ڈرون حملے روکنے پر امریکا کو قائل کر لیں گے : نواز شریف

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

لاہور (جیوڈیسک)مسلم لیگ (ن) کے سربراہ اور پاکستان کے نئے ممکنہ وزیراعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ ڈرون حملے روکنے پر امریکا کو قائل کر لیں گے، افغانستان سے امریکی فوج کے انخلا کے لئے جو ممکن ہو سکا وہ کرینگے۔لاہور میں سینئر صحافیوں سے گفتگو میں میاں نواز شریف کا کہنا تھا کہ صدر زرداری ملکی مسائل حل کرتے تو آج ملک کا یہ حال نہ ہوتا۔ عوام کو فوری ریلیف دینے کے لئے حکمت عملی بنا لی ہے۔

پاکستان کو اقتصادی اور معاشی میدان میں ترقی دے کر ایشین ٹائیگر بنائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈرون حملے روکنے پر امریکا کو قائل کر لیں گے۔ افغانستان سے امریکی فوج کے انخلا کے لئے جو ممکن ہو سکا وہ کرینگے جبکہ پاکستان میں دہشتگردی پر قابو پانے کے لئے قومی حکمت عملی بنائی جائے گی۔

دہشتگردی کے خاتمے کے لئے دوست ممالک سے ہر ممکن مدد لیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری اگر ملکی مسائل کی طرف توجہ دیتے تو آج پاکستان کا یہ حال نہ ہوتا۔ حکومت بنانے کے بعد فوری طور پر ملکی مسائل کو حل کرنے اور عوام کو فوری طور پر ریلیف دینے پر توجہ دی جائے گی۔

ہم نے عوام کو فوری ریلیف دینے کے لئے حکمت عملی بنا لی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں تحریک انصاف کی اکثریت ہے وہاں پر عمران خان کی ہی حکومت بننی چاہیے۔