اضلاع کی خبریں (جی پی آئی) 21-02-2013

آئندہ انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن کے اقدامات پاکستان کی بقا کے لیے اہم ہیں:سلیم سیف اللہ خان
اسلام آباد(جی پی آئی)پاکستان مسلم لیگ ہم خیال کے چئیرمین سلیم سیف اللہ خان نے الیکشن کمیشن کی طرف سے آئندہ انتخابات کے لیے جن اقدامات کا فیصلہ کیا ہے ان کو سراہتے ہوئے کہا کہ صاف،شفاف، غیر جانبدارانہ اور بر وقت انتخابات پاکستان کی بقا کے لیے انتہائی اہم ہیں ۔سلیم سیف اللہ خان نے کہا کہ اگر صرف ٹیکس کے طریقہ کار کو بھی ٹھیک کر دیا گیا تو پاکستان کو سالانہ 2000 ارب ملیں گے جو پاکستان کی فلاح و بہبود پر خرچ کیے جا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت کو اب انتخابات کا باقاعدہ اعلان کرنا چاہیے تاکہ انتخابات کے بارے میں جو شکوک و شبہات ہیں ان کو دور کیا جا سکے۔انہوںنے مزید کہا کہ عراق کے حالات ہمارے ملک سے زیادہ خراب تھے لیکن وہاں پر انتخابات ہو گئے تو پاکستان میں بھی انتخابات ہو سکتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اب ہمارے پاس کوئی راستہ نہیں اور ہمیں ایسے فیصلوں کی ضرورت ہیں جو صرف پاکستان کی بقا کے لیے ضروری ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ ترکی کے حالات ہم سے زیادہ خراب تھے لیکن ایماندار ، دیانتدار اور محب وطن قیادت نے ترکی کو مسائل سے نکال کے یورپ میں جرمنی کے بعد ترقی کرنے والا ملک بنا دیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک غیر ملکی ایجنٹ اور دہشتگردوں کے ماسٹر مائنڈ ہیں، سنی تحریک
اسلام آباد(جی پی آئی)کراچی میں کارکنان کی ٹارگٹ کلنگ کے خلاف پا کستان سنی تحریک نے نیشنل پریس کلب اسلام آبادکے باہر علامتی بھوک ہڑتالی کیمپ لگایا۔ جس میں پاکستان سُنی تحریک کے مرکزی رہنمامحمدشاہدغوری، مفتی لیاقت علی رضوی، ڈاکٹرظفراقبال جلالی، علامہ وسیم عباسی، علامہ عطاء الرحمن دھنیال، صاحبزادہ عبدالرحمن سیالوی، ڈاکٹرضیاء القادری،قاری بشیرنقشبندی، سیدحمیدشاہ ہزاروی ودیگر قائدین نے شرکت کی جبکہ مختلف مذہبی وسیاسی جماعتوں کے قائدین نے کیمپ میں آکر اظہار یکجہتی بھی کیا۔اس موقع پر محمدشاہدغوری نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فوج کوئٹہ ،کراچی اور جنوبی پنجاب میں دہشت گردوں کے خلا ف آپریشن کرے۔وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک غیر ملکی ایجنٹ اور دہشت گردوں کے ماسٹر مائنڈ ہیں۔ کراچی میں سُنی تحریک کے کارکنان کو روزانہ کی بنیادپرشہیدکیاجارہاہے لیکن حکمران اورقانون نافذکرنیوالے ادارے ہمارے زخموں پر مرہم رکھنے سے قاصرہیں۔22فروری کو ملک بھر میں دہشت گردی کے خلاف یوم سیاہ23فروری کو اہم شاہراوں پر احتجاجی دھرنے جبکہ 25فروری کو کراچی میں شٹر ڈاؤن ہڑ تال کریں گے۔سعودی عرب و دیگر اسلامی ممالک نام نہاد مذہبی اور جہادی تنظیموں کوپا کستان میں فنڈز دینافی الفور بند کریں۔محمدشاہد غوری نے کہا کہ کالعدم مذہبی جماعتیں بعض سیاسی جماعتوں کی عسکری ونگ کے طورپرکام کر رہی ہیں۔آئی ایس آئی ،آئی بی،ایم آئی،ایس بی سمیت تمام اداروں کی خفیہ رپورٹوں پر عمل درآمد کروانا حکومت کا کام ہے۔پا کستان پیپلز پارٹی اپنی جماعت کی چیئر پرسن محترمہ بینظیر بھٹو کے قاتلوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے سے قاصر ہے تو پورے ملک کے عوام کو کس طرح انصاف دے گی ؟جنوبی وزیرستان،جنوبی پنجاب،کوئٹہ،گلگت بلتستان اگر یہ پاکستانی علاقے ہی ہیں تو یہاں پر حکومتی رٹ کیو ں قائم نہیں؟ان علا قوں میں دہشت گردوں کے خلاف کاروائی کیوں عمل میں نہیں لائی جاتی؟مفتی لیاقت علی رضوی، ڈاکٹرظفراقبال جلالی ودیگر نے کہا کہ ملک میں انسانی جانوں کی کو ئی قدر نہیں رہی کوئٹہ کراچی سمیت ملک بھر میں جاری دہشت گردی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ حکومت کو چاہئے کہ وہ دہشت گردوں سے امن مذاکرات کا آغازتو ضرور کرے مگر کسی کو قانون سے تجاوز کرنے کی اجازت نہیں ہو نی چا ہئے۔اس موقع پرپیر آف قنبر شر یف کی گاڑی پربم دھماکے کی بھی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی گئی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سندھ میں 6458 سکولوںکی بندش پیپلز پارٹی کے لئے ڈوب مرنے کا مقام ہے:رانا تنویر ناصر
لاہور(جی پی آئی)پارلیمانی سیکرٹری برائے پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ رانا تنویر ناصر نے کہا ہے کہ سندھ میں 6458 سکولوںکی بندش پیپلز پارٹی کے لئے ڈوب مرنے کا مقام ہے ،سندھ میں ایک سوچی سمجھی منصوبہ بندی کے تحت اسکولوں کو بند کر کے وڈیروں کی اوطاق اور اصطبل بنائے جا رہے ہیں ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کی تعلیم دوست پالیسی پر تنقید کرنے والوں کو سندھ نظر کیوںنہیں آتا، پنجاب میں لیپ ٹاپ، سولر انرجی اور دانش سکول کے منصوبوں نے مسلم لیگ ن کی تعلیم دوستی کا ثبوت ہیں، پیپلز پارٹی کی دوغلی پالیسیوں کی وجہ سے عوام بیزار ہو چکے ہیں ، سندھ کے عوام پیپلز پارٹی سے نجات چاہتے ہیں آئندہ انتخابات میں سندھ کی عوام پیپلز پارٹی کو مسترد کر دیں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پاکستان تحریک انصاف انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی :میاں محمد اظہر
لاہور (جی پی آئی) پاکستان تحر یک انصا ف کے سینئر رہنما میاں محمد اظہر اور اُمیدواربرائے جنرل سیکرٹری لاہور بیر سٹر حماد اظہر کی زیر صدارت گارڈن ٹاون میں انٹر پارٹی الیکشن کے حوالے سے راوی ٹاون ،شالیمار ٹاون ،داتاگنج بخش ٹاون ،گلبرگ ٹاون،علامہ اقبال ٹاون سمیت دیگر ٹاونز کی یونین کو نسلزکے پارٹی عہدیداران کا مشتر کہ اجلاس ہو ا جس میں الیکشن میں کامیاب ہو نے والوں کی کثیر تعداد نے پارٹی الیکشن میں لاہور کے جنرل سیکر ٹر ی بیر سٹر حماد اظہر کی مکمل حمایت کا اعلان کر تے ہوئے کہا کہ تحریک انصا ف میں پڑ ھے لکھے نواجوانوں کی ضرورت ہے جس کا کردار بھی صاف ہونہ کہ جن پر درجنوں مقدمات ہوں اُن کا ساتھ دینا کسی صورت قابل قبول نہیں ہے اُن کو پارٹی کے منتخب افراد سپورٹ نہیں کر ینگے اس مو قع پر بیر سٹر حماد اظہر نے نومنتخب عہدیداران کا شکر یہ ادا کر تے ہوئے کہا کہ تحر یک انصا ف قائد تحریک عمران خان کی قیادت میں متحد اور یکجان ہے اور پارٹی الیکشن میں جس طرح لاہور کے منتخب عہدیدان نے ساتھ دیا ہے اُن کے شُکر گزار ہیں انہوں نے کہا کہ لاہور ڈسٹرک انٹر پارٹی الیکشن کے دن دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا اور جو مفاد پرست افراد نعر ے لگا رہے ہیں اُن کو منہ کی پڑ ئے گی کیونکہ لاہور کے منتخب عہدیداران نے باکر دار پڑ ھے لکھے افراد کو منتخب کر نے کا عہد کر لیا ہے اس مو قع پر تحریک انصاف کے سینئر رہنما سابق گورنر میاں محمد اظہر نے کہا کہ پارٹی الیکشن میں ہارس ٹریڈنگ کر نے والے پریشان ہونگے کیو نکہ جیت ہمیشہ باکردار ، افراد کی ہوتی ہے انہوں نے کہا ہمیں حمایت یافتہ افراد کی فہر ست جاری کر نے کی کوئی ضرورت نہیں ہے کیو نکہ فیصلہ منتخب عوام کر ئے گی اور ہمارا ایمان ہے کہ سچ کی جیت ہوگی اس مو قع پر تحریک انصا ف کے رہنمائوں حاجی عبدالمجید خان ،میاں ندیم ،رانا نسیم سمیت دیگر نے میاں محمد اظہر اور میاں حماد اظہر کو پیشگی مبارک باد دیتے ہوئے اُن کے حق میں شدید نعرے بازی کی۔
