اضلاع کی خبریں 26.06.2013

مشرف کو سزا مل گئی تو آئندہ کوئی طالع آزما جمہوریت پر شب خون مارنے کی جرأت نہیں کرے گا : منور حسن
لاہور(جی پی آئی)امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منورحسن نے کہاہے کہ حکومت نے فوجی آمر مشرف کے خلاف غداری کا مقدمہ چلانے کے موقف پر کمزور ی دکھائی تو اسٹیبلشمنٹ کا منہ زور گھوڑا بے قابو ہو کر حکمرانوں کو ناکام بنادے گا۔ مشرف کو اس کی بداعمالیوں کی قرار واقعی سزا ملنی چاہیے۔ اس نے نہ صرف آئین توڑا بلکہ ملک و ملت کو امریکی غلامی میں دے کر ملکی آزادی و خود مختاری کو پامال کیا۔ مشرف کو آئین کے آرٹیکل 6 کے تحت سزا مل گئی تو آئندہ کوئی طالع آزما جمہوریت پر شب خون مارنے کی جرأت نہیں کرے گا۔ نوازشریف حکومت سے قوم نے جو توقعات باندھی تھیںان میں سر فہرست ملک کی آزادی و خود مختاری کی بحالی، امن و امان کی بحالی ، مہنگائی اور لوڈشیڈنگ کاخاتمہ تھا لیکن حکومت کی اب تک کی کارکردگی عوامی توقعات کے برعکس ہے۔ ڈرون حملے اسی طرح جاری ہیں اور پاکستان کی آزادی و خود مختاری کا مذاق اڑارہے ہیں۔ حکومت لوڈشیڈنگ کے معاملے میں بھی لوگوں کو ریلیف دینے میں ناکام رہی ہے اور آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن پر بننے والے بجٹ نے عوام کی مشکلات اور مہنگائی میں کئی گنا اضافہ کر دیاہے ۔ ایک فیصد جی ایس ٹی کے نفاذ سے ہر چیز کی قیمت 15 سے 20 فیصد تک بڑھ گئی ہے۔ تعلیم ، صحت اور روزگار کی سہولتیں ناپید ہیں۔ نئی حکومت نے عوام کی پریشانیوں اورد کھوں کو کم کرنے کی بجائے ان میں اضافہ کر دیاہے ۔ لوگ بے بسی کے عالم میں مصیبتوں سے نجات حاصل کرنے کے لیے رستے ڈھونڈ رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں منعقد ہ پانچ روزہ تربیت گاہ کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تربیت گاہ میں ملک بھر سے سینکڑوں کارکنان نے شرکت کی ۔اس موقع پر ڈپٹی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر فرید احمد پراچہ اور ناظم شعبہ تربیت حافظ محمد ادریس بھی موجود تھے۔ سید منورحسن نے کہاکہ امریکہ سینٹرل ایشیائی ریاستوں کے وسائل پر قبضہ کرنے ، خطے میں چین کے بڑھتے ہوئے کردار کو روکنے ، بھارت کو علاقے کا تھانیدار بنانے اور ایران کوآنکھیں دکھانے کے لیے پاکستان کی جغرافیائی پوزیشن سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کررہاہے ۔ امریکہ خود تو طالبان سے مذاکرات کی بھیک مانگ رہاہے لیکن پاکستان کو طالبان سے مذاکرات سے دور رکھنا چاہتاہے ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کی مرضی کے بغیر خطے میں کوئی معاملہ طے نہیں پاسکتا ۔ حکومت پاکستان کو اپنی شاندار جغرافیائی پوزیشن کا احساس ہوناچاہیے اور اس کا فائدہ اٹھاناچاہیے۔ سید منورحسن نے کہاکہ سیکولر لابی قیام پاکستان اور نظریہ پاکستان کے خلاف زہریلا پراپیگنڈہ کر رہی ہے۔ ٹی وی چینلز پر امریکی امداد کے کروڑوں روپے کے اشتہارات کے ذریعے ثابت کیا جارہاہے کہ امریکہ پاکستان کی تعمیر و ترقی کے لیے دن رات کوشاں ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ سب جھوٹ اور سیکولر لابی کا پراپیگنڈا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ سیکولر ایجنڈے کو ناکام بنانے کے لیے جلد ملک کی دینی و سیاسی جماعتیں ایک پلیٹ فارم پر متحد ہو کر بہت بڑی عوامی تحریک چلائیں گی۔ کراچی کے حالات پر گفتگو کرتے ہوئے سید منور حسن نے کہاکہ کراچی پاکستان کا ہی نہیں عالم اسلام کا بھی نمائندہ شہر ہے جو ایم کیو ایم کی بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ کی نذر ہو چکاہے ۔ کراچی کی آزادی اور شہریوں کے بنیادی حقوق کو سلب کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ایم کیو ایم کے عام کارکن کو بھی کوئی ہاتھ نہیں لگا سکتا، اس کے ایم پی اے کو مارنے کی جرأت کون کر سکتاہے ؟انہوں نے کہاکہ ایم کیو ایم کے کارکنوں اور قیادت کے درمیان جو جنگ شروع ہو چکی ہے اس کی وجہ سے عام شہری بھی لقمہ ٔ اجل بن رہے ہیں۔ حکومت اور سیکورٹی ادارے اس گریٹ گیم سے پوری طرح آگاہ ہیں، حکومت کا فرض ہے کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے اقدامات کرے اور سخت فیصلے بھی کرنا پڑیں تو ان سے گریز نہ کیاجائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے سرگودھا میں خسرہ کے مرض میں اضافے کی خبر کا نوٹس لے لیا،رپورٹ طلب
لاہور(جی پی آئی) وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے سرگودھا میں خسرہ کے مرض میں اضافے کی خبر کا فوری نوٹس لیتے ہوئے صوبائی وزیرصحت اور سیکرٹری صحت سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ بچوں کو خسرہ سے بچانے کے لئے ہنگامی طور پر تمام ضروری اقدامات کئے جائیں ،ہسپتالوں میں متاثرہ بچوں کو علاج معالجہ کی بہترین سہولیات کی فراہمی کویقینی بنایا جائے اورخسرہ سے متاثرہ بچوں کے لئے ہسپتالوں میں بیڈز کا مناسب انتظام ہونا چاہیے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
قومی بجٹ غریب دشمن ہے:لیاقت بلوچ
لاہور(جی پی آئی)سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ قومی بجٹ غریب دشمن ہے ۔ مزدور، ملازمین، پنشنرز اور روزانہ کی بنیاد پر کام کرنے والے محنت کشوں کا کچومر نکل جائے گا۔ حکمران بجلی بحران ختم کرنے کی بجائے بجلی ریٹ مسلسل بڑھا کر عوام کو بجلی کے جھٹکے لگارہے ہیں۔ زراعت، صنعت، تجارت کی ترقی کے لیے توانائی کا بحران حل کرناہوگا ۔ آٹا دال چینی چاول اور تیل وبجلی کی قیمتیں کم کر کے عوام کی حالت کا رخ خوشحالی کی طرف موڑا جائے وگرنہ عوام اب غصے کی انتہا پر ہیں ۔انارکی، سول نافرمانی، انتہا پسندی مستقبل کی تحریک کا عنوان بن جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں تربیت گاہ میں شریک راجن پور ، لودھراں ، دادو ، جھل مگسی اور مالاکنڈ کے مندوبین کے ساتھ سوال و جواب کی نشست میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔لیاقت بلوچ نے گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا، کوئٹہ بلوچستان اور کراچی میں دہشتگردی، ٹارگٹ کلنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ پوری قوم افسردہ اور غم زدہ ہے ۔ مجرموں کو عبرتناک سزا ملنی چاہیے۔ حکومت، انٹیلی جنس اداروں ،قانون نافذ کرنے والی اتھارٹیز کی موجودگی میں دہشتگردی، تخریب کاری حیران کن اور ان سب کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ حکومت کے قومی اسمبلی میں پالیسی بیانات، پریس بریفنگ اور وقتی نمائشی اور جذباتی اعلانات سے مسائل حل نہیں ہوں گے۔ خرابی کو جڑ سے اکھاڑ نا وقت کا اہم ترین تقاضا ہے۔ انہوں نے کہاکہ نائن الیون کے بعد سے مسلسل قومی سلامتی کے لیے تباہ کن پالیسی تبدیل کرنا ہو گی۔ انہوں نے کہاکہ امریکی غلامی سے نکلنے کے لیے نام نہاد اینٹی وار آن ٹیرر سے باہر آنا ہوگا اور پارلیمنٹ کی مشترکہ قرار دادوں کی روشنی میں داخلہ اور خارجہ پالیسی از سر نو ترتیب دی جائے۔ دشمن کے اشارے پر قوم کو تقسیم کرنے والے عناصر کی بیخ کنی کی جائے اور ملت پاکستان کو متحد، یکسو اور یک آواز کیا جائے۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ قوم سے کیا گیا وعدہ، آئین توڑنا، عدلیہ کی تذلیل ، نواب اکبر بگٹی شہید کرنا اور 12 مئی کراچی میں بے گناہ انسانوں کا قتل کرانا جنرل مشرف کے بڑے جرائم ہیں۔ مشرف کے جرائم میں فوج نہیں وہ خود ہی ذمہ دار ہیں۔ مشرف کیخلاف آئین کے آرٹیکل 6 کے تحت کاروائی کا فیصلہ وزیراعظم نوازشریف کا درست فیصلہ ہے، جس کا پوری قوم خیر مقدم کرتی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا ایڈیشنل سیکرٹری وزیراعظم آفس فواد حسن فواد کی والدہ کے انتقال پر اظہار تعزیت
