر ور حسین سردار، حسن سردار سید صاحب الحق اور دیگر نے شرکت کی اور ڈی ایم ڈی اور ایم ڈی نے ادارے کو تباہ کر دیا ہے ڈی ایم ڈی کا برادران تسلیم کوثر کو بھی بھاری تنخواہ پر ادارے میں کنٹریکٹ پر بھرتی کیا ہے ۔ ایم ڈی اور ڈی ایم ڈی نے کروڑوں کی کر پشن کی ہے اور ادارے کو تباہ برباد کر دیا ہے لہذا ہم تمام ملازمین کی چیف جسٹس آف پاکستان سے پر زور اپیل ہے کہ ان کنٹریکٹ مافیا اور کر پٹ مافیا کے خلاف از خود نوٹس لیکر ان کے خلاف سخت کاروائی کی جائے ۔ تاکہ آئندہ آنے والے کو عبرت ہو سکے اور ان پر توہین عدالت کی کاروائی کی جائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
زر داری ٹولہ روز نیا تماشا لگاتا ہے،اسلام آباد میں چور اور چوکیدار بندربانٹ کر رہے ہیں: محمد شہباز شریف
لاہور(جی پی آئی)وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے5 برس کے دوران عوام کی بے لوث خدمت کی ہے۔ وفاقی حکومت کی بدترین مخالفت اور مشکلات کے باوجود پنجاب میں عوام کی ترقی و خوشحالی کے ریکارڈ منصوبے مکمل کئے گئے ہیں۔ وفاقی حکومت نے پنجاب کے ساتھ بجلی کی لوڈشیڈنگ پر سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا ہے۔ پانچ برس میں بھی بجلی کا بحران حل نہ کرنا وفاقی حکومت کی مجرمانہ غفلت ہے۔ کرپٹ اور نااہل حکمرانوں نے اندھیرنگری مچا رکھی ہے۔ عوام کے خون پسینے کی کمائی سر عام لوٹی گئی ہے۔ زرداری ٹولے نے پاکستان کو برباد کرکے رکھ دیا ہے۔ زر بابا چالیس چور ہر روز نیا تماشا لگاتے ہیں لیکن عوام زرداری کی سیاسی فراڈ بازیوں سے واقف ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے خدمت کا موقع دیا تو دو برس میں اندھیرے ختم کردیں گے اور پاکستان کے بہترین مفاد میں فیصلے کئے جائیں گے۔وہ آج ماڈل ٹائون میں تاجر برادری اور صنعتکاروں کے نمائندہ وفد سے ملاقات کر رہے تھے۔ رکن قومی اسمبلی پرویز ملک، رکن صوبائی اسمبلی حافظ میاں نعمان، سیکرٹری انڈسٹریز ، مشیر محمد علی میاں، مختلف مارکیٹوں کے صدور، عہدیداران، انڈسٹریل اسٹیٹس کے ممبران اور تاجر برادری کی بڑی تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ توانائی کے بحران کی وجہ سے جہاں عام آدمی متاثر ہوا ہے وہاں صنعت، زراعت، تجارت اور امپورٹ ایکسپورٹ کو بھی ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔ حکمرانوں نے سنجیدگی کے ساتھ اس مسئلے کے حل کی کوششیں کرنے کی بجائے رینٹل پاور جیسے منصوبے شروع کرکے اپنی جیبیں بھریں۔ وفاقی حکومت نے بجلی کی تقسیم میں پنجاب کے ساتھ شروع سے ہی امتیازی سلوک روا رکھا ہے حالانکہ پنجاب میں بجلی کی چوری دیگر صوبوں سے کم اور بلوں کی مد میں وصولی کی شرح سب سے زیادہ ہے۔ پنجاب کی 700 میگاواٹ بجلی ملک کے دیگر علاقوں میں دی جا رہی ہے اور پنجاب کے احتجاج کے باوجود وفاقی حکومت ٹس سے مس نہیں ہوئی۔ چیچو کی ملیاں اور نندی پور میں 950 میگاواٹ کے منصوبے وفاقی حکومت کی نااہلی کے باعث مکمل نہیں ہوسکے اور ان منصوبوں پر 60 ارب روپے خرچ ہوچکے ہیں۔ مشینری کراچی پورٹ پر پڑی زنگ آلود ہوچکی ہے۔ اگر یہ منصوبے اب شروع کئے جائیں تو مزید 2 سال کی مدت لگے اور 25 ارب روپے اضافی خرچ ہوں گے۔ زرداری ٹولے کی عوام کے ساتھ یہ بہت بڑی زیادتی اور ظلم ہے۔ اسلام آباد میں چور اور چوکیدار بندر بانٹ کر رہے ہیں۔ توانائی کے شعبے کا سرکلر ڈیٹ 500 ارب روپے تک پہنچ چکا ہے جس میں 200 ارب روپے کی بجلی چوری بھی شامل ہے۔ کروڑوں روپے کے نادہندگان سرعام بجلی استعمال کر رہے ہیں۔ نااہل حکمرانوں نے ملک کو کھوکھلا کرکے رکھ دیا ہے۔ پاکستان کو اقوام عالم میں بھکاری ملک بنا دیا گیا ہے۔ زر بابا چالیس چور کرپشن کے گڑھ رینٹل پاور پراجیکٹ کے پیچھے پڑے رہے لیکن متبادل ذرائع سے بجلی کے حصول کیلئے کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا حالانکہ کوئلے اور گنے کے پھوک سے کئی ہزار میگاواٹ سستی بجلی پیدا ہوسکتی ہے اور اربوں روپے کے تیل کے امپورٹ بل سے بھی جان چھوٹ سکتی ہے۔ اسلام آباد کے کرپٹ حکمرانوں کی غلط پالیسیوں پر دل دکھتا ہے۔ عوام نے منتخب نمائندوں کے کندھوں پر ان کے مسائل کے حل کی جو بھاری ذمہ داری عائد کی ہے اگر منتخب نمائندے اس ذمہ داری کو ادا نہ کرسکیں تو یہ امر نہایت قابل افسوس ہے۔ عام انتخابات کے بعد صحیح قیادت سامنے آئی تو عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل ہوں گے۔ وفاقی حکومت کی بدترین مخالفت کے باوجود ترکی سے پنجاب میں 500 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری لائے ہیں۔ میٹرو بس پراجیکٹ اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے شعبے میں ترکی کا تعاون لائق تحسین ہے اور یہ دونوں ملکوں کے درمیان پیار، محبت اور اخوت کے رشتوں کا منہ بولتا اظہار ہے۔ عزم اور حوصلے سے عوام کے مسائل حل کئے جاسکتے ہیں۔ جوزف کالونی بادامی باغ کے واقعے کا ذکر کرتے ہوئے محمد شہباز شریف نے کہا کہ یہ واقعہ پاکستان کا امیج بین الاقوامی سطح پر خراب کرنے کی مذموم کوشش ہے۔ کوئی بھی مسلمان نبی کریم ۖ کی شان میں گستاخی برداشت نہیں کرسکتا لیکن جس شخص پر الزام لگا اس کی گرفتاری کے بعد ایسے انسانیت سوز واقعے کا قطعاً کوئی جواز نہیں بنتا تھا۔متاثرین کی بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے۔ متاثرین کو فی خاندان 5،5 لاکھ روپے مالی امداد کی فراہمی شروع کردی گئی ہے۔ اقلیتی برادریوں کا بھی پاکستان پر اتنا ہی حق ہے جتنا مسلمانوں کا ہے۔ واقعہ بادامی باغ میں ملوث کسی شرپسند کو نہیں چھوڑوں گا۔ افسوس کی بات ہے کہ مسلمان گروہو ںمیں بٹ چکے ہیں۔ ہم سب کو محبت، انصاف اور عدل کا پیغام عام کرنا ہے۔ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پوری قوم کو اکٹھا ہونا پڑے گا۔ علماء کرام پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ امن، بھائی چارے، تحمل اور برداشت کے جذبات کا پرچار کریں۔ بدقسمتی سے ہم پہلے ہی آدھا پاکستان گنوا چکے ہیں اور اگر اب بھی صحیح فیصلے نہ کئے تو خدانخواستہ ملک نہیں بچے گا۔ آئندہ انتخابات میں عوام کو پاکستان کی تعمیر نو کا عزم رکھنے والی قیادت کا انتخاب کرنا پڑے گا اور قوم ملک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے والوں یا کھوکھلے نعرے لگانے والوں کو مسترد کردے گی، پاکستان کو گداگر بنانا ہے یا باعزت ملک، یہ فیصلہ ہم سب نے مل کر کرنا ہے۔ صنعت، تجارت اور زراعت کے شعبوں کو فروغ دینا ہوگا۔ میں سمجھتا ہوں کہ غیر ملکی ایڈپاکستان کیلئے ایڈز کے مترادف ہے۔ قائد اور اقبال نے ملک اس لئے نہیں بنایا تھا کہ ہم اغیار کے سامنے جھک جائیں۔ وہ دن دور نہیں جب ملک حقیقی معنوں میں قائد اور اقبال کا پاکستان بنے گا۔ تاجر برادری کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔آئندہ عام انتخابات میں تاجر برادری کو بھی نمائندگی دیں گے۔ تاجر برادری کے بارے میں فیصلوںپر بھی ان سے مشاورت کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مصروف تجارتی مراکز میں پارکنگ کے مسائل سے نمٹنے کیلئے لاہور میں جدید پارکنگ سسٹم جلد متعارف کرایا جا رہا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ تاجر برادری معیشت کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور ملک کی ترقی میں تاجر برادری کا کردار بہت اہمیت کا حامل ہے لہٰذا تاجروں کو درپیش مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے مختلف مارکیٹوں کے مسائل کے حل کیلئے موقع پر ہی احکامات جاری کئے اور اندرون شہر ریسکیو 1122 سروس شروع کرنے اور مزید پارکنگ پلازوں کی تعمیر کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر تاجر برادری نے وزیراعلیٰ کو 15 مارچ کو ان کے اعزاز میں استقبالیہ میں شرکت کی دعوت دی۔ تاجروں اور صنعتکاروں کے نمائندہ وفد نے وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کو پانچ برس کے دوران عوامی خدمت ، ریکارڈ ترقیاتی منصوبے مکمل کرنے اور میٹرو بس سروس کے اجراء پر زبردست خراج تحسین پیش کیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