۔۔۔۔۔۔
غربا کی اراضی کا تحفظ یقینی بنائیں گے:زمرد یاسمین رانا
لاہور(جی پی آئی) پاکستان مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی ڈاکٹر زمردیا سمین رانا نے کہا ہے کہ غربا کی اراضی کا تحفظ یقینی بنائیں گے، پنجاب میں31دسمبر 2011ء تک بننے والی دیہاتوں اور شہروں کی تمام کچی آبادیوں کے مکینوں کو مالکانہ حقوق دئیے جا ر ہے ہیں جن میں بیوہ خواتین سے172روپے فی مرلہ سرکاری فیس بھی نہیں لی جائے گی،ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ کچی آبادیوں کے مکین ہمارے دل میں بستے ہیں ،ان کے حقو ق کاتحفظ کرنا ہماری اولین ذمہ داری ہے ،حکومت پنجاب نے ہمیشہ غربا کی فلاح و بہبودکے لئے اقدامات کئے ہیں، نادار افراد خود کو تنہا نہ سمجھیں ان کے حقوق کو ئی غصب نہیں کرسکتا اور نہ ہی ان کی اراضی پر کوئی قبضہ کرنے کی جرات کرسکتا ہے، مسلم لیگ ن نے ہمیشہ مستحق اور نادار افراد کی مدد کی ہے اور ان کے لئے انصاف کی فراہم کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے ہیں ، پاکستان کے وسائل پر بے وسیلہ افرادکا بھی اتنا ہی حق ہے جتنا امیروں،جاگیرداروں اور بڑے لوگوں کا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
چوہدری برادران بھی جلد پیپلزپارٹی کا ساتھ چھوڑ دیں گے:عابد شیر علی
لاہور(جی پی آئی)رکن قومی اسمبلی عابدشیر علی نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کی کرپشن اور لوٹ مار کی وجہ سے نہ صرف ان کی حلیف جماعتیں بلکہ ان کے اپنے منتخب نمائندے اور کارکن بھی ساتھ چھوڑتے جا رہے ہیںـآئندہ انتخابات میں پیپلزپارٹی اپنے کرتوتوں کی وجہ سے میدان میں تنہا نظر آئے گی اور آنے والے دنوں میں چوہدری برادران بھی زرداری سے منہ موڑ کر کسی اور طرف چلے جائیں گے کیونکہ دونوں لوٹ مار کے ریکارڈ قائم کر چکے ہیں اور مفاد پرستوں کا مزید ایک ساتھ چلنا اب مشکل نظر آ رہا ہے۔ شرجیل میمن کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے عابد شیر علی نے کہا کہ نواز شریف سندھ میں پیپلزپارٹی کو سرپرائز دیں گے۔ سندھ کے شہری علاقوں میں پیپلزپارٹی کا پہلے ہی صفایا ہو چکا ہے اور اندرون سندھ نوازشریف کی مقبولیت نے پیپلزپارٹی اور اس کی قیادت کو بوکھلا کر رکھ دیا ہے۔شرجیل میمن مسلم لیگ (ن) کی قیادت پر تنقید کرنے کی بجائے عوام کو یہ بتائیں کہ سندھ سے منتخب ہونے والے پیپلزپارٹی کے ارکان اسمبلی اپنے اپنے حلقوں سے مفرور کیوں ہیں؟ جس عوام سے ووٹ لے کر پانچ سال تک پیپلزپارٹی کے ارکان اسمبلی نے شکل تک نہیں دکھائی’ اب وہ سندھ میں نوازشریف کا بھرپور خیرمقدم کرتے ہیں تو یہ ان کا آئینی اور قانونی حق ہے۔ اس پر شرجیل میمن اور پیپلزپارٹی کو سیخ پا ہونے کی بجائے اپنے گریبان میں جھانک کر یقین کر لینا چاہیے کہ ان کی ٹرین چھوٹ چکی اور اب واویلا کرنے کا کوئی فائدہ نہیں ہو گا۔ سندھ میں بھی نوازشریف اور ان کی پارٹی ہی اکثریت حاصل کرے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔
ملک بدامنی کی لپیٹ میں ہے اور پیپلز پارٹی صوبوں کے نام پر سیاست چمکانے میں مصروف ہے:چوہدری عبدالغفور خاں
لاہور( جی پی آئی) صوبائی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ چوہدری عبد الغفور خاں نے کہا ہے کہ ملک بدامنی کی لپیٹ میں ہے اور پیپلز پارٹی صوبوں کے نام پر سیاست چمکانے میں مصروف ہے، ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کمیشن کی نامکمل رپورٹ کو بنیاد بنا کر اپنے سیاسی عزائم کی تکمیل چاہتی ہے، ہم نئے صوبوں کے قیام کے مخالف نہیں مگر سیاسی شعبدہ بازوں کو صوبے تقسیم کرنے کا اختیار نہیں ہے، اب آصف علی زرداری کی جادو گری نہیں چلے گی، عوام آصف علی زردار ی کے دھوکے میں نہیں آئیں گے، عام انتخابات میں پیپلز پارٹی مسترد ہو جائے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
عوام دشمن پالیسیوں کی وجہ سے ملک نازک دوراہے پر آن کھڑا ہواہے۔مسز ملک
لاہور( جی پی آئی)پاکستان مسلم لیگ(ن)کلچرل ونگ پنجاب کی نائب صدر مسز ملک نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی عوام دشمن اور عوام کش پالیسیوں کی وجہ سے ملک نازک دوراہے پر آن کھڑا ہے۔روٹی کپڑا اور مکان کا نعرہ لگا کر اقتدار میں آنے والے حکمرانوں نے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی بجائے مشکلات کے بھنور میں پھنسا دیا ہے۔مسلم لیگ (ن )وطن عزیزکی سلامتی ،استحکام اور مسائل حل کرنے کے لئے اپنی تمام تر کوششیں بروئے کار لا رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے پسماندہ علاقوں کے مکینوں کا معیار زندگی بلند کرنے کا تہیہ کر رکھا ہے ۔ پیپلزپارٹی کی حکومت نے بلند و بانگ دعوے اور روٹی کپڑا اور مکان کا نعرہ لگا کر اقتدار حاصل کیا لیکن اب عوامی مسائل کوحل کرنے کی بجائے ان میں اضافہ کیا جا رہا ہے جو ملک کے غریب عوام کے ساتھ ناانصافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی غلط اور ناقص پالیسیوں کی وجہ سے ملک میں مہنگائی،بے روزگاری، غربت،بدامنی سمیت دیگر مسائل میں روز بروز اضافے نے عوام کو ذہنی مریض بنا دیا ہے ،عوامی مسائل میں روز بروز اضافہ وفاقی حکومت کی ناکامی کا منہ بولتاثبوت ہے ۔انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنا حکمرانوں کی ذمہ داری ہے لیکن وفاقی حکومت ملک کے غریب عوام کو ریلیف فراہم کرنے سے گریزاں نظرآتی ہے،اشیائے ضروریہ سمیت پٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میں آئے روز اضافے کی وجہ سے ملک کے غریب عوام خصوصاً کاشتکار طبقہ بری طرح متاثر ہورہا ہے جس کی وجہ سے ملکی معیشت پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ ملکی حالات میں مسلم لیگ (ن) ہی وہ واحد جماعت ہے جو ملک و قوم کو ترقی کی راہ پر گامزن اور مسائل کا خاتمہ کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے ۔ مسلم لیگ( ن) وطن عزیز کی سلامتی اور استحکام کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی،عوام پاکستان مسلم لیگ (ن )کی ساکھ کو مضبوط بنا کر اپنے مسائل کے حل میں اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
جنگلہ بس سروس سے صوبہ کی عوام کے کون سے مسائل حل ہونگے :سیدہ ماجدہ زیدی
لاہور(جی پی آئی) پاکستان مسلم لیگ ق کی رکن پنجاب اسمبلی سید ہ ماجدہ زیدی نے کہا ہے کہ معصوم لوگوں کے گھر مسمار کر کے اور چلتے کاروبار بند کر کے جنگلہ بس سروس شروع کرنے والوں نے ووٹ بچائے نہیں بالکہ گنوا دئیے ہیں ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ شہباز شریف بتائیں کہ جنگلہ بس سروس سے کیا ٹرانسپورٹ کے مسائل حل ہو گئے ہیں تین تین منزلہ فلائی اوورز اور انڈر پاس بنانے کے باوجود لوگ گھنٹوں ٹریفک میں پھنس کر پیٹرول کی شکل میں اپنا خون جلا رہے ہیں، ن لیگ کی انہیں پالیسوں کی وجہ سے پنجاب کے عوام ان سے بیزار ہوچکے ہیں عام انتخابات میں یہی پالیسیاں ن لیگ کی شکست کا سبب بنیں گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
