کے ای ایس سی کے صارفین پر قیمتوں میں اضافے کی بجلی

kesc

kesc

کراچی(جیوڈیسک) الیکٹرک سپلائی کمپنی کے صارفین پر قیمتوں میں اضافے کی بجلی گرنے والی ہے۔ نیشنل الیکٹرک ریگولیٹری اتھارٹی پیر کو کراچی میں اس حوالے سے سماعت کرے گی۔ فیول ایڈجسٹمنٹ کے چکر نے کراچی والوں کا فیوز اڑا رکھا ہے۔ نومبر میں اسی کو جواز بناکر بجلی ایک روپے چالیس پیسے فی یونٹ مہنگی کی گئی۔

کراچی والے ابھی اس اضافے ہی کو بگھت رہے تھے کہ کے ای ایس سی نے اپنے بائیس لاکھ صارفین پر ایک بار پھر بجلی گرانے کی تیاری مکمل کرلی۔ اس بار بھی کے ای ایس سی نیفیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں نیپرا سے 76 پیسے فی یونٹ اضافہ مانگا ہے جس پر نیپرا کی ٹیم پیر کو کراچی میں سماعت کرے گی۔

کے ای ایس سی کے اعلی حکام بجلی کی قیمت میں اضافے کے حق میں جبکہ سماعت میں شریک دیگر اسٹیک ہولڈر اضافے کے خلاف دلائل دیں گے۔ ذرائع کے مطابق نیپرا نے کبھی بھی کے ای ایس سی کی بجلی کی قیمت میں اضافے کی درخواست یکسر مسترد نہیں کی ہے اور اس بات کے امکانات بہت زیادہ ہیں کہ اس بار اضافے کی اجازت دے دی جائیگی۔