لاہور(جی پی آئی) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے ایڈیشنل سیکرٹری وزیراعظم آفس فواد حسن فواد کی والدہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے اپنے تعزیتی پیغام میں دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور سوگوار خاندان کو یہ صدمہ صبر و تحمل سے برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پاکستان میں سیاحوں کا قتل گہری سازش ہے:شوکت عزیز بھٹی
لاہور(جی پی آئی) پاکستان مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی شوکت عزیز بھٹی نے کہا ہے کہ پاکستان میں سیاحوں کا قتل گہری سازش ہے، مسلم لیگ ن کی حکومت اس نوعیت کے واقعات سے پاکستان کو عالمی برادری میں تنہا کرنے کی کوشش کامیاب نہیں ہونے دے گی، دہشت گردی کے اس واقعہ میں ملوث افراد کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا ملنی چاہیے، ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کی حکومت ایسے واقعات روکنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے گی، پنجاب حکومت نے نئے مالی سال کے بجٹ میں عام آدمی پر بوجھ ڈالنے کی بجائے اشرافیہ سے ٹیکس وصول کر کے غریب اور کم وسیلہ طبقات کی فلاح و بہبود پر خرچ کیا جائیگا۔ پنجاب حکومت نے صاحب حیثیت افراد کو ٹیکس نیٹ میں لانے کیلئے موثر اقدامات اٹھائے ہیں جس سے نہ صرف ٹیکس بیس میں اضافہ ہوگا بلکہ وسائل کی زیادہ سے زیادہ وصولی بھی ممکن ہوسکے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پاکستان کو اس وقت دہشت گردی، بیروزگاری اور انرجی کرائسز جیسے مسائل کا سامنا ہے : قاضی احمد سعید
لاہور( جی پی آئی) پنجاب اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر قاضی احمد سعید نے مکہ مکرمہ سے عمرہ کے دوران پاکستان کے لئے نیک تمنائوں کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو اس وقت دہشت گردی، بیروزگاری اور انرجی کرائسز جیسے مسائل کا سامنا ہے، پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ان مسائل سے نمٹنے کے لئے ٹھوس اقدامات کئے ہیں نئی حکومت سے امید کی جاتی ہے کہ وہ پیپلز پارٹی کے کئے ٹھوس اقدامات کو جاری رکھتے ہوئے ملک کو درپیش مسائل سے نجات دلائے گی، انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی پچھلی جمہوری حکومت کی دہشت گردی کے خلاف کا میاب پالیسی اپنائی، پاک ایران گیس پائپ لائن جیسے منصوبوں سے ملک کے انرجی کرائسز کے مسائل حل ہوں گے
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ملک میں جس کی لاٹھی اس کی بھینس کا قانون ختم ہونا چاہئے:جماعت اسلامی پنجاب
لاہور(جی پی آئی)امیر جماعت اسلامی پنجاب و ممبر صوبائی اسمبلی اور پارلیمانی لیڈرڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہاہے کہ جماعت اسلامی جنرل(ر)پرویزمشرف پر غداری کا مقدمہ چلانے کے اعلان کاخیر مقدم کرتی ہے۔مشرف قومی مجرم ہیں انہوں نے نہ صرف اپنے دور حکومت میں سینکڑوں بے گناہ افراد مردوخواتین اور معصوم بچوں کو چند ڈالروں کے عوض امریکہ کو فروخت کیا بلکہ اکبربکٹی کاقتل،لال مسجد میں بچیوں کو شہید کروانا، میڈیا پر پابندیاں اور ایمر جنسی کے نفاذ کے ساتھ دومرتبہ آئین کو توڑا۔12مئی کو کراچی میں طاقت کا مظاہرہ کرنے والے مشرف پر پاکستان کی زمین تنگ ہوچکی ہے۔انہوں نے کہاکہ مشرف کو اپنے اعمال کا حساب دینا ہو گا۔ قوم مشرف کو پھانسی کے تختہ پر لٹکتا ہوا دیکھنا چاہتی ہے۔