سنی اس ملک کے مُحب وطن غالب اکثریت ہیں:محمد اشرف آصف جلالی
لاہور(جی پی آئی)بانی ادارہ صراط مستقیم ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہا کہ سندھ میں پیر سید غلام حسین شاہ بخاری کے اجتماع پر حملہ ملک کی غالب اکثریت کی شخصیات اور نظریات پر حملہ ہے۔ جو ہر لحاظ سے قابل مذمت ہے۔سُنی اس ملک کے مُحب وطن غالب اکثریت ہیں۔جو ہر دور میں امن کے علمبردار رہے ہیں۔ملک دشمن قوتیں پاکستان کی خوشحالی اور سلامتی کے خلاف سازشیں کرتے ہوئے پُر امن اہلسنت کو دہشت گردی کی آگ میں جھونکنا چاہتے ہیں۔ایسی خطرناک حرکتوں کو کبھی برداشت نہیں کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اہلسنت کے علماء اور کارکنان کی ٹارگٹ کلنگ پر شدید ردّعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف بلو چستان میںاہلسنت کے علماء اور کارکنان کی ٹارگٹ کلنگ کا طویل سلسلہ جاری ہے اور دوسری طرف کراچی میں سُنی تحریک کے کارکنان کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا جارہا ہے ۔یہ تمام کاروائیاں اہلسنت کی قوت کو بے دردی سے کُچلنے کیلئے جاری ہیں اور اَب اندرون سندھ میں بھی دہشت گردی کی کاروائیاں شروع ہوچکی ہیں جو پاکستان کی حکومت ،سیکیورٹی فورسز اور ایجنسی کے کردار پر ایک سوالیہ؟ نشان ہے۔سندھ حکومت کی طرف سے اَب تک دہشت گردی کے خلاف کیے گئے اقدامات محض زبانی دعو ٰے ہیںجس سے ہم بالکل مطمئن نہیں ۔پوراملک دہشت گردی کی آگ میں جل رہاہے اور حکمران خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں ۔ہمارا مطالبہ ہے کہ دہشت گردوں کے نیٹ ورک کا خاتمہ کیاجائے اور دہشت گردی میں ملوث پکڑے گئے مجرموں کو قرار واقعی سزا دی جائے ۔بلوچستان میں ادارہ صراط مستقیم کے امیر اور دیگر مبلغین پر کیے گئے قاتلانہ حملوںکے مجرموں کو جلد ازجلد گرفتار کیا جائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ کے خلاف ، پا کستان سنی تحریک کا پریس کلب کے باہر بھوک ہڑتالی کیمپ
لاہور( جی پی آئی)کراچی میں جا ری ٹارگٹ کلنگ اور پنجاب میں اہلسنت کے اجتماعی قتل کے خلاف پا کستان سنی تحریک کا پریس کلب کے باہر بھوک ہڑتالی کیمپ ۔کوئٹہ اور کراچی کو فوری طور پر افواج کے حوالے کیا جائے۔دہشت گرد اور ان کے حمائتی حکمرانوں کی گود میں ہیں۔دہشت گردوں کو بعض سیاسی اور مذہبی جماعتوں کی مکمل سر پرستی حاصل ہے۔کراچی کوئٹہ سمیت پورا ملک آگ و خون کی لپیٹ میں ہے۔ملک میں جنگل کا قانون رائج ہے۔عوام ہر روز خون میں نہلائے جاتے ہیں۔پا کستان کے نہتے عوام پر مسلط کی گی جنگ حکمرانوں کے گھر وں تک بھی پہنچنے والی ہے۔ان خیالات کا اظہا رپا کستان سنی تحریک کے ڈویژنل صدرمجاہد عبدالرسول خان نے گزشتہ روز کراچی میں جاری ٹارگٹ کلنگ کے خلاف پریس کلب کے با ہر لگائے گئے علامتی بھوک ہڑ تالی کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس مو قع پر سٹی کے صدر محمد طاہر قادری ،محمد نواز قادری ،حافظ محمد رمضان قادری و دیگر نے خطاب کر تے ہوئے کہاکہ حکمرانوں نے دہشت گردوں کو بے لگام چھوڑ رکھا ہے۔ملک میں امن و امان نام کی کو ئی چیز دیکھائی نہیں دے رہی۔کوئٹہ اور کراچی میں فوری فوج نہ لائی گی تو یہی آگ نا اہل حکمرانو ں کے گھروں کو بھی ایک دن جلا دے گی۔کوئٹہ میں حکومت نے میتوں کو اٹھانے کے لئے دہشت گردوں کے خلا ف آپریشن کرنے کی یقین دھانی نہیں بلکہ صرف وقت ”ٹپاؤ”پالیسی اختیار کی ہے ۔انہو ں نے کہاکہ کراچی میں ایم کیو ایم کی غنڈہ گردی اور دہشت گردی نے پو رے شہر کو کھنڈرات اور نو گو ایریا بنا رکھا ہے۔صرف بیس دنوں میں دہشت گردوں نے سنی تحریک کے 14کارکنان کوشہید کیا مگر سند ھ حکومت ،پولیس ،رینجرز،ایف سی اور عدلیہ محب وطن سنی تحریک کو انصاف دلانے میں نا کام رہی ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
پاکستان معاشی و سیاسی عدم استحکام کے باعث دن بدن کمزور ہورہا ہے۔جماعت اسلامی پنجاب
لاہور(جی پی آئی)امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہاہے کہ ایوان صدر سیاست کا اکھاڑہ بن چکا ہے۔جیالوں اور متوالوں کو نوازنے کے لیے میرٹ کی دھجیاں اڑادی گئیں ہیں۔سرکاری نوکریوں کی بندر بانٹ کی جارہی ہے۔ملک اس وقت گھمبیر مسائل کی زد میں ہے۔انہوں نے کہاکہ حکمران ہر محاذ پر بری طرح ناکام ہوچکے ہیں۔پاکستان کو عملاً امریکہ کی طفیلی ریاست بنا دیا گیا ہے۔70ارب ڈالر کا نقصان اور50ہزار جانوں کا نذرانہ پیش کرنے کے باوجود”ڈومور” کامطالبہ کیا جاتا ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ نام نہاد امریکی جنگ کو خیر باد کہہ کر توجہ ملک کو درپیش خطرات پر مرکوز کی جائے۔پاکستان معاشی و سیاسی عدم استحکام دن بدن کمزور ہورہا ہے۔انہوں نے کہاکہ حج اسکینڈل اور غیر ملکی امدادواداروں میں خرد برد رینٹل پاور،ایفی ڈرین اور روزانہ12ارب روپے کی کرپشن حکومت کی بدترین کارکردگی کا مظہر ہے۔بے نظیر انکم سپورٹ کے تحت کو قوم کو بھکاری بنادیا گیا ہے۔موجودہ حکمرانوں کا ہر دن قوم پر بھاری ہوچکا ہے۔ملک میں بیورو کریسی بے لگام اور حکمران بے حس ہوچکے ہیں۔جب تک لوٹ مار کرنے والون کا اھتساب نہیں کیا جاتاملک ترقی نہیں کرسکتا۔ڈاکٹر سید وسیم اختر نے مزید کہاکہ روٹی،کپڑااور مکان کا نعرہ لگانے والے منہ چھپاتے پھر رہے ہیں۔63برس سے جنوبی پنجاب کے عوام کو وڈیروں اور جاگیر داروں نے یرغمال بنایا ہوا ہے۔علیحدہ صوبوں کے نام پر سرائیکی عوام کو دھوکہ دیا جارہا ہے۔جنوبی پنجاب کے عوام اب کسی کے دھوکے دھوکے میں نہیں آئیں گے۔انتظامی بنیادوں پر نئے صوبے وقت کی ضرورت ہیں۔بہاولپور صوبے کو بحال کیا۔جنوبی پنجاب اور ہزارہ صوبوں کی تشکیل کی جائے تاکہ عوام کو انتظامی بنیادوں پر آسانیاں مل سکیں۔
۔۔۔۔۔۔۔
الیکشن میںعوام اسلامی و جمہوری قوتوں کو کامیاب کروایں ۔عبدالحفیظ احمد
لاہور(جی پی آئی)جماعت اسلامی حلقہNA126کے امیر عبدالحفیظ احمد نے اپنے دفتر میں حلقہ کے معززین کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ جماعت اسلامی محب وطن اور جمہوریت پسند جماعتوں کے ساتھ مل کر الیکشن میں حصہ لے گی۔اور اللہ تعالیٰ نے کامیابی دی تو تعلیم ،صحت اور ترقیاتی کاموں کے حوالے سے مثبت اقدام کیے جائیں گے۔جماعت اسلامی کے پاس محنتی،ایماندارقیادت اور کارکنان موجود ہیں۔ہمیں جب بھی موقع ملا ہے ہم نے ملک کی ترقی اور فلاح کے لئے مثالی کام کیا ہے۔عوام اس دفعہ بہتر فیصلہ کریں اور اسلامی و جمہوری قوتوں کو کامیاب کرواکے اپنا قومی اور ملی فریضہ سرانجام دیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سینئرصحافی روف کلاسرا اورخضرکلاسرا کے بڑے بھائی ڈاکٹرنعیم کلاسرا انتقال کرگئے وہ دل کے عارضہ میں مبتلا تھے