اے پی ایم ایل کی ضلعی الیکشن کمشنر کوئٹہ ضیاء اللہ قاسمی کے بیہمانہ قتل کی شدید مذمت
لاہور (جی پی آئی)آل پاکستان مسلم لیگ کی مرکزی سیکریٹری اطلاعات آسیہ اسحاق نے ضلعی الیکشن کمشنر کوئٹہ ضیاء اللہ قاسمی کے بیہمانہ قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان میں موجودہ حکومت کے دور میں دہشت گردی عروج پر ہے ،حکومت گورنر راج کے نفاذ کے باوجود امن وامان قائم نہیں ہو سکا امن وامان قائم کرنے کیلئے ضروری ہے کہ بلوچستان کو فوج کے حوالے کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف مو ثراور مکمل اپریشن کے بغیر امن قائم نہیں کیا جاسکتا ۔انہوں نے مذید کہا کہ حکومتی کمزور پالیسیوں کے سبب بلوچستان میں پاکستان دشمن غیر ملکی قوتیں کاروائیوں میں مصروف ہے اور وہ پاکستان دشمن دشمن جماعتوں کے ساتھ ملکر کاروائیاں کر تے ہوئے پاکستان کو کمزور کر رہے ہے ۔پرویز مشرف کے دور میں ان عناصرکو سختی سے کچل دیا گیا تھا۔تاہم یہ عناصرزور پکڑ رہے ہیںاس کی بنیادی وجہ موجودہ حکومت کی غیر موثر اور کمزور پالیسیاں ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگر ہمیں موقع ملا تو ہم 45دنوں میں بلوچستان سمیت ملک بھر میں امن وامان قائم کر دینگے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ذوالفقارعلی بھٹو سے آج تک پیپلزپارٹی کے کسی لیڈر نے بیرونی دبائو قبول نہیں کیا:عابد حسین صدیقی
لاہور(جی پی آئی) پیپلز پارٹی لاہور کے سیکرٹری اطلاعات عابد حسین صدیقی نے کہا ہے کہ ذوالفقارعلی بھٹو سے آج تک پیپلزپارٹی کے کسی لیڈر نے بیرونی دبائو قبول نہیں کیا ،ذوالفقارعلی بھٹو نے پاکستان کے مفادات پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ کرنے سے انکار کرتے ہوئے موت کو گلے لگالیا ،بے نظیر بھٹو نے ملک کی خاطر جان کی قربانی دی ،اب پاک ایران گیس پائپ لائن معاہد ہ کے حوالے سے پیپلزپارٹی نے کسی بھی قسم کادبائو قبول کرنے سے انکار کردیاہے ،یہ معاہدہ دونوں ممالک کی خوشحالی کا ضامن ہے ،اس سے پاک ایران تعلقات مزید مضبوط ہوں گے ،پیپلز پارٹی شروع سے ملک و قوم کے مفاد میں فیصلے کرتے آئی ہے اور آئندہ بھی ایسے ہی فیصلے کریں گے جس سے ملک کوفائدہ ہو۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پنجاب اسمبلی کی رکنیت چھوڑ کر مظلوموں کے دکھ درد میں شریک ہوں:پرویز رفیق
لاہور(جی پی آئی) پاکستان پیپلز پارٹی اقلیتی ونگ پنجاب کے صدر پرویز رفیق نے کہا ہے کہ پنجاب اسمبلی کی رکنیت چھوڑ کر مظلوموں کے دکھ درد میں شریک ہوں۔ اقلیتوں کے ساتھ جو سلوک پنجاب میں کیا جا رہا ہے وہ قابل مذمت ہے۔ سانحہ جوزف کالونی سے دنیا میں پاکستان کی ساکھ مجروع ہوئی۔ پاکستان کی عزت و وقار عزیز ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں اقلیتی برادری کا تحفظ کیا جاتا ہے انہیں برابری کا مقام دیا جاتا ہے لیکن یہاں تو بچاروں کے گھروں کو آگ لگائی جاتی ہے۔ انہیں کسی قسم کا تحفظ نہیں دیا جا رہا۔ سانحہ جوزف حکومت پنجاب کی ناکامی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
صوبہ بھر کے قبرستانوں کی حالت بہتر بنانے کیلئے ایک ارب روپے خرچ کئے جائیں گے: وزیراعلیٰ
لاہور (جی پی آئی)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے صوبے بھر کے قبرستانوں کی حالت بہتر بنانے اور ضروری سہولتوں کی ترجیحی بنیادوں پر فراہمی کیلئے جامع منصوبہ بندی کی ہے اور اس مقصد کیلئے ایک ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے جس کے تحت قبرستانوں کی چاردیواری، جناز گاہوں کیلئے پختہ جگہ اور شیڈ کی تعمیر، نکاسی و فراہمی آب کے انتظامات کو بہتر بنانے اور وضو خانوں کی تعمیر کا کام مکمل کیا جائے گا۔وہ آج ماڈل ٹائون میں صوبے بھر کے قبرستانوں کی حالت بہتر بنانے سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس میں صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ خان، وزیر اوقاف حاجی احسان الدین قریشی، ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی رانا مشہود احمد خان، اراکین اسمبلی حافظ میاں محمد نعمان، حاجی اللہ رکھا، چیئرمین پی اینڈ ڈی، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، سیکرٹریز خزانہ، قانون، لوکل گورنمنٹ و ہائوسنگ کے علاوہ متعلقہ حکام نے شرکت کی۔وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبے بھر کے قبرستانوں کی حالت بہتر بنانے کیلئے جامع منصوبہ بندی کے تحت ایک ارب روپے کی خطیر رقم ہر ضلع کیلئے گزشتہ مردم شماری کے تحت آبادی کے تناسب سے مختص کی گئی ہے۔ اس سکیم پر عملدرآمد کیلئے ڈویژنل کمشنرز کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں اور قبرستانوں میں عدم دستیاب سہولیات کا سروے مکمل ہو چکا ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ قبرستانوں کی حالت بہتر کرنے کیلئے جنگی بنیادوں پر کام کیا جائے اور متعلقہ کمشنرز اور ڈی سی اوز قبرستانوں کی حالت بہتر بنانے کے ضمن میں کام کی خود نگرانی کریں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ قبرستانوں میں لائٹس کے مناسب انتظامات کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ کو اجلاس کے دوران قبرستانوں کی حالت بہتر بنانے کے ضمن میں کئے جانے والے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پنجاب کا ہر ترقیاتی منصوبہ شفافیت میں اپنی مثال آپ ہے’ عوام نے بھرپور اعتماد کیا ہے:رانا ثناء اللہ
لاہور(جی پی آئی)وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کے ترقیاتی منصوبوں کی شفافیت جانچنے کے لئے ہر اقدام کا کھلے دل سے خیرمقدم کرتے ہیں لیکن ایسے ادارے جن کا اپنا کردار مشکوک ہو’ ان کی کارکردگی پر انگلیاں اٹھنا ایک فطری امر ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب کی اب تک کی کارکردگی ایک سوالیہ نشان ہے کیونکہ نیب وفاقی حکومت کا وہ ادارہ ہے جس پر خود وزیراعظم کو بھی اعتماد نہیں اور اس کا اظہار وہ سپریم کورٹ کو لکھے گئے خط میں بھی کر چکے ہیں۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ نیب کو پنجاب کے ترقیاتی منصوبوں کی شفافیت جانچنے سے پہلے عوام کو یہ بھی بتانا چاہیے کہ اس نے کرپشن کے گڑھ وفاق اور دیگر صوبوں کے کتنے ترقیاتی منصوبوں کی تحقیقات کی یا اب تحقیقات کرنے کا فیصلہ کیا ہے؟ انہوں نے کہا کہ یہ مبالغہ آرائی نہیں بلکہ حقیقت ہے کہ وفاقی حکومت گھٹنوں گھٹنوں کرپشن میں ڈوبی ہوئی ہے اور دیگر صوبوں میں کرپشن کی کہانیاں بھی زبان زد عام ہیں۔ انہوں نے کہا کہ این آئی سی ایل سے لے کر حج کوٹہ تک ‘ اوگرا سے لے کرپنجاب بنک تک اور رینٹل پاور پراجیکٹ سے ایفیڈرین تک پھیلے ہوئے کرپشن کے سمندر کا مسلم لیگ (ن) کی پنجاب حکومت سے کوئی تعلق نہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کے ترقیاتی منصوبے شفافیت میں اپنی مثال آپ ہیں اور نیب کی طرف سے ان کی تحقیقات کا مقصدصرف اور صرف پنجاب کے بارے میں منفی تاثر پیدا کرنا ہے۔ حالانکہ پنجاب کے ہر ترقیاتی منصوبے کو شفافیت کی وجہ سے عوام کا بھرپور اعتماد حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب جتنی چاہے تحقیقات کر لے ہمیں کوئی اعتراض نہیں لیکن یہ تحقیقات وفاقی حکومت کے مذموم مقاصد کی تکمیل کا ذریعہ نہیں ہونی چاہئیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