آرٹیکل 6کے تحت کاروائی سے نہ تو کوئی پنڈورابکس کھلے گا اور نہ اداروں کے درمیان تصادم پیدا ہو گا۔ ملک میں عدلیہ آزادہے کسی کے ساتھ زیادتی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ قانونی کاروائی کو طول دینے اور مشرف کے حمایتی ملک وقوم کے ساتھ مخلص نہیں۔انہوں نے کہاکہ اللہ تعالیٰ کی جانب سے ملک میں عدلیہ کی آزادی ایک بڑی نعمت ہے۔ سپریم کورٹ مشرف کو سزادے کراپنے اوپر ماضی پر لگے آمریت کو تحفظ فراہم کرنے جیسے تمام الزامات کو دھو سکتی ہے۔اب وقت آگیا ہے کہ ماورائے آئین و قانون اقدامات کی نفی کی جائے۔ کوئی بھی شخص یاادارہ قانون سے بالاتر نہیں۔ ملک میں جس کی لاٹھی اس کی بھینس کا قانون ختم ہونا چاہئے۔ ڈاکٹر سید وسیم اختر نے مزید کہاکہ جنرل(ر)پرویز مشرف کوآرٹیکل 6کے تحت سزا دے کر آمریت کا باب ہمیشہ کے لئے بند کیا جاسکتا ہے۔تین نومبر کے اقدامات میں کچھ ایسے لوگ بھی ملوث تھے جو اب نواز شریف کی کابینہ کے رکن ہیں۔انتقامی کاروائی کا تاثر ختم کرنے کے لئے مشرف کے غیر آئینی کاموں میں ساتھ دینے والوں پر بھی کاروائی ہونی چاہئے۔ جماعت اسلامی ملک میں آئین و قانون کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے۔ ملک مزید کسی غیر آئینی مہم جوئی کا متحمل نہیں ہوسکتا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سمیع اللہ بٹ نے بڑھتی مہنگائی کے سیلاب پر شدید تشویش کا اظہار اور اسے قابل مذمت قرار دیا ہے
لاہور (جی پی آئی )پاکستان بزنس فورم پنجاب کے صدر اورفیڈریشن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (FPCCI)کی ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبر سمیع اﷲ بٹ نے اپنے ایک بیان میں ملک میں بڑھتے ہوئے مہنگائی کے سیلاب پر اپنی شدید تشویش کا اظہار اور اسے قابل مذمت قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت اور اس کے بجٹ کی آمدآمد کے ساتھ تمام بنیادی ضرورت کی اشیاء آٹا، چاول، گھی، سبزیاں، گوشت، دودھ، دالیں، پھل وغیرہ کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور حکومت کا قیمتوں پر قطعی کوئی کنٹرول نہیں ہے۔ اس حوالے سے موجودہ حکومت اپنی بیڈ گورننس کے حوالے سے پچھلی پیپلزپارٹی کی حکومت کا ہی تسلسل محسوس ہوتی ہے۔ اسی کے ساتھ ساتھ پاکستانی روپے کی قدر بھی روز بروز کم ہورہی ہے اور ان پر مستزاد کرپشن کلچر کا عام ہونا ہے۔ موجودہ وفاقی بجٹ پیش کر کے بھی حکومت کی تسلی نہیں ہوئی، اب موبائل کالز وغیرہ کی صورت میں مزید ٹیکس عائد کئے جارہے ہیں۔ سمیع اﷲ بٹ نے کہا کہ اعیانِ حکومت اور ہماری رولنگ کلاس کا اپنا معیار و طرز زندگی کو بالکل نہ بدلنا اور صرف عوام سے ہی قربانی کا مطالبہ کیا جانا، بری حکمرانی کی بد ترین مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ تنخواہوں اور پنشنوں میں خواہ جس قدر بھی اضافہ کرلیا جائے عوام کو مطمئن اور ملک میں معاشی استحکام پیدا نہیں ہوسکتا ہے۔ تنخواہوں میں دس بیس فیصد اضافہ ہوتا ہے تو مہنگائی میں پچاس فیصد اضافہ ہوجاتا ہے۔ لہٰذا ضروری ہے کہ حکومت پرائس کنٹرول کمیٹیاں اور مناپلی اتھارٹیز ایسے اداروں کو فعال و متحرک کرے اور اشیاء کی قیمتوں پر کوئی چیک اینڈ بیلنس رکھے۔اسی طرح قیمتوں اور تنخواہوں کے اضافوںمیں توازن ہونا چاہیے۔ نیز معاشی استحکام اور ملکی خود مختاری کے لیے یہ بھی اشد ضروری ہے کہ ہم ورلڈ بینک اور IMF ایسے عالمی سامراجی اداروں کے سامنے کشکول گدائی پھیلانے کی بجائے ہمیں خود انحصاری پر اکتفا کرنا چاہیے۔ اس کے لیے سب سے زیادہ ہمارے حکمرانوں، جاگیر داروں، سرمایہ داروں اور ہماری ایلیٹ کلاس کو قربانی دینے کی ضرورت ہے۔ بصورت دیگر ایک خوفناک اور خونی انقلاب ہمارے مقدر ہو گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ایمبیسیڈر ہوٹل میں پنجاب بھر سے 300 این جی اوز کے نمائیندہ گان کی ورک شاپ کا انعقاد