بہاول پور(جی پی آئی)سینئرصحافی روف کلاسرا اورخضرکلاسرا کے بڑے بھائی ڈاکٹرنعیم کلاسرا انتقال کرگئے وہ دل کے عارضہ میں مبتلا تھے ڈاکٹرنعیم کلاسرا بہاول وکٹوریہ ہسپتال میں بحیثیت آئی سپیشلسٹ تعینات تھے ان کوآبائی شہر لیہ میں سپردخاک کیاگیا ان کی وفات پر صحافیوں عاصم اختر عاطف اختر سمیع اللہ خان ڈاکٹررضوان اشرف سہیل پاشی حسن ناصر عبدالرزاق نویدہاشمی خرم شہزاد افتخارالرسول نے روف کلاسرا اور خضرکلاسرا سے اظہارتعزیت اور دعاکی کہ اللہ تعالی مرحوم کو اپنے جواررحمت میں جگہ دیں اور لواحقین کو صبرجمیل عطاکرے
۔۔۔۔۔۔۔۔
امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کے لئے ہرممکن قدم اٹھایاجائے،پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائے،شہبازشریف
لاہور(جی پی آئی)وزیراعلی پنجاب محمد شہبازشریف کی زیرصدارت آج یہاں ماڈل ٹائون میں صوبے میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینے سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔چیف سیکرٹری پنجاب، سیکرٹری داخلہ، قائم مقام انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب، ایڈیشنل آئی جیز اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کے دوران صوبے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیاگیا۔وزیراعلیٰ محمدشہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ تیزرفتار ترقی اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لئے امن ناگزیر ہے۔ صوبے میں امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کے لئے ہر ممکن قدم اٹھایاجائے۔ تمام مسالک کے علمائے کرام اور مشائخ عظام سے قریبی رابطہ رکھاجائے۔ رواداری اور بھائی چارے کے جذبات کو فروغ دیاجائے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ عوام کے جان ومال کے تحفظ کے لئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کے درمیان باہمی رابطے کے نظام کو مزید موثر بنایاجائے۔ انہوں نے کہا کہ انتہاپسندعناصر ملک کی جڑیں کھوکھلیں کررہے ہیں۔ مذہبی رواداری، تحمل اور برداشت کے کلچر کو فروغ دینا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ انہوںنے کہا کہ جرائم کو کنٹرول کرنے کے لئے پولیس اپنی ذمہ داریاں پوری طرح نبھائے۔ سنگین جرائم میں ملوث ملزموں کی گرفتاری کے لئے بھرپور کارروائی کی جائے۔ انہوںنے کہاکہ سنگین جرائم کے مقدمات کی تفتیش سائنسی بنیادوں پر کی جائے۔
۔۔۔۔۔۔۔
چوہدری پرویزالہی 25 فروری کو یزمان میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے
بہاول پور(جی پی آئی ) چوہدری پرویزالہی 25 فروری کو یزمان میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے طارق بشیرچیمہ کی قیادت میں مسلم لیگ ق ضلع بہاول پورمیں کلین سویپ کریگی یہ بات ضلعی جنرل سیکریٹری مسلم لیگ ق بہاول پور طارق مجیدچوہدری نے ایک ملاقات میں کہی انہوں نے کہاکہ 25 فروری کویزمان میں نائب وزیراعظم چوہدری پرویز الہی ‘مشاہدحسین سید مرکزی جنرل سیکریٹری مسلم لیگ ق ‘ احمدیارہراج معاون خصوصی وزیراعظم ‘ مخدوم خسرو بختیار سابق وفاقی وزیرمملکت ‘ صاحبزادہ فضل کریم ‘ عبدالرحمان کانجو سابق ناظم لودھراں جلسہ عام سے خطاب کریں گے انہوں نے کہاکہ چوہدری طارق بشیرچیمہ سابق ناظم ضلع بہاول پورکے دورمیں بہاول پورکی تاریخ کے ریکارڈ ترقیاتی کام مکمل کرائے گئے اورآئندہ الیکشن میں مسلم لیگ ق ضلع بہاول پورمیں کلین سویپ کریگی ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
لاہور (جی پی آئی)امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منورحسن نے کہاہے کہ آئندہ انتخابات مں جعلی ڈگری ہولڈرز اور بری شہرت کے حامل لوگوں کا راستہ روکنے کے لیے الیکشن کمیشن کا بھر پور ساتھ دیں گے ۔ سیاسی جماعتیں عوام کا اعتماد بحال کرنے کے لیے گندی مچھلیوں کو نکال باہر کریں اور اپنے اندر احتساب کے عمل کو یقینی بنائیں ۔ حالات کو سنبھالنے کی کوشش نہ کی گئی تو مفلسی کے مارے محروم و مجبور عوام اٹھ کھڑے ہوئے تو محلات بچیں گے نہ محلات کے مکین ۔ بلوچستان میں دہشتگردی کے واقعات پاک ایران گیس پائپ لائن معاہدے پر عملدرآمد اور گوادر پورٹ چین کے حوالے کرنے کا ردعمل ہے ۔ ایجنسیاں کوئٹہ میں ہونے والی تخریب کاری سے پہلے آگاہ تھیں تو دہشتگردوں کو معصوم لوگوں کے قتل عام کا موقع کیوں دیا گیا ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے منصورہ میں مختلف وفود سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سید منور حسن نے کہاکہ سیاسی جماعتوں کو ملک و قوم کے مفاد کو مد نظر رکھتے ہوئے اپنے اندر سے کالی بھیڑوں کو نکالنا ہوگا ۔ الیکشن کمیشن کی طرف سے سکروٹنی کے عمل میں جب تک سیاسی جماعتیں شریک نہیں ہوں گی اور انتخابی اصلاحات کی مکمل پیروی نہیں کی جاتی ، صاف و شفاف اور بااعتماد انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں ۔ ارکان پارلیمنٹ کے لیے بی اے کی شرط اور دوہری شہریت کے قانون کو مذاق بنادیا گیاہے درجنوں اراکین جعلی ڈگریوں اور دوہری شہریت رکھنے کی بنا پر اسمبلیوں سے نکالے جا چکے ہیں اور درجنوں ابھی تک چھپے بیٹھے ہیں جن کے خلاف عدالتوں میں کیس چل رہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ سیاسی جماعتیں ٹکٹ دیتے وقت اگر اپنے امیدواران کے متعلق چھان بین کرلیں اور آئینی شرائط پر پورا اترنے والے امیدواروں ہی کو ٹکٹ دیں تو انتخابی عمل کو شفاف اور بااعتماد بنایا جاسکتاہے ۔ انہوں نے کہاکہ احتسابی عمل کی بدولت جماعت اسلامی کے کسی رکن پارلیمنٹ پر کبھی ایسا الزام سامنے نہیں آیا ۔ مختلف ادوار میں ہمارے پانچ سو سے زائد لوگ بلدیاتی اداروں ، اسمبلیوں کے ممبر اور سینیٹر رہے مگر کسی کے دامن پر کرپشن کا کوئی داغ نہیں ،مخالفین بھی ان کے صاف شفاف کردار کے معترف ہیں۔ انہوں نے کہاکہ انتخابی عمل کو مشکوک بناد یا گیاہے اور لوگوں کا جمہوریت پر یقین رہاہے ، نہ سیاسی جماعتوں پر حالانکہ اس میں جمہوریت کا کوئی قصور نہیں ، سارا قصور سیاسی جماعتوں کا ہے ۔ سید منور حسن نے کہاکہ بلوچستان میں بدامنی و معصوم انسانوں کا قتل عام سیکیورٹی اداروں کی بدترین ناکامی ہے ۔ قومی سلامتی کے اداروں کا کام صرف یہی نہیں کہ وہ تخریب کاری اور دہشتگردی کے ممکنہ واقعات کی نشاندہی کریں ، ان واقعات کو روکنا بھی ان کا فرض ہے ۔ ملکی سلامتی اور امن وامان سے کھیلنے والوں کو بے نقاب کر کے قانون کے کٹہرے میں لانا ضروری ہے ۔ انہوں نے کہاکہ امریکہ اسرائیل اور بھارت پاکستان کے چین اور ایران سے بڑھتے ہوئے تعلقات سے خائف ہیں وہ ان بڑھتے ہوئے تعلقات کو ہر قیمت پر خراب کرناچاہتے ہیں ۔ بلوچستان میں علیحدگی پسندوں کو اسلحہ کی سپلائی اور اغوا کی وارداتوں میں بھارت کے ہاتھ کی نشاندہی سیکورٹی ایجنسیوں کے ذمہ دار کئی بار کر چکے ہیں لیکن تخریب کاری کے واقعات کو روکنے میں کامیاب نہیں ہو سکے ۔ انہوں نے کہاکہ بلوچستان اور کراچی کے حالات سے عوام کے اندر سخت مایوسی اور بے چینی پائی جاتی ہے اور عدم تحفظ کا احساس بڑھ رہاہے ۔ انہوں نے کہاکہ بلوچستان کے حالات کوسدھارنے کے لیے مرکزی حکومت نے پیکیجز کا اعلان کیا لیکن ان پر مناسب طریقے سے عملدرآمد ہوا نہ اس میں کوئی خاطر خواہ کامیابی ہوئی ۔ انہو ںنے کہاکہ صوبائی حکومت کے وزراء اور مشیروں کی لوٹ مار نے تمام حکومتی پیکیجز کو ذاتی مفادات کی بھینٹ چڑھا دیا لیکن پیپلز پارٹی نے کسی ایک وزیر مشیر سے پوچھنے کی زحمت گوارا نہیں کی۔