“جیو شہبازشریف۔۔جیو”۔ تاجر رہنمائوں کا وزیراعلیٰ کوزبردست خراج تحسین
لاہور(جی پی آئی) وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف کو صوبے کے عوام کی بے لوث خدمت کرنے، ریکارڈ ترقیاتی کام کرانے اور عظیم الشان منصوبے میٹروبس سروس کے اجرا پر تاجر برادری اور صنعتکاروں کے نمائندہ وفد نے زبردست خراج تحسین پیش کیا۔محمد علی میاں نے کہا کہ وزیراعلیٰ نے دن رات محنت کرکے گڈ گورننس کی اعلیٰ مثال قائم کی ہے اور عوامی خدمت کا ریکارڈ قائم کیاہے۔ تاجر برادری وزیراعلیٰ کی عوامی خدمت کے اعتراف میں ان کے اعزاز میں عظیم الشان استقبالیہ دے گی۔شاہ عالم بورڈ کے صدر خواجہ عامر نے کہا کہ میٹرو بس سروس وزیراعلیٰ کا تاریخی کارنامہ ہے اور یہ بس عوام کے لئے ایک نعمت سے کم نہیں۔ تاجربرادری پہلے بھی پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ساتھ تھی اور آئندہ بھی رہے گی۔ شیخ آصف نے کہاکہ شہبازشریف نے تاجر برادری کے مسائل حل کرکے ہمارے دل جیت لئے ہیں۔ اللہ تعالیٰ انہیں دوبارہ خدمت کا موقع دے۔ عنصر ظہور بٹ نے کہاکہ شہبازشریف کی گڈ گورننس کی گواہی پورا پاکستان دیتا ہے۔ انہوں نے دن رات ایک کرکے عوام کی خدمت کی ہے۔ اعظم کلاتھ مارکیٹ کے ہمایوں میر نے کہاکہ آپ کا پانچ سالہ دور قابل فخر ہے، یہی وجہ ہے کہ سندھ، بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے عوام ہم سے آپ کو مانگ رہے ہیں۔ شیخ ارشد اور سرفراز مانی نے کہاکہ ہمیں یقین ہے کہ آپ کوعوام کی خدمت کا موقع ملا تو دوبرس میں بجلی کا بحران ختم کر دیں گے۔موجودہ حکومت نے معیشت کا بیڑا غرق کردیا ہے۔ عدنان بٹ نے کہاکہ میٹرو بس سروس سے سب سے زیادہ فائدہ فیروزپورروڈ پر انڈسٹریل اسٹیٹ کے صنعتکاروں اور مزدوروں کو ہوا ہے۔ ہماری فیکٹریوں میں مزدور اب وقت پر آتے ہیں ۔ عابد مارکیٹ کے حاجی اظہر نے کہاکہ میٹروبس پراجیکٹ کی زد میں میری اراضی بھی آئی لیکن جب میں نے میٹروبس کو چلتے ہوئے دیکھا تو میرے دل سے دعا نکلی “جیو شہبازشریف۔۔جیو”۔ تاجر رہنمائوں ناصر سعید ، ملک شفیق، طیب میر، رانا نوید، لیاقت سیٹھی، بابر محمود،حاجی اشفاق، رانا مجاہد اور دیگر نے کہا کہ “سونامی” لاہور کی مارکیٹوں میں غرق ہوچکا ہے کیونکہ آپ نے اتنے زیادہ ترقیاتی کام کرائے ہیں کہ کوئی بھی ان کا مقابلہ نہیں کرسکتا۔ جب ہم دیگر صوبوں میں جاتے ہیں تو وہاں کے عوام کہتے ہیں کہ ہمیں شہبازشریف دے دو۔ آپ مضبوط ارادوں کے انسان ہیں۔ اللہ تعالیٰ آپ کو مزید طاقت،ہمت، عظمت اور صحت عطا فرمائے۔ آپ کے کاموں نے پاکستان کے 18کروڑ عوام کے دل موہ لئے ہیں۔ انشاء اللہ عام انتخابات میں چوروں کے ٹولے سے جان چھوٹ جائے گی اورہمیں یقین ہے کہ آپ آئندہ بھی اسی جذبہ سے سرشارہوکر عوام کی خدمت کریں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
واقعہ بادامی باغ میں ملوث تمام ملزمان فی الفورگرفتار کئے جائیں ،وزیراعلیٰ کا حکم
لاہور(جی پی آئی)وزیراعلیٰ محمدشہبازشریف نے کہا ہے کہ واقعہ بادامی باغ انتہائی سنگین معاملہ ہے، اس سے ملک کی اقوام عالم میںبدنامی ہوئی ہے ۔واقعہ میں ملوث تمام ملزموں کو قانون کے کٹہرے میں لایاجائے گا اور قرارواقعی سزا دلائی جائے گی۔ نبی پاک صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی شان اقدس میں گستاخی کوئی مسلمان برداشت نہیں کرسکتا۔ لیکن نبی آخرالزماں صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے عفوودرگزر اور امن و آشتی کا درس دیاہے اور غیرمسلموںکوآپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے خود دست مبارک سے امن و تحفظ کے پروانے جاری فرمائے لیکن افسوس کی بات ہے کہ ہم نبی محترم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے پیروکار اور عقیدت مند ہونے کا تو دعوی کرتے ہیں لیکن عملی طور پر ہم ان کی تعلیمات سے روگردانی کررہے ہیں۔واقعہ بادامی باغ میں جس بے دردی سے مسیحی برادری کے گھر جلائے گئے ہیں ، کوئی بھی مذہب اس کی اجازت نہیں دیتا۔واقعہ میں ملوث تمام ملزموں اور اکسانے والوں کے خلاف بلاامتیازکارروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔وہ آج ماڈل ٹائون میں واقعہ بادامی باغ کے سلسلے میں ہونے والی پیش رفت اورمتاثرین کے لئے امدادی وبحالی کی سرگرمیوں کا جائزہ لینے سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔صوبائی وزراء رانا ثنا اللہ خان، میاں مجتبٰی شجاع الرحمن، سینیٹر زپرویز رشید،کامران مائیکل، اراکین اسمبلی، آئی جی پولیس پنجاب، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب سمیت متعلقہ حکام بھی اجلاس میں موجود تھے۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہاکہ پنجاب حکومت واقعہ کے ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے تمام تر اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوںنے پولیس حکام کو ہدایت کی کہ واقعہ میں ملوث تمام ملزمان فی الفورگرفتار کئے جائیں اورملزمان کو قانو ن کے کٹہرے میں لانے کا کام چیلنج سمجھ کر کیاجائے۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ متاثرین کی بحالی کا کام خلوص نیت اور ایک ٹیم ورک کی طرح کیاجائے اور متاثرین کی بحالی کے کام میں رخنہ ڈالنے والوں کوہرصورت روکا جائے۔ انہوں نے کہاکہ واقعہ میں ملوث افراد اور اشتعال دلانے والوں کو کسی صورت معاف نہیںکیاجائے گا۔وزیراعلیٰ نے مزید ہدایت کی کہ جوزف کالونی بادامی باغ سے ملبہ آج رات تک ہرصورت اٹھا لیا جائے ۔ صوبائی وزیرقانون رانا ثنا اللہ خان اور صوبائی وزیر تعلیم میاں مجتبٰی شجاع الرحمن ریلیف کیمپ میں زیادہ سے زیادہ وقت گزاریں اور بحالی کے کاموں کی ذاتی طور پر نگرانی کریں۔ انہوںنے کہاکہ علاقے کے اراکین اسمبلی دن رات کیمپوں میں موجود رہیں اور متاثرین کی بحالی کے کام میں تسلسل کو یقینی بنائیں۔انہوںنے کہا کہ متاثرہ چرچوں کی بحالی کا کام تیزی سے کیا جائے اور چرچوں کے باہر خوبصورت ٹائلیں بھی لگائی جائیں۔اس موقع پر سیکرٹری مواصلات و تعمیرات نے بتایا کہ جوزف کالونی میں تمام متاثرہ گھروں کی مرمت کا کام تیزی سے جاری ہے اورعلاقے کے لوگ مطمئن ہیں۔ پولیس حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہسانحہ بادامی باغ کی ایف آئی آر کے نامزد27ملزمان گرفتار ہوچکے ہیںاورواقعہ میں ملوث دیگر ملزمان کوجلدازجلد گرفتارکرلیاجائے گا۔سیکرٹری تعمیرات و مواصلات نے متاثرہ گھروں کی بحالی اور پولیس حکام نے واقعہ بادامی باغ میں ملوث ملزمان کے خلاف کارروائی کے بارے میں بریفنگ دی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیراعلیٰ محمدشہبازشریف سے ترکی کی بین الاقوامی این جی اوز کے چیئرمین کی ملاقات