لاہور(جی پی آئی) ایمبیسیڈر ہوٹل میںاے این ایف پنجاب کی جانب سے پنجاب بھر سے300 این جی اوز کے نمائندہ گان کی ایک روزہ شاپ کا انعقاد کیا گیا جس میں پنجاب بھر سے اے این ایف کے ساتھ رجسٹرڈ این جی اوز کے نمائندہ گان نے شرکت کی تقریب کی میزبانی ڈرگ ڈیمانڈ ریڈیکشن آفیسر مس ماریہ علی نے کی اس کے بعد این جی اوز کے نمائیندہ گان کو منشیات کی تباہ کاریوں اور اس سے پیدا ہونے نقصانات کے بارے میں ملٹی میڈیا کے زریعے آگاہی فراہم کی اور پنجاب بھر کی منشیات کے بارے میں تازہ ترین صورت حال سے شرکاء کو آگاہ کیا گیاتقریب کے اختتام پر پروجیکٹ ڈائریکٹر ڈرگ فری لاہور الطاف قمر اور فورس کمانڈر بریگیڈیر شاہد افضل نے منشیات سے پاک معاشرے کے لیئے اور این جی اوز کی خدمات کو سراہتے ہوئے اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور اس امید کا اظہار بھی کیا کہ این جی اوز منشیات سے پاک معاشرے کے لیئے اپنا کردار جاری رکھیں گئی اور نوجوان نسل کو منشیات کی دلدل میں دھنسنے نہی دیں گئے تقریب کے اختتام پر پنجاب بھر سے آئے ہوئے شرکا میں تعریفی اسناد تقسیم کیں گئیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سُنی تحریک کا جنرل (ر) پرویز مشرف کیخلاف غداری کا مقدمہ چلائے جانے کا خیر مقدم
راولپنڈی،اسلام آباد(جی پی آئی)پاکستان سُنی تحریک پنجاب کے صدر محمد شاداب رضانقشبندی نیجنرل (ر) پرویز مشرف کیخلاف آرٹیکل 6 کے تحت غداری کا مقدمہ چلائے جانے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ پرویز مشرف سے پیشترجرنیلوں کے حواریوں کابھی احتساب ہونا چاہیے۔آمریت کا ساتھ دینے والے بھی ملک وملت کے غدار ہیں۔ قوم ان سب ابن الوقت غداروں کو عبرتناک انجام سے دوچار ہوتا دیکھنا چاہتی ہے تاکہ آئندہ کوئی طالع آزما ملکی آئین پرشب خون مارنے جرأت نہ کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ آج پاکستان بالخصوص خیبر پختونخوا، بلوچستان اور کراچی بدترین دہشت گردی کی لپیٹ میں ہیں اور اس کی وجہ ہمارے حکمرانوں کی ناقص اور غیر ملکی آقائوں کی ڈکٹیشن پر مبنی داخلہ اور خارجہ پالیسیاں ہیں۔ انہوں نے میاں محمد نواز شریف کی حکومت کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انتخابی منشور میں غیر ملکیوں کے آگے کشکول نہ پھیلانے والے آج آئی ایم ایف سے کس منہ سے بھیک مانگ رہے ہیں۔ ملکی بقا اور سا لمیت پر سمجھوتوں اور سیاسی مصلحت پسندیوں نے ملک کو تباہی کی جانب دھکیل دیا ہے۔ شاداب رضا نقشبندی نے کہا کہ دیا میر کا واقعہ عالمی برادری میں پاکستان کو بدنام کرنے کی گہری سازش ہے ۔ اسلام کے نام پربے گناہ لوگوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنانے والے انسانیت کے بدترین دشمن ہیں۔ انتہاپسند دہشت گرد ملک کو دیمک کے طرح چاٹ رہے ہیں جبکہ حکمران ان سے غیرمشروط مذاکرات کے راگ الاپتے نہیں تھک رہے۔ملک وقوم کو آگ میں دھکیلنے کی بجائے دہشتگردوں کے خلاف فیصلہ کن آپریشن کیا جائے۔ دہشتگردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑے بغیرملک ترقی کی راہ پر گامزن نہیں ہوسکتا۔آج کے مشکل فیصلے ملک وقوم کے لیے کل ترقی وخوشحالی کی نویدبنیں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا چنیوٹ میں ٹیکسی ڈرائیور اور اس کے بیٹے پر تشدد اور کتے چھوڑنے کا نوٹس، رپورٹ طلب
لاہور(جی پی آئی) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے چنیوٹ کے علاقہ تقی آباد میں ٹیکسی ڈرائیور اور اس کے بیٹے پر زمیندار کی جانب سے تشدد اور کتے چھوڑنے کی خبر کا نوٹس لیتے ہوئے انتظامیہ سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی ہے کہ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے فی الفور گرفتار کیا جائے اور متاثرہ افراد کو ہسپتال میں علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