۔۔۔۔۔۔۔
پاکستان میں دہشتگردی کا بڑا ہدف ملک کو جمہوریت ، آئین ،آزاد عدلیہ سے محروم کرناہے : لیاقت بلوچ
لاہور(جی پی آئی)جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کے موجود ہ حالات میں اس کا بڑا ہدف ملک کو جمہوریت ،آہین آزاد عدلیہ سے محروم کرنا ہے۔ انتخابات ہر قیمت پر آئینی امور کے مطابق ہونے چاہئیں ۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور اس کے اتحادیوں کی حکومت عوام کے جان و مال عزت کو تحفظ دینے میں مکمل نا کام ہو گئی ہے۔ صوبہ بلو چستان میں گورنر راج کے نفاذ کے باوجود جن کے پاس تمام انتظامی امور تھے وہ بھی نا کام رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ جمہوری قوتیں ملکی صورتحال، آئین کی پاسداری جمہوریت کے فروغ اور انتخابات کے بر وقت انعقاد ،قومی اتفاق رائے کی عبوری حکو متوں کے قیام کے لیے یک نکاتی ایجنڈئے پر متحد اور آنکھیں کھلی رکھیں ۔انہوں نے کہا امریکہ گوادرپورٹ پر چائنہ کے انتظامی امور کو سنبھالنے اور ایران کے ساتھ گیس پائپ لائن معاہدے کو رکوانے کے لیے پورے ملک بالخصوص کو ئٹہ اور بلوچستان اورکراچی میں تخریب کاری اور دہشت گردی کے ذریعے حکمرانوں گورنر اور پاکستا ن کے عوام کے اعصاب بھی توڑنا چاہتا ہے۔ آزاد خود مختار ملک کی حیثیت سے امریکی غلامی سے نجات کے لیے سیاسی اور عسکری قیادت ملک بھر کے دانشور اور عوام کے واضح اور دو ٹوک موقف کے ساتھ امریکہ کے ہر حربے کو ناکام بنا دیں ۔انہوں نے کہا کوئٹہ میں مسلسل ہزارہ کمیونٹی کو ٹارگٹ بنا کے قتل کیا جا رہا ہے کراچی ،فاٹا اور خیبر پختونخوامیں علما دینی مدارس کے طلبا کی ٹارگٹ کلنگ ہو رہی ہے یہ انٹیلی جنس ایجنسیوں ،سکیورٹی فورسز کی مشترکہ ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ بر وقت اقدامات کے ساتھ دہشت گردی کے واقعات کا قلع قمع کریں ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
لاہور (جی پی آئی)جماعت اسلامی پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے امریکہ میں پاکستانی سفیر شیری رحمن کے اس بیان کو خلاف حقیقت اور گمراہ کن قرار دیا ہے کہ پاکستانی عوام کی اکثریت ناموس رسالت ۖسے متعلقہ قوانین میں ترمیم چاہتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کے طول و عرض میں کروڑوں افراد نے بڑے بڑے جلوسوں ، ریلیوں سے یہ واضح کیا ہے کہ وہ توہین رسالت کے مرتکبین ، گستاخانہ خاکے اور توہین آمیز فلمیں بنانے والوں کے خلاف سخت ترین قوانین چاہتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ موجودہ حکمران قوم سے وعدہ کرنے کے باوجود عالمی اداروں سے ایسی قانون سازی کرانے میں ناکام رہے ہیں جو نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سمیت کسی بھی پیغمبر کے خلاف گستاخی پر سخت ترین سزائوں سے متعلق ہو ۔ انہو ں نے کہاکہ ہمارے حکمرانوں کے منافقانہ طرز عمل کی وجہ سے پھر ایک مغربی مصور نے نعوذ باللہ گستاخانہ تصویریں بنانے کا اعلان کیاہے جس کی ہم سخت مذمت کرتے ہیں ۔ انہوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی سفیر کو شرانگیز بیانات دینے سے روکے اور مغرب کو خوش کرنے کی بجائے اللہ اور رسول ۖ کی خوشنودی حاصل کرنے کی کوشش کریں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
ملتان کا تاریخی جلسہ ہو گا اور ڈاکٹر طاہر القادری اپنے اگلے لائحہ عمل کے حوالے سے اہم اعلانات کریں گے
لاہور(جی پی آئی) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے پشاور بم دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے واقعات کا تسلسل ملکی سا لمیت اور استحکام کے خلاف گہری سازش ہیں۔انہوں نے کوئٹہ میں ہونے والے سانحہ کو ملکی تاریخ کے بدترین واقعات میں سے ایک قرار دیا اور کہا کہ یہ واقعہ وفاقی اور صوبائی حکومت کیلئے اہم سولات چھوڑ گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملکی مفادات سے کھیلنے والوں کا قانون نافذ کرنے والے اداروں سے بچ نکلنا ان کی کارکردگی کی قلعی کھول رہا ہے۔جس ملک میں عوام کے جان و مال محفوظ نہ ہوں وہاں کے داخلی معاملات کا کھوکھلا پن پوری دنیا پر عیاں ہو جاتا ہے ۔ریاست کے اندر ریاست بنانے والے انتہا پسندوں سے آ ہنی ہاتھوں سے نمٹنا ہو گااس حوالے سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتہائی سنجیدہ پلاننگ کر کے آئیندہ ایسے واقعات کو روکنا ہو گا۔کچھ افسران کو معطل کر دینایا تبدیل کرنا یا روایتی تحقیقاتی کمیٹی بنانے سے مسائل حل نہیں ہوں گے۔ایسے واقعات، انتہا پسندی اور دہشت گردی کی روک تھام کیلئے ان وجوہات کو ختم کرنا ہو گا جن کے باعث ہمارا ملک دہشت گردی کی آگ میں جل رہا ہے ۔وہ گذشتہ روزپاکستان عوامی تحریک کی سینٹرل ورکنگ کونسل کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے آج پاکستان عوامی تحریک کے تحت ملتان میں ہونیوالے جلسے کو پنجاب کی تاریخ میں اہم سنگ میل قرار دیا اور کہا کہ یہ تاریخی جلسہ پاکستان اور بالخصوص جنوبی پنجاب کی سیاست پر گہرے اثرات مرتب کرے گا ۔عوام ڈاکٹر طاہر القادری کے انقلابی ایجنڈے کے ساتھ ملتے جا رہے ہیں اور وہ دن دور نہیں جب عوام اور انکے حقوق کے درمیان فاصلہ ختم ہو جائیگا۔ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ ملتان کا تاریخی جلسہ ایک نئی تاریخ رقم کرے گا اور ڈاکٹر طاہر القادری اپنے اگلے لائحہ عمل کے حوالے سے اہم اعلانات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی،پشاور کے بعد اب کوئٹہ کے حالات بھی مسلسل بگڑتے جا رہے ہیں۔آئے روز انتہا پسند نہتے شہریوں کو بڑی بے رحمی کے ساتھ نشانہ بناتے ہیں۔پاکستان عوامی تحریک ایسے سفاکانہ رویوں کی پرزور مذمت کرتی ہے جنہوں نے کوئٹہ اور کراچی کے امن کو چاٹ لیا ہے۔ٹارگٹ کلنگ اور دہشت گردی کے واقعات کا تسلسل ملک و قوم کے ماتھے پر کلنک کا ٹیکہ ہے،اس کے خلاف پوری قوم کو متحد ہو کر کام کرنا ہو گا۔لسانی بنیادوں پر قتل و غارت گری کے بازار گرم کرنیوالے ملک و قوم کے بدترین دشمن ہیں ،انکے خلاف سخت کاروائی ہونی چاہیے۔ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ امن و امان کی ابتر صورتحال نے ملکی معیشت پر گہرے منفی اثرات مرتب کئے ہیں جس کے باعث عوام براہ راست مسائل کی دلدل میں دھنستے جا رہے ہیں۔ مہنگائی،لوڈشیڈنگ،ٹارگٹ کلنگ اور دہشت گردی کا عفریت عوام کی خوشحال کو نگل رہا ہے اورایک یا 2فی صد مراعات یافتہ طبقہ عیاشیاں کر رہا ہے ۔آئیندہ نسلوں کا مستقبل گروی رکھ دیا گیا ہے۔پاکستان عوامی تحریک کی جدوجہد عوام کی تائید سے نظام کی تبدیلی کی منزل سے ہمکنار ہو کر رہے گی ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