لاہور(جی پی آئی) وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف سے آج ماڈن ٹائون میں ترکی کی بین الاقوامی این جی او ”کمسے یوک مو” (Kimse Yok Mu) کے چیئرمین اونل اوزترک (Onal Ozturk)نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔ملاقات میںباہمی دلچسپی کے امور اور پنجاب میں ترکی کی معاونت سے جاری منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔چیئرمین لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی خواجہ احمد حسان، سیکرٹری ہائوسنگ، “کمسے یوک مو” کے صدر اوزکان اینان (Ozcan Inan)،پاکستان میں نمائندے محسن ورلے (Muhsin Varli)، مسٹر فصیح جیلک(Fesih Celik)، ڈپٹی چیئرمین پاک ترک سکولز سعدی یلدرر (Saadi Yildirir) بھی اس موقع پرموجود تھے۔وزیراعلیٰ شہبازشریف نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان اور ترکی کے درمیان تعلقات محبت،اخوت اور بھائی چارے پر مبنی ہیںاوروقت کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مستحکم ہورہے ہیں۔ ترکی نے ہر کڑے وقت میں پاکستان کی بھرپورمدد کی ہے۔لاہور میں میٹروبس سروس کا عظیم منصوبہ ترکی کے تعاون سے پایہ تکمیل کوپہنچاہے۔ ترکی پاکستان کا ایک ایسا برادر ملک ہے جس کی دوستی پر پاکستان کو ناز ہے۔ “کمسے یوک مو” کی جانب سے جنوبی پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں گھروں کی تعمیر خوش آئند ہے۔ چیئرمین “کمسے یوک مو” اونل اوزترک نے اس موقع پر کہا کہ پاکستانی بھائیوںکی مدد کرکے دلی سکون ملا ہے اور آئندہ بھی ہر کڑے وقت میں پاکستانی بھائیوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے۔ صوبہ پنجاب کے عوام خوش قسمت ہیں کہ انہیں شہبازشریف کی صورت میں متحرک رہنما ملاہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پنجاب میں امن وامان کی حالت انتہائی خراب ہے:نرگس فیض ملک
لاہور( جی پی آئی)پاکستان پیپلزپارٹی کی رکن پنجاب اسمبلی نرگس فیض ملک نے کہا ہے کہ لاہور میں مسیحی براداری کے سینکڑو ں مکان نذر آتش کردئیے گئے بلوچستان اور کراچی میں بد امنی پر حکومتوں سے مستعفی ہونے وا لے اب کہاں ہیں ،پاکستان کو قائدا عظم کے خوابوں کی تعبیر کے مطابق بنانے والے بتائیں کہ کیا قائداعظم اس طرح کا پاکستان چاہتے ہیں جس طرح کا شہبازشریف کے دور میں بن گیا ہے،پنجاب میں امن وامان کی حالت انتہائی خراب ہے ،کسی کی جان ومال محفوظ نہیں ہیں پھر بھی سب اچھا کہا جارہا ہے ،جوزف کالونی میں عوام کے ساتھ جو سلوک کیا گیا اس پر ن لیگ سیاست چمکا رہی ہے ،عوام کے مسائل حل کرنے کے بجائے سستی شہرت حاصل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پاکستان اور ایرانی عوام مبارک بادکے مستحق ہیں :مجلس وحدت مسلمین
لاہور( جی پی آئی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیکرٹری جنرل(سربراہ) علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے تاریخی پاکستان ایران گیس پائپ لائن منصوبے پر پاکستانی اور ایرانی اقوام کو مبارک باد پیش کی ہے.صدر آصف علی زرداری اور صدر احمدی نژاد کی طرف سے حتمی تعمیری مرحلے کا افتتاح پاکستان کی پیش رفت دشمنوں کے منہ پر زوردارطماچہ ہے،پیر کو مرکزی سیکریٹریٹ سے جاری بیان میں علامہ جعفری نے کہا ہے کہ .پاکستانی قوم کو منصوبے سے زیادہ فائدہ پہنچے گا کیونکہ ایران سے مناسب گیس کی فراہمی سے پاکستانی عوام کو گیس کے بحران سے نجات ملے گی . انہوں نے کہا کہ تعمیر مرحلے میں بلوچستان اور صوبہ سندھ میں محنت کش طبقے کے لئے بہت زیادہ سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع بھی میسرآئیں گے۔ امریکہ روز اول سے ایران ، پاکستان اور بھارت گیس پائپ لائن منصوبے کی مخالفت کر رہا ہے ، بھارت شروع میں ہی امریکی دبا ومیں آکر اس منصوبے سے دستبردار ہو چکا ہے ۔ جس کا نقصان بھا رت کو برداشت کر نا ہو گا ۔ پاکستانی حکومت کی جانب سے ایران کے ساتھ گیس پائپ لائن منصوبے پر کام کا آغاز بھارت کے لیئے بھی سبق آموز ہے ۔ جس امریکہ کے دبا و میں آکر بھارت نے گیس پائپ لائن منصوبے سے کنارہ کشی اختیار کی تھی اور جو امریکہ پاکستان کے معاہدہ سے دستبردار ہونے کا واویلا کر تا رہا کیااس امریکہ کے پاس پاکستان اور بھارت کے توانائی بحران کا کوئی حل ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک اچھا پڑوسی ہونے کہ ناطے بھارتی حکومت کو مشورہ ہے کہ اب بھی وقت ہے اس عظیم منصوبے میں شامل ہونا چاہیے. ایسا کرتے ہوئے، بھارت بھی اس کے توانائی کے بحران پر قابو پانے کے قابل ہو جائے گا، چینی حکومت کو مجوزہ ایران پاکستان چین گیس پائپ لائن پر کام کو آگے بڑھاناچاہیے. انہوں نے کہا کہ اگر بھارتی اور چینی حکومت گیس پائپ لائن منصوبے میں شامل ہو جاتی ہیں تو، پاکستان ٹرانزٹ فیس کے معاملے میں بھاری آمدنی حاصل کر سکے گا.۔علامہ ناصر عباس نے کا کہنا تھاکہ غیرت مند قومیں اپنے مستقبل ک فیصلے جرات مندی سے کرتی ہیںاور پاکستانی قوم نے اس تاریخی معاہدے کو کر کے ثابت کر دیا کہ پاکستان امیریکی دھمکیوں جوتے کی نوک پر رکھتے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کارکن جماعت اسلامی کا”انتخابی منشور ”گھر گھر پہنچائیں:جماعت اسلامی پنجاب
لاہور(جی پی آئی)امیرجماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہاکہ عوام مہنگائی،کرپشن،ناانصافی اور امریکی غلام حکمرانوں سے نجات کے لئے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔ہمارے مختلف ادوار میں150سے زائد نمائندے کامیاب ہوکر آئے الحمدللہ کسی ایک پر بھی اختیارات کے ناجائز استعمال،کرپشن اور پلاٹوں کی سیاست کا الزام نہیں۔جماعت اسلامی پاکستان کی واحد سیاسی و دینی جماعت ہے جوکہ موروثیت سے پاک ہے۔کارکن جماعت اسلامی کے”انتخابی منشور”کوزیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچائیں۔انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی اقتدار میں آکرغیر ترقیاتی اخراجات میں30فیصد کمی کرے گی۔خصوصاً حکومتی عہدیداران کے رہائش و سفری اخراجات،مہنگی گاڑیوں کے بے جا استعمال اورسرکاری تقریبات کے ذریعے قومی خزانے کے ضیاع کا سدباب کیا جائے گا۔کچی آبادیوںکومالکانہ حقوق دیے جائیں گے۔مزدوروں کو صنعتی اداروں کے منافع میں مناسب حصہ دیا جائے گااور10لاکھ نئے روز گار کے موقع پیدا کیے جائیں گے۔انہوں نے کہاکہ ضرورت اس امر کی ہے عوام آزمائے ہوئوں کو دوبارہ آزمانے سے گریز کریں۔ملک و قوم کو مشکل وقت میں چھوڑکرباہر بھاگ جانے والے خیرخواہ نہیں ہوسکتے۔پاکستان کو اگر مخلص قیادت میسر آجائے تو”دن دوگنی رات چوگنی”ترقی کرسکتا ہے۔ڈاکٹر سید وسیم اختر نے مزید کہاکہ مسیحی بستی کا سانحہ انتظامیہ اور وزیر اعلیٰ کی نااہلی کی وجہ سے پیش آیا۔ملوث افراد کے خلاف فی الفور کاروائی کی جائے۔بادامی باغ کا واقعہ ملک کو بدنام کرنے کی سازش ہے جسے بے نقاب کیاجانا چاہئے۔حکمران عوام کے جان و مال کو مکمل تحفظ فراہم کرنے میں بری طرح ناکام ہوچکے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
”سیاسی جوکرز” (ن)لیگ کی سیاسی دشمنی میں ریاست کے مفادات کوبلڈوز کرنے کے درپے ہیں۔مسز ملک
لاہور(جی پی آئی) پاکستان مسلم لیگ(ن)کلچرل ونگ پنجاب کی نائب صدر مسز ملک نے کہا ہے کہ مسلم لیگ(ن) کی قیادت نے ہمیشہ مسیحیوں کواپنے سینے سے لگایااورانہیں برابر کاشہری سمجھا،سانحہ بادامی باغ کی آڑ میں پنجاب حکومت پرسیاسی حملے ایک سوالیہ نشان ہیں’ سیاسی جوکرزمسلم لیگ (ن) کی سیاسی دشمنی میں ریاست کے مفادات اورسیاست کی اقدارکوبلڈوز کرنے کے درپے ہیں۔ پیپلز پارٹی والوں کو اقلیتی بھائیوں کے زخموں پر نمک چھڑکنے سے گریز کرنا چاہیے۔مسز ملک نے کہا کہ اس افسوسناک واقعہ پر سیاست کرنے والوں کی مذمت کرتے ہیں کیونکہ اس سانحہ پر سیاست چمکانے والے ملک و قوم کے خیرخواہ نہیں اور امدادی کام رکوانا چاہتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے تمام مطالبات منظور کر لئے جبکہ متنازعہ بیانات دینے والے چاہتے ہیں کہ آئندہ چند روز میں حکومت چلی جائے گی اور امدادی کام رک جائیں۔پیپلزپارٹی کے وزراء اپنی گرتی ہوئی مقبولیت کو سہارا دینے کے لئے بیان بازی کر رہے ہیں۔ درحقیقت پنجاب میں گورننس کی فکر کرنے کی بجائے پیپلزپارٹی کے وزراء کو وفاق اور سندھ کی خبر لینا چاہیے جہاں آوے کا آوا ہی بگڑا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رحمن ملک اور راجہ ریاض ایک ہی زبان بول رہے ہیں اور انہیں عوامی مسائل یا مشکلات کے حل میں کوئی دلچسپی نہیں بلکہ ان کے پیش نظر صرف اپنے سیاسی آقا کی خوشنودی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رحمن ملک جلدی کا مظاہرہ نہ کریں اور تھوڑا سا انتظار کر لیں’ انہیں اور ان کی جماعت کو الیکشن میں اپنی حیثیت کا بخوبی اندازہ ہو جائے گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