قوم کے اعتماد پر پورا اترنے کیلئے شب و روز ایک کردیں گے، عوامی خدمت کی نئی مثالیں قائم ہوں گی : شہباز شریف
لاہور(جی پی آئی) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ قوم نے بے مثال عوامی خدمت کرنے اور حکومت پنجاب کی گزشتہ 5 برس کی شاندار کارکردگی کی بنا پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کو عام انتخابات میں تاریخی مینڈیٹ دیا ہے جو اس بات کا بین ثبوت ہے کہ عوام کرپشن، لوٹ مار اور دھونس دھاندلی کی سیاست کرنے والوں کی بجائے دیانتدار، محنتی، مخلص اور باصلاحیت قیادت پر غیر متزلزل یقین رکھتے ہیں یہی وجہ ہے کہ عوام نے عام انتخابات میں کرپشن اور لوٹ مار کے سومنات تباہ کر دیئے اور دیانتدار اور مخلص قیادت کو عوامی خدمت کیلئے سامنے لائے ہیں۔ پاکستان کے عوام نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت اور پالیسیوں پر جس بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے ہم اس پر پورا اترنے کیلئے اپنے شب و روز ایک کردیں گے اور عوامی خدمت کی نئی مثالیں قائم کریں گے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت ملک و قوم کو درپیش چیلنجز اور مسائل سے پوری طرح آگاہ ہے۔ عوام کو مسائل کی دلدل سے نکالنے کیلئے جنگی بنیادوں پر کام شروع کردیا گیا ہے اور انشاء اللہ وطن عزیز کو مسائل کے بھنور سے نکال کر ترقی و خوشحالی کی منزل سے ہمکنار کریں گے اور اسے قائد اور اقبال کے تصورات کے مطابق صحیح معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست بنائیں گے۔ وزیراعلیٰ شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار آج رائے ونڈ اور ماڈل ٹائون میں مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی اور وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے آئندہ مالی سال 2013-14 کیلئے متوازن، بہترین اور عوام دوست بجٹ پیش کیا ہے جو صوبے کی معاشی ترقی کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے میں ممد و معاون ثابت ہوگا۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی پنجاب حکومت گزشتہ پانچ برس کے دوران صوبے میں کفایت شعاری اور سادگی کی پالیسی پر عمل پیرا رہی ہے اور اب بھی اسی شاندار پالیسی پر عمل کرتے ہوئے غیر ترقیاتی اخراجات میں خاطرخواہ کمی کی گئی ہے اور بچت اختیار کرنے سے بچائے گئے وسائل عوام کی فلاح و بہبود پر صرف کئے جائیں گے۔ نئی سرکاری گاڑیوں کی خریداری پر پابندی برقرار رہے گی۔ صوبائی وزراء کی صوابدیدی گرانٹس ختم کردی گئی ہیں۔ حکومتی محکموں کیلئے فرنیچر، مشینری اور دیگر اشیاء کی خریداری کے حوالے سے کفایت شعاری پالیسی پر عملدرآمد کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو بہترین خدمات کی فراہمی اور اچھی طرز حکمرانی کے فروغ کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں گے۔ میرٹ اور شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس بات میں کوئی دو آرا نہیں کہ کرپشن ملک کو دیمک کی طرح چاٹ رہی ہے، کرپشن کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے ہرممکن اقدامات کریں گے۔ فرسودہ اور گلا سڑا نظام عوام کیلئے وبال جان بن چکا ہے۔ لوگوں کو اس نظام سے نجات دلانے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔ پٹواری اور تھانہ کلچر کو تبدیل کرنے کیلئے اقدامات شروع کر دیئے گئے ہیں۔ لینڈ ریکارڈ کی کمپیوٹرائزیشن کا منصوبہ آئندہ سال تک مکمل کر لیا جائے گا جس سے عوام کو پٹواری اور تحصیلدار کے استحصال سے نجات مل جائے گی۔ پنجاب میں 100 ماڈل پولیس سٹیشنز قائم کئے جا چکے ہیں جن کا بنیادی مقصد عوام اور پولیس کے درمیان اعتماد کی فضا کو فروغ دینا ہے۔ پولیس فورس کو جدید خطوط پر استوار کریں گے اور اس مقصد کیلئے ترکی اور دبئی پولیس کا تعاون حاصل کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ملک کی آبادی کا بڑا حصہ نوجوانو ںپر مشتمل ہے اور انہیں ترقی کے مواقع فراہم کرکے ملک اور قوم کی تقدیر بدلی جاسکتی ہے۔ پنجاب حکومت نوجوانوں کی ترقی اور فلاح کیلئے متعدد منصوبے شروع کر رہی ہے جن میں بلاسود قرضو ںکی فراہمی، گریجوایٹس کیلئے انٹرن شپ پروگرام اور دیگر منصوبے شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کم ترقی یافتہ اور پسماندہ علاقوں کی ترقی حکومت کی سرفہرست ترجیحات میں شامل ہے اسی مقصد کیلئے جنوبی پنجاب میں آئندہ مالی سال کے بجٹ میں ترقیاتی منصوبوں کیلئے 93 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔ اس خطیر رقم سے جنوبی پنجاب میں مکمل ہونے والے ترقیاتی منصوبوں سے ان علاقوں میں ترقی و خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ تمام تر وسائل بروئے کار لاتے ہوئے نجی شعبہ کے اشتراک سے تجارتی، صنعتی اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ دیا جائے گا اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کئے جائیں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سابق صدر پرویز مشرف پر غیرآئینی اقدامات پر مقدمہ ضرور چلنا چاہئے:ثمینہ خالد گھرکی
لاہور( جی پی آئی) پیپلز پارٹی لاہور کی صدر ثمینہ خالد گھرکی اور لاہور کے سیکرٹری اطلاعات عابد حسین صدیقی نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ سابق صدر پرویز مشرف پر غیرآئینی اقدامات پر مقدمہ ضرور چلنا چاہئے اس سے مستقبل میں کسی بھی طالع آزما کو جمہوریت پر شب خون مارنے سے روکنے میں مدد ملے گی انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے غداری کا مقدمہ چلانے کی بات کی ہے مگر وزیراعظم کو پتہ ہونا چاہئے کہ اس مقدمے میں پرویز مشرف کے علاوہ چند فوجی اور چند سویلین بھی ہوں گے۔ پرویز مشرف پر الزامات اتنے سنگین ہیں کہ آئین توڑنے، حکومت کو فارغ کرنے، ججوں کو بچوں سمیت قید کرنے کے الزامات میں ضرور مقدمہ چلنا چاہئے۔ اس سے کوئی پنڈورا بکس نہیں کھلے گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
خسرہ سے قیمتی انسانی جانوں کی اموات کا سلسلہ گھٹنے کی بجائے مسلسل بڑھ رہاہے:ڈاکٹر فرید احمد پراچہ
لاہور(جی پی آئی)جماعت اسلامی پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے کہاہے کہ خسرہ سے قیمتی انسانی جانوں کی اموات کا سلسلہ گھٹنے کی بجائے مسلسل بڑھ رہا ہے۔ اب تک ساڑھے انیس ہزار مریض خسرہ سے جاں بحق ہوچکے ہیں ۔ غریب مریضوں کا ہسپتالوں میں کوئی پرسان حال نہیں۔ حفاظتی اقدامات نہ ہونے کے برابر ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ اگر بروقت صحیح علاج اور حفاظتی اقدامات ہوں تو خسرہ میں مبتلا کئی انسانی جانوں کو بچایا جاسکتاہے۔ انہوں نے کہاکہ اس سلسلہ میں ہیلتھ ایمر جنسی نافذ کر کے قیمتوں جانوں کو بچایا جائے اورمرض کے مکمل خاتمہ کی حکمت عملی اختیار کرکے اس پر دیانتداری سے عملدرآمد کیا جائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گیس سے کھاد بنانے کے علاوہ متبادل طریقوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے: غلام مرتضیٰ جتوئی