تحریک انصاف ہی عوام کے مسائل اولین ترجیح پر حل کر سکتی ہے :سردار ریاض الحق
گوجرانوالہ(جی پی آئی)پاکستان تحریک انصاف حلقہ NA98کے اُمید وار سردار ریاض الحق نے کہہ کہ عوام کو معاشی ترقی اورامن استحکام کی ضرورت ہے دہشت گردی کی اس جنگ میں ہزاروں لوگ بے گھرہو گئے ہیں ۔ ملک پاکستان اس وقت تاریخ کے سنگین ترین بحرانوں کا شکار ہے قوم اندھروںمیں ڈوبی ہوئی ہے بے روزگاری ،مہنگائی اور بدترین لوڈشیڈنگ سمیت دیگر بحرانوں کے باعث ایک طرف معشیت تباہی سے دوچار ہو رہی ہے اور دوسری طرف مسائل میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہاش گاہ میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا تبدیلی کا سونامی عوامی اور ملک کا مقدر بن چکا ہے جس کو روکنا کسی کے بس کے بات نہیں جس کسی نے بھی اسے روکنے کی کوشش کی وہ تبدیلی کے سونامی میں غرق ہو جائے گا قائد تحریک عمران خان نے عملی اقدام سے عوام کو تبدیلی کا راستہ دکھایا تحریک انصاف عوامی جماعت ہے اس نے عوام کے مسائل کو حل کرنے کو ہی اولین ترجیح دے گی۔ تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی الیکشن نے جمہوریت کو ایک ایسی مضبوط بنیاد فراہم کی ہے جو دیگر جماعتوں کیلئے قابل ِتقلید ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
مسلم لیگ ن کی قیادت ہی ملک اور عوام کے مسائل حل کر سکتی ہے :چوہدری ہمایوں خاں
گوجرانوالہ(جی پی آئی) مسلم لیگ (ن)یوتھ ونگ کے سٹی جنر ل سیکرٹری اُمید وار پی پی93چوہدری ہمایوں خاںنے کہا ہے کہ ملک میں دہشت گردی، بیروزگاری اور لا قانونیت کی لگی ہوئی آگ پر صرف میاں نواز شریف ہی قابو پا سکتے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیاچوہدری ہمایوں خاں نے کہا کہ خدا نے میاں نواز شریف کو اتنی صلاحیتیں دی ہیں کہ وہ قوم کی بالکل صحیح سمت میں رہنمائی کر سکتے ہیں، میاں نواز شریف ہی اب عوام کی امید ہیں اور پورے ملک کے عوام نواز شریف کی طرف دیکھ رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ ملک و قوم کے مفاد میں اقدامات کئے ہیں، ملک میں شفاف انتخابات کے انعقاد سے ایک بار پھر وفاق اور صوبوں میں مسلم لیگ ن کی حکومت بنے گی اور عوام کو مسائل سے نجات ملے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
دنیا میں انہی قوموں نے ترقی کی جنہوں نے تعلیم کے میدان میں ترقی کی:حاجی عارف حسین
گوجرانوالہ (جی پی آئی)مسلم لیگ ن کے ضلعی نائب صدر حاجی عارف حسین جٹ نے کہا ہے کہ دنیا میں انہی قوموں نے ترقی کی جنہوں نے تعلیم کے میدان میں ترقی کی، وزیراعلیٰ پنجاب کی علم دوستی کا ثبوت ہے کہ آج وہ اپنے تمام تر وسائل مستقبل کے معماروں پر نچھاور کر رہے ہیں، ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے لئے یوتھ کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر مسلم سٹوڈنٹ فیڈریشن کے ضلعی صدر محسن نقوی کی قیادت میں ملاقات کرنے والے طلباء کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ حاجی عارف حسین جٹ کا کہنا تھا کہ پنجاب گورنمنٹ نے میرٹ پر لیپ ٹاپ تقسیم کرکے علم و آگاہی طلباء کے ہاتھوں میں لا کر رکھی دی ہے۔وفد میں مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن کے عہدیداران ابرار جٹ، مہران بٹ، عبداللہ شرجیل، احسن یٰسین، زماد جٹ، حبیب بشیر، اسامہ مبین، سید علی امانت، ملک بلال طارق ودیگر شامل تھے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
بزرگ عالم دین مولانا اسحاق نوشہروی انتقال کر گئے
گوجرانوالہ(جی پی آئی)مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے مرکزی راہنما اور بزرگ عالم دین حضرت مولانا محمد اسحاق گوہڑوی آف نوشہرہ ورکاں طویل علالت کے بعد آج یہاں نوشہرہ ورکاں میں انتقال کر گئے۔ ان کی نماز جنازہ مرکزی جمعیت اہلحدیث پنجاب کے امیر پروفیسر حافظ عبد الستار حامد نے انتہائی رقت آمیز اندا میں پڑھائی۔ مرحوم نے74برس عمر پائی اور ساری زندگی تبلیغ دین میں وقف کئے رکھی۔ آپ ملک بھر میں تبلیغی دورے کرتے رہے اور ہزاروں لوگوں کو دین اسلام پر عمل کے لئے راغب کیا۔مولانا اسحاق نوشہروی مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے مرکزی راہنمائوں میںسے تھے اور مولانا محمد داوود غزنوی ،مولانا اسماعیل سلفی، شیخ الحدیث مولانا محمد عبد اللہ کے معتمد خاص رہے۔ اور اب مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے امیر علامہ ساجد میر کے رفیق خاص تھے۔انہوں نے مرکزی جمعیت اہلحدیث کے مشن اور دین اسلام کی تبلیغ میں ساری زندگی وقف کر رکھی تھی، نوشہرہ ورکاں میں طالبات کے لئے ایک عظیم جامعہ کی بنیاد رکھی اور ہزاروں بچیوں کو دینی تعلیم سے آراستہ کیا۔مولانا محمد اسحاق نوشہروی نے بیوہ ،چار بیٹے اور چار بیٹیوں کے علاوہہزاروں شاگردوں کو سوگوار چھوڑ ہے۔ان کے چاروں بیٹے اور بیٹیاںجید علماء دین ہیں۔بڑے صاحبزادے مولانا حافظ ادریس گوہڑوی مرکزی جمعیت اہلحدیث کے تحصیل نوشہرہ ورکاں اور ضلع گوجرانوالہ کے ناظم اعلیٰ بھی رہے ہیں۔مولانا کی نماز جنازہ نوشہرہ ورکاں کی تاریخ کی سب سے بڑی نماز جنازہ تھی۔ ان کی نماز جنازہ میں مرکزی جمعیت اہلحدیث کے مرکزی ،صوبائی،ضلعی اور شہری ذمہ داران،عہدے داران اور سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔
۔۔۔۔۔۔۔
نواز شریف ایسا پاکستان تعمیر کریںگے جس پر ہر پاکستانی فخر کر سکے گا:خرم دستگیر خان
گوجرانوالہ(جی پی آئی)قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے تجارت کے چیئرمین ومرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات مسلم لیگ ن انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ نا اہل ٹولے نے بد امنی ،مہنگائی اور لوڈشیڈنگ کے اندھیرے عوام کا مقدربنا دیئے، آئندہ الیکشن عوام کے پاس ملک کی تقدیر بدلنے کا بہترین موقع ہے،مسلم لیگ ن آنے والی نسلوں کے روشن مستقبل کے لئے جدوجہد کر رہی ہے،عوام کو گیس اور بجلی اس وقت ملے گی جب نواز شریف وزیر اعظم بنیں گے، نواز شریف ایسا پاکستان تعمیر کریںگے جس پر ہر پاکستانی فخر کر سکے گا،ان خیالات کا اظہارانہوں نے غلام پورہ میںپی سی سی تعمیر ہونے والی گلی ڈاکٹر شفیق والی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہا کہ کرپٹ اور نا اہل حکمرانوں کی وجہ سے ملکی ترقی کا سفر رک گیا ہے، پیپلز پارٹی اور اسکے اتحادیوں نے پانچ سال میںعوام کا کچومر نکال کے رکھ دیا، ،بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ اور گیس کے قحط نے روزگار ختم اور عوام کے چولہے ٹھنڈے کر دیئے، ،عوام اپنے حالات اور ملک کی قسمت بدلنے کے لئے اگلے الیکشن میں نواز شریف کا بھرپور ساتھ دیں ،اس موقع پر ٹکٹ ہولدر پی پی 93چوہدری اشرف علی انصاری،مشتاق انصاری،ملک عبدالمجید،سیف اللہ اشٹام والے،ڈاکٹر شفیق،محمد اکرم شیشے والے نے بھی خطاب کیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
