ڈرون حملوں پر امریکا کا مواخذہ ہونا چاہیے، پرویز خٹک

Pervez Khattak

Pervez Khattak

پشاور (جیوڈیسک) پشاور وزیر اعلی خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ غیر قانونی اور غیر اخلاقی ڈرون حملوں میں انسانی ہلاکتوں پر امریکا کا مواخذہ ہونا چاہیے، وفاقی حکومت کی بے عملی کا خمیازہ خیبر پختونخوا کے عوام کو دہشت گردی کی صورت میں بھگتنا پڑرہا ہے۔ پشاور سے جاری بیان میں وزیر اعلی خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کہا کہ ڈرون حملوں پر ایمنسٹی انٹرنیشنل کی رپورٹ سامنے آ چکی ہے۔ انسانی ہلاکتوں پر امریکا کا مواخذہ ہونا چاہیے۔

وفاقی حکومت ڈرون حملے رکوانے میں اپنا کردار ادا کرے۔ پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ طالبان سے مذاکرات شروع کرنے میں وفاقی حکومت کی تاخیر پر گہری تشویش ہے۔ یہ طرز عمل سیاسی جماعتوں کی طرف سے وفاق کو دیئے گئے مینڈیٹ کے منافی ہے۔ پرویز خٹک کے مطابق وفاقی حکومت کو میڈیا کے ذریعے مذاکرات نہیں کرنے چاہئیں اس لیے وزیر اعظم طالبان سے باضابطہ مذاکرات کے لیے فوری اور ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کریں۔