لاہور (جی پی آئی) وفاقی وزیر صنعت و پیداوار غلام مرتضیٰ خان جتوئی نے نیشنل فرٹیلائزرز کارپوریشن کے ہیڈ آفس کا دورہ کیا۔ ادارہ کے اغراض و مقاصد اور اس کی کارکردگی پر چیئرمین این ایف سی رضوان ممتاز علی نے وفاقی وزیر کو تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں منیجنگ ڈائریکٹر این ایف ایم ایل طارق شفیق خان اور ادارہ کے دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔ وزیر صنعت و پیداوار غلام مرتضیٰ خان جتوئی نے این ایف سی اور اس کے ذیلی اداروں کی کارکردگی کو سراہا۔ ملک میں کھاد کی بڑھتی ہوئی ضرورت اور قدرتی گیس کی کمی کے حوالے سے وفاقی وزیر نے کہا کہ قومی اداروں کو ان عوامل کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک دور رس پالیسی تشکیل دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں گیس سے کھاد بنانے کے علاوہ متبادل طریقوں پر بھی کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہ اگر مربوط طریقہ اور وسیع پیمانے پر بائیو گیس پلانٹس کی تنصیب کی جائے تو نہ صرف ملک کھاد میں خود کفیل ہو سکتا ہے بلکہ توانائی کی بھی بڑی ضرورت پوری کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بائیو گیس پلانٹس سے حاصل کردہ نامیاتی کھاد نہ صرف کھاد کی مقامی ضرورت پورا کر سکتی ہے بلکہ دنیا میں نامیاتی کھاد سے پیدا ہونے والی فصلوں کی بڑھتی ہوئی مانگ کے پیش نظر پاکستان نامیاتی غذائی پیداوار کے حوالے سے صف اول کے ممالک میں شمار ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نامیاتی کھاد نہ صرف بہترین اور صحت بخش ہے بلکہ اس کی قیمت بھی درآمدی کھاد سے کہیں کم ہے اور اس کی برآمد سے ملک کو بھاری زر مبادلہ بھی مل سکتا ہے۔ وفاقی وزیر صنعت و پیداوار غلام مرتضیٰ خان جتوئی کو این ایف سی کے تحت چلنے والے انجینئرنگ کی تعلیم کے اداروں کی کارکردگی پر خصوصی بریفنگ بھی دی گئی۔ وفاقی وزیر نے اندرون سندھ این ایف سی انجینئرنگ یونیورسٹی کے قیام کی اصولی منظوری بھی دی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے ڈی جی خان میں خاتون کو فروخت کرنے کے واقعہ کا نوٹس لے لیا، رپورٹ طلب
لاہور(جی پی آئی) وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ڈی جی خان کے علاقہ چوٹی زیریں میں خاتون کو فروخت کرنے کے واقعہ کی خبرکا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر ڈیرہ غازی خان سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی ہے کہ خاتون کو فروخت کرنے والے ملزم کے خلاف فوری مقدمہ درج کرکے گرفتار کیاجائے۔ انہوں نے کہاکہ خاتون کو فروخت کرنے کا واقعہ ناقابل برداشت ہے اور معاشرے میں ایسے افسوسناک واقعات کے تدارک کے لئے قانون کو فوری حرکت میں آنا چاہئیے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
25-Aکے تحت مفت اور لازمی تعلیم کا بل پاس نہ کرنا مجرمانہ فعل ہے، ق لیگ پنجاب
لاہو ر(جی پی آئی)پنجاب اسمبلی میںق لیگ کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر سردار وقاص حسن موکل نے اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 25-Aکے تحت 5سے 16سال کی عمر کے بچوں کیلئے مفت اور لازمی تعلیم کی فراہمی کا بل پاس نہ کرنا مجرمانہ فعل ہے حالانکہ پاکستان مسلم لیگ پنجاب نے گزشتہ اسمبلی میں اس حوالے سے ایک مکمل بل بھی جمع کروایا تھا جس پر کوئی عمل نہیں ہوا۔ جرائم کنٹرول کرنے کے لیے ناجائز اسلحہ کی خرید و فروخت کنٹرول کرنا ہو گی۔ رکن اسمبلی ثمینہ خاور حیات اور ڈاکٹرمحمد افضل نے کہا کہ ن لیگ برسراقتدار آکر بطور فیشن تھانہ کلچر کی تبدیلی کا نعرہ لگاتی ہے، چودھری پرویز الہٰی نے پٹرولنگ پولیس کا نظام دیکر جرائم کنٹرول کیے، پولیس خوف کی علامت بن چکی، تھانوں کی عمارتوں کا ڈیزائن تبدیل کیا جائے اور وردی کا رنگ بدلا جائے۔ اہلکاروں سے 8 گھنٹے ڈیوٹی لی جائے تو شاید اصلاح ہو سکے۔