سنی اتحاد کونسل کی کال پر یوم سوگ منایا گیا
گوجرانوالہ(جی پی آئی)سنی اتحاد کونسل کے مرکزی چیئرمین صاحبزادہ فضل کریم ایم این اے کی ہدایت پر جیکب آباد میں پیر آف قمبر شریف پیر سید غلام حسین شاہ پر قاتلانہ حملے کے سلسلے میں یوم سوگ منایا گیا ہے ، حملے میں شہید ہونے والے پیر آف قمبر شریف کے 27سالہ پوتے سید شفیق احمد شاہ کیلئے فاتحہ خوانی اور زخمیوں کیلئے دعائے صحت کی گئی، اس سلسلے میں جامعہ نوریہ معین القرآن باغبانپورہ میں منعقدہ اجلاس سے صوبائی سیکرٹری اطلاعات مرکزی جمعیت علماء پاکستان الحاج مولانا محمد اکبر نقشبندی، صاحبزادہ پیر محمد دائود رضوی، مفتی محمد حسین صدیقی، مفتی غلام نبی جماعتی،الحاج سرفراز احمد تارڈ، قاری محمد اعظم چشتی، قاری غلام سرور حیدری، پیر عمار سعید سلیمانی، مفتی محمد سعید رضوی، مولانا محمد خالد حسن مجددی، حافظ محمد یعقوب فریدی،حافظ محمد رفیق قادری، عبدالمجید کیلانی، حافظ محمد سعید زین، مولانا محمد عارف چشتی، ملک نصیر نقشبندی، اقبال ہنجرا، حافظ محمد نعمان صدیقی، حافظ آصف علی اویسی، میاں انیس الرحمن اور مولانا نصیر نقشبندی نے خطاب کیا، مولانا محمد اکبر نقشبندی نے کہا کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی ملک کیلئے ناسور بن گئی ہے ، اس کا خاتمہ نہ کیا گیا تو مستقبل میں سنگین نتائج برآمد اور معیشت تباہ وبرباد ہو جائیگی، انہوں نے پیر آف قمبر شریف پیر سید غلام حسین شاہ پر قاتلانہ حملے اور کوئٹہ وکراچی میں بے گناہ افراد کے خون سے ہولی کھیلنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ تمام کالعدم تنظیموں کے خلاف کریک ڈائون کیا جائے، سنی اتحاد کونسل آج22فروری کو ملک بھر میں دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ کے خلاف یوم امن منائے گی اور جمعتہ المبارک کے اجتماعات میں مذمتی قراردادیں منظور کرائی جائیں گی، امن سیمینار منعقد ہونگے اور مظاہرے کئے جائینگے، دہشت گردی کی کارروائیاں ملک کو غیر مستحکم کرنے کی گھنائونی سازش ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
مسیحی عوام نے ہمیشہ پیپلز پارٹی کا ساتھ دیا آئندہ انتخابات میں بھی پیپلز پارٹی کا بھرپور ساتھ دیا جائیگا:عمران بھٹی
گوجرانوالہ(جی پی آئی)پیپلز یوتھ آرگنائزیشن کے ضلعی جنرل سیکرٹری و آل پاکستان مینارٹی الائنس کے رہنما عمران بھٹی نے کہا کہ مسیحی عوام نے ہمیشہ پیپلز پارٹی کا ساتھ دیا آئندہ انتخابات میں بھی پیپلز پارٹی کا بھرپور ساتھ دیا جائیگااور پیپلز پارٹی کے تمام امیدواروں کو کامیاب کروایا جائیگا آل پاکستان مینارٹی الائنس اپنے شہید قائد شہباز بھٹی کا مشن پورا کرنے کیلئے کوشاں ہے آل پاکستان مینارٹی الائنس کے چیئرمین ڈاکٹر پال بھٹی یکم مارچ کو گوجرانوالہ میں تاریخ ساز جلسہ کرینگے جس میں پیپلز پارٹی کی مرکزی ،صوبائی اور مقامی قیادت سمیت کارکنوں کی بڑی تعداد بھی شرکت کریگی ان خیالات کا اظہار انہوں نے آل پاکستان مینارٹی الائنس کے زیر اہتمام یکم مارچ کو گوجرانوالہ میں ہونیوالے جلسہ عام کے سلسلہ میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیاعمران بھٹی نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی حکومت نے صدر آصف علی زرداری کی قیادت میں اقلیتیوں کیلئے تاریخی اقدامات کئے اور اقلیتیوں کو انکے حقوق دیئے آئندہ انتخابات میں مسیحی عوام پیپلز پارٹی کا بھرپور ساتھ دیگی اور پیپلز پارٹی کو کامیاب کرواکر دوبارہ برسراقتدار لائیگی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
آج 64واں سالانہ عرس غوث اعظم منعقد ہو گا
گوجرانوالہ(جی پی آئی)جماعت رضائے مصطفےٰ کے زیر اہتمام آج بروز جمعتہ المبارک22فروری کو بعد نماز عشاء مرکز اہلسنت جامع مسجد زینتہ المساجد میں64واں سالانہ عرس غوث اعظم منعقد ہو گا۔ جس کی صدارت مرکزی امیر الحاج پیر مفتی ابودائود محمد صادق قادری کریں گے، اس موقع پرصاحبزادہ محمد دائود رضوی،صاحبزادہ محمد رئوف رضوی،محمد حفیظ نیازی،پروفیسر محمد عطاء الرحمن رضوی اور دیگر علماء کرام خطاب فرمائیں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔
پارٹی انتخابات کوئی سیاسی جنگ نہیں بلکہ یہ جمہوریت کی مضبوطی کے لئے فرینڈلی میچ ہے:عادل سلیم خاں
گوجرانوالہ (جی پی آئی)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما حلقہ پی پی 94 بیرسٹر عادل سلیم خاں نے کہا ہے کہ پارٹی انتخابات کوئی سیاسی جنگ نہیں بلکہ یہ جمہوریت کی مضبوطی کے لئے فرینڈلی میچ ہے جس کا فائنل 26 فروری کو یونٹی گروپ جیتے گی، یونٹی گروپ ایسے کارکنوں پر مشتمل ہے جو پہلے روز سے پارٹی چیئرمین عمران خان اور پارٹی نظریات کے ساتھ کھڑے ہیں، کارکنوں کو میرٹ کی بنیاد پر اپنا حق رائے دہی استعمال کرتے ہوئے باکردار حقیقی عوامی نمائندے منتخب کرنا ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی دفتر میں کارکنوں کے اجلاس اور معززین حلقہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ بیرسٹر عادل سلیم خاں کا کہنا تھا کہ ملک کو مسائل سے نکالنے کے لئے عوام کی واحد امید تحریک انصاف ہے اور جو ملک کو بحرانوں سے نکالنے کی اہلیت رکھتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ عوام ملک میں تبدیلی کے خواہشمند ہیں، پیپلز پارٹی ، اتحادیوں اور مسلم لیگ کی روایتی سیاست سے تنگ آ چکے ہیں، موجودہ حکمرانوں نے عوام کو مایوسی کے سوا کچھ نہیں دیا۔ اس موقع پر شیخ محمد عارف، حافظ لئیق خاں، ندیم خان، شیخ طارق، محمد جاوید ودیگر موجود تھے۔
۔۔۔۔۔۔۔
پیپلز پارٹی کیخلاف سازشیں کرنیوالے جمہوریت دشمن ہیں:خواجہ انوار احمد شیخ
گوجرانوالہ (جی پی آئی) سٹی نائب صدر پیپلزپارٹی خواجہ انوار احمد شیخ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کیخلاف سازشیں کرنیوالے جمہوریت دشمن ہیں صدرآصف علی زرداری مفاہمت کی سیاست نہ کرتے تو جمہوریت ختم ہوچکی ہوتی، وہ حلقہ این اے 96 کے علاقہ فرید ٹائون میں کارکنوں کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے، انہوں نے کہا کہ مخالفین پیپلز پارٹی کی مفاہمتی پالیسی کو کمزوری نہ سمجھیں، پیپلز پارٹی کو آئندہ اقتدار میں آنے سے کوئی طاقت نہیں روک سکتی، انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ عوامی طاقت سے اقتدار میں آئی اور آئند بھی عوامی طاقت سے اقتدار حاصل کریگی جب بھی پیپلز پارٹی اقتدار میں آئی مخالفین نے سازشیں کرنا شروع کردیں لیکن پیپلز پارٹی نے ہمیشہ سازشی عناصر کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور کبھی کسی آمر اور جابر کے سامنے سر نہ جھکایا قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید،محترمہ بینظیر بھٹو شہید اور شہباز بھٹی شہید کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائینگی۔
۔۔۔۔۔۔
پیپلزپارٹی عوام کو اندھیروں میں ڈبو کر دوبارہ اقتدار میں آنے کے خواب دیکھ رہی ہے:خواجہ ایوب الیاس