متاثرین جوزف کالونی کوکیش ہونے والے چیک دیئے جائیں، چودھری ظہیرالدین
لاہور(جی پی آئی)پاکستان مسلم لیگ پنجاب کے جنرل سیکرٹری پارلیمانی لیڈر چودھری ظہیرالدین خاں نے اراکین صوبائی اسمبلی انجینئر شہزاد الہٰی،سیمل کامران اور ماجدہ زیدی کے ہمراہ بادامی باغ سانحہ کے متاثرین سے ملاقات کی اور علاقہ کا دورہ کیا اور پاکستان مسلم لیگ کے سینئر رہنما چودھری پرویز الہٰی کی طرف سے اظہار یکجہتی کا پیغام پہنچایا۔ دورہ کے دوران متاثرین جوزف کالونی نے شکایات کے انبار لگاتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت کی طرف سے تاحال100فیصدمتاثرین کو امدادی چیک نہیں ملے، اور جو ملے ہیں وہ کیش نہیں ہورہے، امداد کے لیے متاثرین سے شناخت مانگی جارہی ہے مگر ان کا سب کچھ جل کر آگ میں خاکستر ہوچکا ،نادرہ والے بھی شناخت مانگتے ہیں۔اس موقع پر سہیل چیمہ، جیمس ناز، ناصر رمضان گجر و دیگر عہدیدار ان کے ہمراہ تھے۔ چودھری ظہیرالدین خاں نے متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی جس میں خواتین نے بتایا کہ چیک کیش نہیں ہورہے،الٹا ہمارے150افراد ناحق گرفتار کرلیے گئے، نئے گھر تعمیر کرکے دینے کا وعدہ بھی پورا نہیں ہورہا۔بوسیدہ میٹیریل پھر سے استعمال ہورہا ہے،چودھری ظہیرالدین خاں نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے نئے گھر تعمیر کرکے دیئے جائیں، متاثرین کو کیش ہونے والے چیک دیء جائیں ،جن بچیوں کے جہیز جل گئے ،بیت المال سے انہیں100فیصد جہیز کا سامان خرید کر دیا جائے او ر جوزف کالونی کے متاثرین کو فوری طور پر مالکانہ حقوق دیے جائیں ،انہوں نے کہا کہ سب سے بڑھ کر یہ کہ جوزف کالونی مکینوں پر ظلم ڈھانے والوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے ۔انہوںنے کہا کہ پنجاب حکومت کے ذمہ دار چیف جسٹس آف پاکستان کے سوالات کا جوا ب دیں، انہی سوالوں میں حقائق ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے آج تک جوڈیشل انکوائر ی کی رپورٹ پبلک کی اور نہ ذمہ داروں کو سزا دی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ق لیگ نے عوامی امنگوں اور زمینی حقائق کے مطابق انتخابی منشور تیار کیا ہے،بلال شیرازی
لاہور(جی پی آئی)پاکستان مسلم لیگ یوتھ ونگ کے مرکزی سیکرٹری جنرل سید بلال مصطفی شیرازی نے کہا ہے کہ ق لیگ نے عوامی امنگوں اور زمینی حقائق کے مطابق پارٹی منشور تیار کیا ہے جس کا اعلان جلد پارٹی کے مرکزی صدر چودھری شجاعت حسین کرینگے۔انہوںنے کہا کہ ن لیگ منشور دینے کی بجائے پہلے 5سالہ کارکردگی کا حساب دے ،ن لیگ نے اپنے منشور میں اقلیتوں کے تحفظ کے حقوق کے حوالے سے جو بلندو بانگ دعوے کیے تھے ابھی اس کی باز گشت بھی نہیں تھمی تھی کہ بادامی باغ جیسا شرمناک سانحہ وجود میں آگیا ۔اس واقعہ سے اسلام اور پاکستان کے تشخص کو نقصان پہنچا، پنجاب حکومت کی نااہلی کے باعث محب وطن ،اسلام پسند عوام کے سرشرم سے جھک گئے۔انہوں نے کہا کہ سانحہ بادامی باغ پنجاب حکومت کی نااہلی کے باعث رونما ہوا۔سید بلال مصطفی شیراز ی نے کہا کہ ق لیگ بجلی، تعلیم، کرپشن کے خاتمہ اور متحرک گورنمنٹ کے قیام کے حوالے سے اپنے منشور میں اچھوتا تصور دے گی۔انہوںنے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ نے ماضی میں جو کہا وہ کرکے دکھایا۔آئندہ بھی اپنے وعدوں پر عمل کرکے دکھائے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
شیعہ علماکونسل کے راہنمائوں کا جوزف کالونی کا دورہ
لاہور( جی پی آئی) شیعہ علما کونسل کے چیئرمین علامہ سید ساجد نقوی نے کہا ہے کہ شیعہ علماکونسل کی طرف سے جوز ف کالونی کے متاترین کی امداد کردی گئی ہے فی گھرانہ دس ہزار روپے فراہم کئے گئے ہیں،،شیعہ علماء کونسل کے چیئرمین علامہ سید ساجدعلی نقوی کی ہدایت پر علامہ شہنشاہ نقوی نے مذکورہ کالونی کا دورہ کیا ، چیئرمین شیعہ ڈئزاسٹر مینجمنٹ کمیٹی علامہ شہنشاہ نقوی نے جوز ف کالونی کے متاثرین میں یہ رقم تقسیم کی ،اس موقع پر سید آصف علی زیدی ،سید شبیر حسین نقوی ،سید محبوب علی رضوی ،جعفرشاہ اور دیگر موجود تھے،شیعہ علماء کونسل پنجاب کے صدر علامہ مظہر عباس علو ی نے کہاکہ پنجاب میں انتہاپسندوں کو روکنے کے لئے کسی بھی سطح پر اقدامات نہیں کئے گئے ،پنجاب حکومت امن وامان برقرار رکھنے میں ناکا م ہوگئی ہے ،جہاں بھی انتہا پسند بے گناہ افرادکو نقصان پہنچائیں گے وہاں ان متاثرین کی بھر پور امداد کی جائے گی ،علامہ سید ساجدعلی نقوی کی ہدایت پرہم ہر جگہ پہنچیں گے اور ان متاثرین سے اظہار ہمدردی کریں گے ،پنجاب میں لشکرجھنگوی کے دہشت گرد کھلے عام پھررہے ہیں ،ان کی سرگرمیاں آزادنہ اندازمیں جاری ہیں مگر انہیں کوئی روکنے والا نہیں ہے
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پنجاب انسٹی ٹیوٹ میں جعلی ادویات استعمال کی جاتیں ہیں :ثمینہ خاور حیات
لاہور( جی پی آئی) پاکستان مسلم لیگ ق کی رکن پنجاب اسمبلی و مرکزی سیکرٹری اطلاعات مسلم لیگ ق شعبہ خواتین ثمینہ خاور حیات نے کہاہے کہ کبھی پنجاب انسٹی ٹیوٹ میں جعلی ادویات استعمال کی جاتیں ہیں تو کبھی یہاں کے فنڈز ختم ہوجاتے ہیں اور اب یہاں ادویات سے کیڑے برآمد ہوئے ہیں،ایک ٹی چینل پر نشر ہونے والی اس خبر پر پنجاب بھر کے عوام پریشان ہوگئے ہیں،میڈیا پنجاب میں غریب مریضوںکے ساتھ ہونے والا سلوک دیکھا رہا ہے لیکن یہاں کسی کے کان پرجوں نہیں رینگ رہی ،پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں غریب علاج کے لئے آتے ہیںمگران کاعلاج کرنے کے بجائے انہیں ناقص ادویات فراہم کرکے موت کے منہ میں دھکیل دیا جاتا ہے ،پنجاب میں ہسپتالوں کی جو حالات سے وہ سب کو معلوم ہے ،
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سانحہ جوزف کالونی کوئٹہ ،کراچی اور پشاور واقعات کا تسلسل ہے:لیاقت بلوچ
