پاکستان آج جن خطرات اور مسائل میں گھرا ہوا ہے حکومت تنہا ان مسائل سے چھٹکارا حاصل نہیں کر سکتی، روحیل اکبر

تحریک تحفظ پاکستان کے مرکزی رہنماء روحیل اکبر نے ملک کو درپیش سنگین چیلنجز سے نمٹنے اور متفقہ قومی پالیسی بنانے کیلئے حکومت سے فوری آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں انفرادی نہیں اجتماعی کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے نانگا پربت، پشاور، کوئٹہ میں دہشتگردی کا واقعہ اور زیارت میں قائد اعظم کی ریذیڈنسی پر حملہ انتہائی الارمنگ ہے۔

اپنے ایک جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان آج جن خطرات اور مسائل میں گھرا ہوا ہے حکومت تنہا ان مسائل سے چھٹکارا حاصل نہیں کر سکتی اسکے لئے تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کو اپنا کردار ادا کرنے کیلئے ایک میز پر بیٹھنا ہو گا۔ ملک کو درپیش سنگین چیلنجز سے نمٹنے اور آئندہ کے لئے قومی پالیسی بنانے کے لئے حکومت بلا تاخیر آل پارٹیز کانفرنس کال کرے۔

انہوں نے ملک بھر میں دہشتگردی کے واقعہ میں معصوم جانوں کے ضیاع اور بانی پاکستان کی ریذیڈنسی پر حملے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسا سفاک عمل کرنے والے کسی طرح بھی مسلمان نہیں ہو سکتے۔ پاکستانی قوم کی ہمت اور حوصلے چٹانوں سے مضبوط ہیں انشا اللہ پوری قوم متحد ہو کر دہشتگردوں کو شکست فاش سے دوچار کر یگی۔