گوجرانوالہ (جی پی آئی) مسلم لیگ (ن) کے راہنما خواجہ ایوب الیاس نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی عوام کو اندھیروں میں ڈبو کر دوبارہ اقتدار میں آنے کے خواب دیکھ رہی ہے، انہیں اس سے کچھ حاصل نہیں ہوگا، عوام جانتے ہیں کہ اگر پاکستان پیپلز پارٹی اور اس کے اتحادی دوبارہ برسر اقتدار آگئے تو ملک میں رہی سہی صنعت بھی تباہ ہوجائیگی اور ملک ایک بار پھر اندھیروں میں ڈوب جائیگا، لوہیانوالہ میں کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آنیوالا وقت پاکستان مسلم لیگ (ن) کا ہے اور ملک بھر میں میاں نواز شریف کی قیادت میں ان کے امیدوار بھاری اکثریت سے کامیاب ہونگے۔ میٹنگ سے غلام رحمانی بٹ، خواجہ مسعود الیاس، ہارون اشرف، عمران رشید و دیگر نے بھی خطاب کیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
ملک کے وسائل امیروں اور حکمرانوں کے در کے غلام ہیں ، محرومیاں اور مایوسیاں غریبوں کا مقدر ہیں:چوہدری رضوان چیمہ
گوجرانوالہ (جی پی آئی) امیر جماعت اسلامی زون پی پی 92 چودھری رضوان چیمہ اور کوآرڈینیٹر محمد یحییٰ بٹ نے کہا ہے کہ ملک کے وسائل امیروں اور حکمرانوں کے در کے غلام اور تمام محرومیاں اور مایوسیاں غریب مزدور کے دروازے پر دستک دے رہی ہیں، حکمران مزدور کو کھاتا پیتا دیکھنا نہیں چاہتے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دفتر جماعت اسلامی کھیالی شاہ پور میں مزدوروں کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ مزدوروں کے خون سے چلنے والے کارخانوں اور فیکٹریوں کا سارا سرمایہ سرمایہ داروں کی جیبوں میں چلاجاتاہے اور مزدروں کے بچے بھوک سے نڈھال سسک سسک کر دم توڑ جاتے ہیں۔ انہو ںنے کہاکہ عوام اندھے وزیروں اور بہرے مشیروں سے امیدیں وابستہ کرنے کی بجائے خالق کائنات سے رجوع کریں تاکہ ان کی محرومیوں کا خاتمہ ہو سکے جس کے لیے ضروری ہے کہ آئندہ انتخابات میں دیانتدار اور ان کے مسائل کو اپنے مسائل سمجھنے والے لوگوں کا انتخاب کیا جائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
مسلم لیگ(ن)کا امیدوار نہیںآئندہ انتخابات میں اپنی جماعت کے پلیٹ فارم سے الیکشن لڑونگا:حامد ناصر چٹھہ
وزیرآباد(جی پی آئی) چیئرمین مسلم لیگ ہم خیال چوہدری حامد ناصر چٹھہ نے کہا ہے کہ میں مسلم لیگ(ن)کا امیدوار نہیںآئندہ انتخابات میں اپنی جماعت کے پلیٹ فارم سے الیکشن لڑونگا۔کارڈیالوجی ہسپتال پر وزیراعلیٰ پنجاب کے حالیہ بیان کو درست سمجھا نہیں گیا ہم نے یہ منصوبہ بمشکل چوہدری برادران سے چھینا جو گجرات بائی پاس پرمنتقل کرنا چاہتے تھے۔جتنی متحرک اور فعال وزیرآباد کی پریس ہے اتنی گوجرانوالہ کی بھی نہیں۔مولانا ظفرعلی خان کی سرزمین کے صحافی محنتی غیر جانبداراور ایماندار ہیں۔ وہ تاج میرج ہال میں صدر انجمن آڑھتیاں بھٹہ غلہ منڈی چوہدری محمد ریاض، سہیل ریاض اور وہاب عمر ریاض کی جانب سے صدر افتخار احمد بٹ و اراکین پریس کلب کے اعزاز میں عشائیہ سے خطاب کر رہے تھے۔حامدناصر چٹھہ نے کہا ملک میں لاقانونیت کا راج ہے کوئٹہ اور کراچی میں ناحق قتل و غارت ہو رہی ہے۔گزشتہ دس دنوں کا سکور دیکھیں تو کراچی میں ٹارگٹ کلنگ عروج پر ہے۔حکمران کراچی کو پاکستان کا حصہ نہیں بلکہ اپنی جاگیر سمجھ رہے ہیں۔دیگر صوبوں کے مقابلے میں پنجاب میں امن و امان کی صورت حال کافی بہتر ہے۔ملک میں توانائی کے بحران کا فوری حل تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔بجلی کے بغیر انڈسٹری بند گیس بنا انڈسٹری،سی این جی پمپ اور گھروں کے چولہے ٹھنڈے ہو گئے ہیں۔بجلی پیدا کرنے والی پاور کمپنیوں کو ادائیگی کیلئے رقوم موجود نہیں وفاقی وزیر خزانہ نے استعفیٰ اسی لئے دیا کہ اقتصادی حالات ٹھیک نہیں اوپر سے الیکشن کیلئے حکومتی ارکان کااربوں کے ترقیاتی فنڈ کا تقاضا کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا ہم ان ملکوں سے بھی پیچھے رہ گئے ہیں جو اپنی پالیسیاں پاکستان کو دیکھ کر بناتے تھے۔انہوں نے کہا کہ قوم کو اپنے معاملات اب اپنے ہاتھوں میں لے اور سوچ سمجھ کر ووٹ کا حق استعمال کرکے اپنے نمائندے منتخب کرے اور منتخب نمائندے بھی اجتماعی سوچ پیدا کر کے سوچیں تبھی ملکی حالات میں بہتری آئے گی۔عشائیہ سے صوفی اقبال آرائیں،عمران شاہد،راجہ اشتیاق اللہ خان،نجیب اللہ ملک،ملک شہباز کلیار،آصف کلیر،عبدالکریم بٹ،مرزا تقی علی اور افتخار احمد بٹ نے بھی خطاب کیا جبکہ اس موقع پر سابق ٹاون ناظم نوازش چیمہ،میاں یعقوب،چوہدری یوسف،محمد خالد مغل،چوہدری یونس،ڈاکٹر محمد یوسف چوہدری،عبدالحفیظ آرائیں،لالہ خلیل،چوہدری شبیر جونیجو، خواجہ روحیل ،علی بہادر چٹھہ،غضنفر علی چیمہ سمیت صحافیوں اورشہر کی سیاسی و سماجی شخصیات کی کثیر تعدادنے شرکت کی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔

سل لٹیروں کے کسی فراڈ پروگرام سے متاثر نہیں ہوں گے:عدنان سرور چیمہ
وزیرآباد(جی پی آئی)ملک کا مستقبل نوجوانوں کے ہاتھ میں ہے۔ نوجوان نسل لٹیروں کے کسی فراڈ پروگرام سے متاثر نہیں ہوں گے۔ باری کی سیاست سے ملک وقوم کو نقصان پہنچاکر اپنے خاندانوں کو مضبوط کرنے والی سیاسی جماعتوں کا مستقبل تاریک ہو چکا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے حلقہ این اے101سے امیدوارعدنان سرور چیمہ نے اپنے آفس میں سنیئر صحافی عارف ناز، کلیم اﷲ باری کی قیادت میںملنے والے پریس کلب احمد نگر کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ(ن) اور پیپلز پارٹی اب عوام کو مزید یرغمال نہیں بنا سکتے دونوں جماعتوں کا حقیقی منشور عوام کو معاشی مسائل میں الجھا کر تعلیم سے دور رکھنا ہے نوجوان نسل اب باشعور ہوچکی ہے اپنی سیاسی ساکھ بہتر بنانے کیلئے دونوں جماعتیں اور ان کے اتحادی ملکی خزانہ کا بے دردی سے استعمال کررہی ہیں تعلیمی نظام کو مجموعی طور پر بہتر بنانے کی بجائے طلباء وطالبات کو انتخابات کے قریب آنے پر لیپ ٹاپ کے ذریعہ مرعوب کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں جبکہ لوگوں کو مستقل روزگار فراہمی کی بجائے ہزار روپے ماہانہ کی سکیموں سے غریبوں کی غربت کا مذاق اڑایا گیا ہے۔ ملک میں ہر جانب افراتفری کا سماں ہے کراچی، کوئٹہ اور دیگر بڑے شہروں میںلوگ جان ہتھیلی پر لئے پھرتے ہیں سڑکوں پر موت انسانوں کا بے دردی سے پیچھا کرتی نظر آتی ہے جبکہ حکمران عوام کو تحفظ فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں۔ ملک بھر کے ادارے اور عوام کی خادم پولیس سیاستدانوں اور ان کے خاندانوں کی حفاظت پر مامور ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ(ن) کے دور اقتدار میںبدترین ملکی حالات کے باوجودپارٹیوں کی قیادت کا حکومت میں رہنے کا کوئی جواز باقی نہیں رہتا۔ حکمران اپنی ناکامی کو تسلیم کریں اور سیاست چھوڑ دیں اسی میں ملک وقوم کی بہتری ہے۔عدنان سرور چیمہ نے کہا کہ آئندہ الیکشن میں عمران خان کی قیادت میںتحریک انصاف ملک بھر میں حکومت بنائے گی اور عام آدمی کوروزگار،تعلیم اورانصاف میسر آئے گا۔