لاہور(جی پی آئی)سیکرریٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ قدر مشترک اور درد مشترک پر ہی قوم کو متحد رکھا جاسکتا ہے ،پاکستان مسلمانو ں کی طرح یہاں بسنے والی عیسائیوں سمیت دیگر اقلیتوں کا بھی ملک ہے ۔سانحہ جوزف کالونی کوئٹہ ،کراچی اور پشاور واقعات کا تسلسل ہے ،حکمران عوام کے جان و مال کی حفاظت کرنے میں ناکام رہے ہیں ۔انتخابات کو سبو تاژ کرنے کی سازشیں جاری ہیں لیکن ملک میں امن و امان کی بحالی کیلئے فوری انتخابات کا انعقاد ضروری ہے ۔پوری قوم جوزف کالونی کے متاثرین کے غم میں برابر کی شریک ہے اور ان کی بحالی اور خدمت کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے ۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے جماعت اسلامی لاہور کے زیر اہتمام ہمدرد سینٹر میں منعقدہ مسیحی برادری سے اظہار یکجہتی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،کانفرنس سے جماعت اسلامی لاہور کے امیر میاں مقصود احمد نائب امیر جماعت اسلامی پنجاب ،امیر العظیم ،وقار ندیم وڑائچ ،بشپ لاہور ،ڈاکٹر مجید ایبل ،فرانسس ندیم ، مرکزی راہنماء جمعیت علمائے اسلام مولانا محمد امجد ،جمعیت علمائے پاکستان کے سیکریٹری جنرل قاری زوار بہادر،ملی یکجہتی کونسل پنجاب کے صدر مولانا عثمان نوری،مولانا عبدالخبیر آزاد خطیب بادشاہی مسجد ،قاری سیف الدین سیف ،مرکزی جمعیت اہل حدیث مولانا رانا نصراللہ ، جماعت اسلامی کراچی منارٹی ونگ کے صدر سوہن مسیح و دیگر نے بھی خطاب کیا ۔جبکہ اس موقع پر ڈاکٹر ذکراللہ مجاہد سیکریٹری جنرل جماعت اسلامی لاہور ،علامہ حسین احمد اعوان ،استاد احمد مجاہد ،پیر زبیر عابد ،مخدوم عاصم منظور مولانا مختار خان سواتی اور قاری عطاء الرحمن بھی موجود تھے ۔لیاقت بلوچ نے چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان سے مطالبہ کیا کہ از خود نوٹس میں اب تک ہونے والے اس طرح کے واقعات کے بعد حکمرانوں کی طرف سے بنائی گئی کمیٹیوں کا بھی جائزہ لیں اور ان کی نااہلیوں کو قوم کے سامنے لایا جائے انہوں نے کہا کہ مستقبل میں اسے واقعات کو روکنے کیلئے چیف جسٹس لاہور ہائی کی سربراہی میں عدالتی کمیشن قائم کیا جائے جو سپریم کورٹ کے احکامات پر عمل درآمد کا جائزہ لے اور ان احکامات کی راہ میں رکاوٹ بننے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا بھی کرے ،انہوں نے کہا کہ ہر سطح پر مسلم مسیحی اتحاد برقرار رکھنے کیلئے امن کمیٹیاں قائم کی جائیں ،ہمارے ہاں ایسا کوئی خطرناک اور ملک وقوم کی بدنامی بننے والا واقعہ سامنے آتا ہے تو دوچار دن بلند و بانگ دعوے کئے جاتے ہیں مگر جونہی تھوڑی سی گرد بیٹھتی ہے، سب کچھ بھول جاتے ہیں ،انہوں نے کہا کہ بادامی باغ واقعہ بھی کوئٹہ کراچی اور پشاور واقعات کی کڑی ہے جن کے ذریعے پہلے مختلف مسالک اور فرقوں کے درمیان فساد پھیلانے کی کوشش کی گئی اورجب فرقہ وارانہ فسادات میں ناکامی پر تو ان قوتوں نے مسلم مسیحی اتحاد کو پارہ پارہ کرنے کی سازش کی ۔ انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ پاک ایران گیس منصوبے کو ناکام بنانے ،خطے میں امن و امان کی خرابی اور پاکستان کو عالمی برادری میں بدنام کرنے کی سازش ہے۔بشپ لاہور نے یکجہتی کونسل سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لاہور کے واقعہ نے ملک میں مسیحیوں کے غیر محفوظ ہونے کے تاثر کو ابھارا ہے ،حضرت عیسی ٰ کو ماننے والاحضرت محمد صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی شان میں گستاخی کی جرأت نہیں کرسکتا ،انہوں نے بھی مطالبہ کیا کہ یونین کونسل کی سطح پر امن کمیٹیاں قائم کی جائیں تاکہ آئندہ ایسے واقعات کا تدارک کیا جاسکے ۔پاکستانی قوم نے اس سانحہ کے درد کو دل سے محسو س کیا ہے ،ہمیں ملک میں مذہبی رواداری کیلئے کوشاں رہنا چاہئے ۔ قبل ازیںمسلم اور مسیحی مذہبی رہنمائوں کا مشترکہ اجلاس آج دفتر جماعت اسلامی میں منعقد ہوا جس کی صدارت جناب میاں مقصوداحمد صاحب امیر جماعت اسلامی نے کی اور تمام مذہبی جماعتوں کے رہنماء اور نمائندے اجلاس میں شریک ہوئے ۔اجلاس میں متفقہ طور پر جوزف کالونی بادامی باغ لا ہور کے سانحے پردلی افسوس اور مسیحی برادری پر کئے جانے والے ظلم کے خلاف شدید نفرت کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا کہ مسیحی بستی کے گھیرائو جلائو میں ملوث مجرموں کو قرار واقعی سزا دی جائے اور متاثرین کے نقصان کی بھرپور تلافی کی جائے۔اجلاس میں جوزف کالونی کے شرمناک واقعے کے تمام پہلوئوں پر غور کرتے ہوئے تمام رہنمائوں نے درج ذیل نکات پر اتفاق کیا کہ جوزف کالونی کی مسیحی برادری کے تمام تر نقصان کی ذمہ دار مقامی پولیس اور قانون نافذ کرنے والے حکومتی ادارے ہیں جو کہ سب کچھ محسوس کرتے اورخطرات سے آگاہ ہوتے ہوئے بھی شرپسندوں کو سختی کے ساتھ روکنے اور مسیحی برادری کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام رہے۔گھیرائو جلائو میں ملوث شرپسندوں اور ان کے پس پردہ سیاستدانوںاور مفاد پرست تاجروں کو کسی مذہب کا نمائندہ قرار نہیں دیا جاسکتا۔یہ سب عناصر بلاامتیاز ایک ظلم اور ناانصافی کے مرتکب ہوئے ہیں ان کی مذمت جتنے بھی شدید الفاظ میں کی جائے کم ہے۔شرپسندی اور اس کے پس پردہ عوامل کو تلاش کرکے اس گھنائونے اور انسانیت سوز جرم کے مرتکب افراد کو سخت سے سخت سزا دی جانی چاہئے۔مذاہب کے درمیان رواداری اور احترام کے جذبوں کو فروغ دینے کیلئے مسلم ۔مسیحی رہنمائوں کو مشترکہ جدوجہد کرنی چاہئے اور ایک دوسرے کی مقدس شخصیات ،عبادتگاہوں،کتابوں اور مذہبی ورثے کے تحفظ کے لئے تمام مذاہب کے ماننے والوں کی ذہن سازی کرنی چاہئے۔اسلامی جمہوریہ پاکستان کے آئین ،قانونی کی دفعات 296-B-295سی کے تحت موثر اور غیر جانبدار انہ نفاذ سے تمام مذاہب کی مقدس شخصیات اور مذہبی کتب کا تحفظ کیا جاسکتا ہے۔انبیاء کرام علیہم السلام اور آسمانی تعلیمان پر مبنی مذہبی کتب کو یکساں طور پر تحفظ فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے ۔مسلم،مسیحی رہنماء اس سلسلہ میں مشترکہ کونسل تشکیل د ے کر قانون کے منصفانہ اور غیر جانبدارانہ نفاذ میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔لہذا آج کا اجلاس ایک مشترکہ کونسل کی تشکیل کا فیصلہ کرتا ہے۔مسیحی برادری کے ساتھ روا رکھے جانے والے کسی بھی جانبدارانہ اور غیر منصفانہ سلوک کی مذمت کے ساتھ طے پایا کہ جو مذہبی یا سیاسی مسلم رہنما شرپسندوں کے لئے نرم گوشہ رکھتے ہوں ان سے بھی لاتعلقی کا اظہارکیا جائے۔اسی طرح قرآن مجید اور پیغمبر اسلام حضرت محمد صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی توہین کا ارتکاب کرنے والے کسی بھی فراد سے اجتماعی طور پر لاتعلقی اور نفرت کا اظہار کیا جائے اور اپنے اپنے مذاہب کے افراد کو باور کرایا جائے کہ اگر وہ اس طرح کے جرم کا ارتکاب کریں گے تو کوئی بھی مذہبی یا سیاسی ادارہ،تنظیم یا شخصیات نہ تو ان کے مقدمات کی پیروی کریں گی اور نہ ہی ان کی پشت پناہی کریں گی بلکہ انبیاء علیہم السلام اور کتب کی توہین کرنے والوں اور بے گناہوں کے خلاف گھیرائو،جلائو کا ارتکاب کرنے والوں کے خلاف یکساں اور متفقہ طور پر نفرت اور لاتعلقی کا اظہار کیا جائیگا۔توہین رسالت صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے ملزم “ساون مسیح”سے تفتیش کے عمل میں پولیس کے ساتھ کم از کم چھ رکنی مسلم،مسیحی علماء کی ایک کمیٹی کو شامل کیا جائے تاکہ تفتیش کا عمل مکمل طور پر قانونی ،مذہب اور مشترکہ اقدار کے دائرے میں ہو اور جرم کو بڑھانے اور گھٹانے کی بجائے درست رپورٹ سامنے آسکے۔یہ اجلاس ملک میں انتخابات کے التواء کو کسی صورت قبول نہیں کرے گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
عمران خان بادامی باغ کے متاثرین کے پاس تقریر کے علاوہ کیا لے کر گئے تھے؟:پرویزرشید
لاہور(جی پی آئی)سینیٹر پرویزرشید نے کہا ہے کہ عمران خان کی سیاست ہی نرالی ہے اور وہ اپنے خودساختہ سیاسی فلسفے کے مطابق زخم لگانے والوں پر تنقید کی بجائے زخم پر مرہم رکھنے والوں پر تنقید کرتے ہیں جس کا حقائق سے کوئی تعلق نہیں۔ وہ محض تقریر کرنے کے شوق میں بے بنیاد الزامات سے بھی گریز نہیں کرتے ایک بیان میں پرویزرشید نے کہا کہ جہاں تک گوجرہ میں رونما ہونے والے واقعے کا تعلق ہے تو عمران خان اپنے وکلاء سے اس امر کی تصدیق کر لیں کہ پنجاب حکومت نے نہ صرف گوجرہ کے واقعے میں ملوث افراد کو گرفتار کیا تھا بلکہ ان کا چالان بھی متعلقہ عدالت میں پیش کر کے اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے پوری کیں تھیں۔ انہوں نے کہا کہ بعد ازاں مقدمات کے فریقین کے درمیان صلح کے نتیجے میں مقدمات ختم ہوئے اور ملزمان بری ہو گئے۔ سینیٹر پرویزرشید نے کہا کہ عمران خان عوام کو یہ بھی وضاحت کر دیںکہ وہ مشکلات کے شکار بادامی باغ کے متاثرین سے جب ملنے گئے تو وہ تقریر کے علاوہ ان کے لئے اپنے ساتھ کیا لے کر گئے؟ کیا صرف چند رفقاء کے ساتھ جا کر میڈیا کوریج حاصل کرنا ہی ان کا مقصد تھا تو پھر وہ اس میں کامیاب رہے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
