کے ای ایس سی اور پاکستان اسٹیل کے درمیان مذاکرات کامیاب

KESC

KESC

کراچی (جیوڈیسک) کے ای ایس سی اور پاکستان اسٹیل کے درمیان مذاکرات کامیاب ہو گئے، واجبات کی ادائیگی کیلئے پاکستان اسٹیل ملز کومزید مہلت ملنے کے بعد آج بجلی بحال ہو جائے گی۔ ادارے کے قائم مقام چیئرمین کادعوی ہے کہ عید سے پہلے ملازمین کی تنخواہیں بھی ادا کر دی جائیں گی۔

5 دن قبل کاٹی گئی بجلی کی بحالی کیلئے کے ای ایس سی اور پاکستان اسٹیل حکام کے درمیان مذاکرات ہوئے، جس کے بعد اسٹیل ملز کے قائم مقام چیئرمین سعادت چیمہ نے ذرائع کو بتایا کہ کے ای ایس سی نے پاکستان اسٹیل کو واجبات کی ادائیگی کیلئے مزید 15 دن کی مہلت دیدی ہے اور آج شام ادارے کی بجلی بحال کردی جائے گی۔

68 کروڑ روپے کے بقایاجات 31 جولائی کے بجائے 15 اگست تک دیئے جا سکیں گے۔ پاکستان اسٹیل پہلے ہی 25 کروڑ روپے ادا کر چکا ہے۔ سعادت چیمہ نے بتایا کہ ادارہ ہر روز کے ای ایس سی کو 1 کروڑ روپے ادا کرے گا۔ جبکہ عید سے پہلے ادارے کے ملازمین کو تنخواہیں بھی ادا کر دی جائیں گی۔