اہلِ علم ودانش کے اجلاس میں بنگلہ دیشی مظالم کی مذمت۔ حافظ محمدادریس
لاہور(جی پی آئی)ادارہ معارف اسلامی منصورہ،لاہور میں ایک اجلاس ڈائریکٹر ادارہ حافظ محمد ادریس کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں مختلف اہل تصنیف وتالیف نے شرکت کی۔ ان اصحابِ دانش وعلم نے بنگلہ دیش میں ڈھائے جانے والے مظالم پر بنگلہ دیشی حکومت کی شدید مذمت کی۔ اجلاس میں شریک ہر صاحب قلم کی رائے تھی کہ بنگلہ دیش حکومت نے ہٹلر کے مظالم اور ہلاکو خاں کی بربریت کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ ان حکمرانوں کو کسی پیمانے سے مہذب قرار نہیں دیا جاسکتا۔ محمد رفیق دانش یار نے کہا کہ بنگلہ دیش کے یہ حریت پسند پاکستان کی سا لمیت کی خاطر پہلے بھی قربانیاں دیتے رہے اور اب بھی ان کو قربانی کا بکرا بنایا جارہا ہے۔ پروفیسر ظفر حجازی نے کہا کہ افسوس تو یہ ہے کہ حکومت پاکستان خاموش تماشائی بنی بیٹھی ہے۔ ناروے سے آئے ہوئے دانش ور اور صاحب قلم اظہر علی نے کہا کہ بنگلہ دیشی مظالم کو مغربی دنیا کا ہر قانون دان جنگل کے قانون سے تشبیہ دے رہا ہے ۔ گل زادہ شیرپاؤ نے کہا کہ اسلام کا قانون جہاں نافذ نہ ہو وہاں عدل وانصاف کا گلا گھونٹنے میں حکمران جری ہوجاتے ہیں۔ اجلاس میں شیخ افتخار احمد، چودھری مختار احمد اور ادارے کے دیگر رفقا نے شرکت کی۔اجلاس کے آخر میں صدر مجلس حافظ محمد ادریس نے کہا کہ بنگلہ دیش حکومت ان شاء اللہ عوامی احتجاج کے سامنے گھٹنے ٹیکنے پر مجبور ہوجائے گی۔ اب جماعت اسلامی کی زبردست احتجاجی تحریک نے اتنا زور پکڑا ہے کہ خالدہ ضیاء کی پارٹی بی این پی کو بھی میدان میں آنا پڑا ہے۔ آج ہی یہ خبر آئی ہے کہ بنگلہ دیشی وزیرخارجہ نے کہا ہے کہ حکومت جماعت اسلامی سے بھی مذاکرات کرسکتی ہے۔ یہ ظالموں کی پسپائی ہے۔ اہل حق ضرور سرخرو ہوں گے۔بنگلہ دیش ان شاء اللہ اسلام کا گہوارہ بنے گا۔ اجلاس کے آخر میں بنگلہ دیش میں شہید ہونے والے تحریکی کارکنان کی بلندیٔ درجات کے لیے دعا کی گئی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وفاقی حکومت کی ناکام پالیسیوں کی وجہ سے آج ملک بے یقینی کی کیفیت سے دوچار ہے:حاجی نواز چوہان
گوجرانوالہ (جی پی آئی)مسلم لیگ ن کے ایم پی اے حاجی نواز چوہان نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی ناکام پالیسیوں کی وجہ سے آج ملک بے یقینی کی کیفیت سے دوچار ہے، پیپلز پارٹی کے موجودہ دور میں ملکی اداروں کی تنزلی جبکہ کرپشن کو عروج حاصل ہوا، نااہل حکمرانوں کی لوٹ مار نے ملک کو تاریخ کے نازک ترین موڑ پر لا کھڑا کیا ہے، موجودہ نازک صورتحال سے نکالنے کیلئے نڈر اور دیانتدار قیادت کی ضرورت ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نوشہرہ روڈ پر کارکنوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔حاجی نواز چوہان کا کہنا تھا کہ حلقہ میں ہونے والے ترقیاتی کام آپ پر احسان نہیں، یہ میری ذمہ داری ہے، انشاء اللہ حلقہ کو ایسا مثالی بنا دوں گا کہ لوگ دیکھنے آئیں گے، ان کا کہنا تھا کہ میرا جینا مرنا آپ لوگوں کے ساتھ ہے،میں نے اپنے وعدوں سے زیاہ کام کروائے، انشاء اللہ خدمت کا سفر جاری رہے گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
حکمرانوں نے ملک کو اندھیروں میں ڈبو دیا’خواجہ طارق جاوید نائیک
گوجرانوالہ(جی پی آئی)راہنما پاکستان مسلم لیگ(ن)وسابقہ ڈپٹی میئر خواجہ طارق جاوید نائیک اور خواجہ غیور نائیک نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ حکمرانوں نے ملک کو اندھیروں میں ڈبو دیاہے دہشت گردی نے فروغ پایا بے روزگاری اور بدامنی میں اضافہ ہوا عام آدمی کا سکون چھین لیا ان حکمرانوں سے چھٹکارا پانے کا آخری موقع عام انتخابات میں ان کو شکست دینا ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے پارٹی ورکروں سے ملاقات کے دوران کیا۔انہوں نے کہاکہ آنے والا وقت مسلم لیگ(ن)کا ہے مگر کرپٹ حکمران میاں نواز شریف کا راستہ روکنے کیلئے سازشیں کر رہے ہیں۔آخر میں انہوں نے کہا کہ کسی کی ذات پر کیچڑ اچھالنے کی سیاست نہیں کی بلکہ ہم نے ہمیشہ عوامی خدمت کو ہی اپنا مشن سمجھا ہے مخالف کو بھی احترام کی نگاہ سے دیکھا ہے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
شیخ برادری نے آئندہ الیکشن میں مسلم لیگ ن کی بھرپور حمایت کا اعلان کر دیا
گوجرانوالہ(جی پی آئی)سیٹلائٹ ٹائون کی شیخ برادری نے آئندہ الیکشن میں مسلم لیگ ن کی بھرپور حمایت کا اعلان کر دیا ، شیخ خالد احرار کی رہائش گاہ پر اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے نائب صدر جمیعت شیخ حافظ بدر منیر نے کہاکہ شیخ برادری آنے والے الیکشن میں محافظ پاکستان میاں نواز شریف پر اپنے ووٹ نچھاور کر دیگی،خرم دستگیر خان کی گوجرانوالہ کے لئے خدمات خراج تحسین کی مستحق ہیں،بھاری اکثریت سے دوبارہ کامیاب کرائیں گے ،شیخ خالد احرار نے کہا کہ خرم دستگیر خان اپنی شاندار کارکردگی کی بنیاد پر آئندہ بھی شہر کی نمائندگی کے حقدار ہیںاس لئے انہیں شیخ برادری پوری قوت فراہم کر کے قومی اسمبلی میں بھیجے گی ،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے تجارت کے چیئرمین و مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات مسلم لیگ ن انجینئر خرم دستگیرخان نے کہا کہ پانچ سال میں بدترین لوڈشیڈنگ ،مہنگائی اوردہشت گردی نے عوام سے روزگار چھین لیا،حکمرانوں کی نااہلی اور لوٹ مار نے ملک کو بدترین تباہی سے دوچار کردیا ہے۔18،18گھنٹے لوڈ شیڈنگ کرنے والے لٹیرے ٹولے کو اٹھا کر باہر پھینکنے کا وقت آن پہنچا،آئندہ الیکشن پاکستان بچانے کا الیکشن ہے، عوام کے روزگار پر چھائے مایوسی کے بادل عنقریب چھٹنے والے ہیں،مسلم لیگ ن اقتدار میں آکر ملکی معاملات کو فوری طور پر ٹھیک کرے گی انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت میں بیٹھے بے حس اور کرپٹ ٹولے نے ملک کو تباہی کے راستے پر ڈال کر ملک کی آنے والی نسلوں کا مستقبل خطرے میں ڈال دیا ہے، ملکی تقدیر کے ساتھ گھنائونا کھیل کھیلنے والوںسے نجات کے لئے عوام کے پاس اگلا الیکشن بہترین موقع ہے،بجلی و گیس بند کر کے عوام کو بھوکوں مارنے والے حکمران الیکشن کے دن عوامی انتقام کا نشانہ بن کے رہیں گے،صرف مسلم لیگ ن کے پاس ملکی معا ملات کو احسن انداز سے چلانے کی صلاحیت رکھنے والی ٹیم موجود ہے جو ملک کا نظام بہترطریقے سے سنبھالے گی اور ہنگامی اقدامات کے ذریعے ملکی مسائل کا حل نکالا جائے گا،اس موقع پر شیخ خالد احرار،نائب صدر جمیعت شیخ حافظ بدر منیر شیخ،شیخ محمد اسلم ،ناصر محمود شیخ،شیخ شفیق احمد،شیخ عثمان،شیخ نعمان،شیخ فیصل،شیخ ضیاء خالد ،محمد بابر،رانا محمداشفاق اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پاک ایران گیس منصوبے کے معاہدے اور سنگ بنیاد کا خیر مقدم کرتے ہیں :مولانا محمد اکبر نقشبندی
گوجرانوالہ (جی پی آئی)صوبائی سیکرٹری اطلاعات مرکزی جمعیت علماء پاکستان الحاج مولانا محمد اکبرنقشبندی نے پاک ایران گیس منصوبے کے معاہدے اور سنگ بنیاد کا خیر مقدم کرے ہوئے کہا کہ حکومت نے پاک ایران گیس منصوبے پر امریکی دبائو مسترد کرکے عوامی امنگوں کی ترجمانی کی ہے ۔ گیس کا معاہدہ ملکی ترقی و خوشحالی کیلئے سنگ میل ثابت ہو گا، پاکستان توانائی بے پناہ اور کمرشکن بحران سے نجات ملے گی اور مستقبل روشن ہو گا ، صنعتوں کا منجمد پہیہ رواں ہو گا اور بے روز گاری کے خاتمہ میں مدد ملے گی ، پاک ایران گیس پائپ لائن کا معاہدہ جمہوری عوامی حکومت کی آزادانہ پالیسی کا مظہر اور عظیم کارنامہ ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنی اتحاد کونسل کے دفتر میں علماء کرام اور عہدیداروں سے گفتگوں کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مفتی محمد حسین صدیقی ، الحاج سرفراز احمد تارڑ ، مفتی غلام نبی جماعتی ، قاری غلام سرور حیدری ، قاری محمد اعظم چشتی ،پیر عمار سعید سلمانی ، حافظ محمد رفیق قادری ، قاضی محمد یعقوب رضوی ، حافظ محمد یعقوب فریدی ، حافظ محمد سعید زین ، حافظ محمد نعمان صدیقی اور عبدالمجید کیلانی بھی موجود تھے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
الحاج پیر قاضی محمد بشیر مرحوم کو بڑے قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا
گوجرانوالہ (جی پی آئی)آستانہ عالیہ حضرو شریف اٹک کے خلیفہ مجاز الحاج پیر قاضی محمد بشیر مرحوم کو بڑے قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا ۔ نماز جنازہ میں کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی ۔ مرحوم کے قل کا ختم شریف آج 8.30بجے مرکزی جامع مسجد نور بازار غلام محمد ٹھیکیدار میں ہو گا ۔ مرحوم قاضی محمد ممتاز احمد ،قاضی محمدریاض اور قاضی محمدفیاض کے والد تھے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
آج دنیا میں مغربی اور اسلامی تہذیب کے درمیان کھلی جنگ جاری ہے :بیگم مفتی حسین صدیقی
گوجرانوالہ (جی پی آئی)سنی اتحاد کونسل کی رہنما بیگم مفتی حسین صدیقی نے کہاہے کہ آج دنیا میں مغربی اور اسلامی تہذیب کے درمیان کھلی جنگ جاری ہے ، عورت کو جو مقام اور حقوق اسلام نے دیئے ہیںدوسرے مذاہب میں اسکا تصور بھی نہیں ، مغرب کی تقلید میں خواتین اسلامی تعلیمات سے انحراف نہ کریں ، خواتین معاشرے میں باعزت مقام حاصل کرنے کیلئے حضور نبی کریم کی ازوج مطہرات کی سیرت اپنائیں ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اہلسنت شعبہ خواتین کے زیر اہتمام جامعہ نورالاسلام للبنات عالم چوک بائپاس میں منعقدہ محفل میلا سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس کی صدارت بیگم الحاج سرفراز احمد تارڑ نے کی اس موقع پر بیگم محمد اکرم مغل ، بیگم محمد مشتاق مرحوم، بیگم محمد ادریس ،بیگم حافظ محمد اعظم ،بیگم عمران شہزاد تارڑ،بیگم حافظ محمد اصغربٹ ،بیگم حافظ فیاض الحسن صدیقی، بیگم عبدالمجید کیلانی ، بیگم محمد اکرم رضوی اور دیگر معلمات نے بھی خطاب کیا ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
انجمن تاجران بیرون ایمن آبادی گیٹ شیرانوالہ باغ کے انتخابات میں تمام عہدیداران بلامقابلہ منتخب ہوگئے
گوجرانوالہ (جی پی آئی)انجمن تاجران بیرون ایمن آبادی گیٹ شیرانوالہ باغ کے انتخابات میں تمام عہدیداران بلامقابلہ منتخب ہوگئے۔ یونین کی ایگزیکٹو باڈی ارشد علی، محمد طارق چوہان کی نگرانی میں ہونیوالے انتخابات میں صدر کیلئے ڈاکٹر آغا علی حیدر نائب صدر کیلئے حاجی ارشد علی، جنرل سیکرٹری کیلئے سفارش علی باجوہ اور فنانس سیکرٹری کیلئے محمد عدنان شہزاد نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے جن کے مقابلہ کیلئے کسی بھی امیدوار نے وقت مقرر تک کاغذات جمع نہ کروائے۔ جس کے بعد ایگزیکٹو ممبران کی زیر صدارت مارکیٹ کا جنرل اجلاس منعقد کیا گیا۔ جس میں تمام ممبران نے شرکت کی اور ممبران کے مشورہ سے ایگزیکٹو باڈی نے متقفہ طور پر ڈاکٹر آغا علی حیدر کو صدر، حاجی ارشد علی کو نائب صدر، سفارش علی باجوہ کو جنرل سیکرٹری اور محمد عدنان شہزاد کو فنانس سیکرٹری کے عہدوں پر منتخب قرار دیدیا۔ ایگزیکٹو ممبران نے کامیاب پینل کو مبارکباد دی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ پیپلزپارٹی کی حکومت کا عظیم کارنامہ ہے:رائو اکرم خاں
گوجرانوالہ (جی پی آئی) پیپلزپارٹی کے ضلعی راہنما و سابق ٹائون ناظم رائو اکرام خاں نے کہا ہے کہ پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ پیپلزپارٹی کی حکومت کا عظیم کارنامہ ہے، گوادر پورٹ چائنہ کے سپرد کرنے سے وسطی ایشیاء کی ریاستوں کیساتھ ساتھ چائنہ، ایران اور پاکستان کے تعلقات میں بہتری آئے گی، پاکستان پیپلزپارٹی نے اپنے دور حکومتوں میں تاریخی کام سر انجام دیکر صحیح جمہوری پارٹی ہونے کا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منڈیالہ وڑائچ میں اپنی رہائشگاہ پر چودھری مشتاق گجر کی قیادت میں آنیوالے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، رائو اکرام خاں نے کہا کہ ایران کے حکمرانوں نے ایرانی عوام کے تعاون سے امریکہ اور یہودیوں کے سامنے سینہ سپر ہو کر مسلمان حکمرانوں میں عزم و حوصلہ پیدا کیا۔ صدر زرداری نے امریکی مفادات کے برعکس پاکستان اور پاکستانی عوام کی بہتری کے لئے گوادر پورٹ چائنہ کے حوالے اور پاک ایران گیس منصوبے جیسے کا م کر کے سر فخر سے بلند کر دیئے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پاکستان میں حالیہ دہشتگردی کی لہر غیر ملکی ایجنسیوں کی سازشیں ہیں:چوہدری رضوان چیمہ
گوجرانوالہ (جی پی آئی) امیر جماعت اسلامی زون پی پی 92 چودھری رضوان چیمہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں حالیہ دہشتگردی کی لہر غیر ملکی ایجنسیوں کی سازشیں ہیں جس کے تحت پاکستان کے مختلف حصوں میں باقاعدہ منظم منصوبہ بندی کے ذریعے دہشت گردی کے واقعات پے درپے کروائے جارہے ہیں جن کا مقصد پاکستان کو کمزور کرنا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کھیالی شاہ پور منعقدہ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ حکمران ہوش کے ناخن لیں اور دہشت گردی کے واقعات کی روک تھام کے لئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مزید متحرک اور فعال بنائیں۔ امن و امان میں مکمل طور پر ناکامی موجودہ حکمرانوں کے لئے سوالیہ نشان بن چکی ہے۔ انہوں نے کہاکہ آئندہ بروقت اور شفاف انتخابات سے ہی دہشت گردی کے عفریت پر قابو پایا جاسکتا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کامنشور انقلابی ہے:خواجہ ایوب الیاس
گوجرانوالہ (جی پی آئی) مسلم لیگ (ن) کے راہنما خواجہ ایوب الیاس نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کامنشور انقلابی ہے، لوہیانوالہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ سبز باغ دکھانے اور ہتھیلی پر سرسوں جمانے والے اور بہت ہیں یہی وجہ ہے (ن) لیگ کی قیادت نے منشور کی تیاری کے ہر مرحلے میں ایک ایک نکتے پر غور کرتے ہوئے اس پہلو کو پیش نظر رکھا کہ کیا ہم ایسا کرنے کے لئے وسائل اور صلاحیت رکھتے ہیں، انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کا منشور عوامی ہے اور اس پر ہم سوفیصد عمل کریں گے، یہ منشور کچے پکے نعروں اور کھوکھلے خوابوں کا مجموعہ نہیں ایک ٹھوس عہد نامہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ قوم کا ہر فرد اس عہد نامے کو سنبھال کر رکھے اور اگر ہمیں اللہ تعالیٰ خدمت کا موقع دے تو ہماری کارکردگی کو اس عہد نامے کے روشنی میں جانچا جائے، انشاء اللہ ہم اس امتحان میں سرخرو رہیں گے۔