مصر میں دہشت گردی کے حملے میں 10 فوجی ہلاک 24 زخمی

Egypt Terrorism Attack

Egypt Terrorism Attack

مصر (جیوڈیسک) مصر کے جزیرہ نما سینا دہشت گرد تنظیم داعش سے منسلک گروپوں نے چیکنگ پوائنتس پر حملہ کرتے ہوئے دس فوجیوں کو ہلاک اور 24 کو زخمی کردیا ہے۔

حکام نے بتایا ہے کہ پہلے ایک خود کش بمبار نے بارود سے بھری اپنی گاڑی چوکی سے ٹکرادی جس کے بعد درجنوں نقاب پوش مسلح جنگجووں نے فوجی مرکز پر دھاوا بول دیا اور اندھا دھند فائرنگ کی۔

حملے میں 10 اہلکار ہلاک اور 24 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ ہلاک ہونے والوں میں مصری فوج کے اسپیشل یونٹ کا ایک اعلیٰ افسر کرنل احمد المنسی بھی شامل ہے۔

تاحال حملے کی ذمہ داری کسی نے قبول نہیں کی ہے۔ لیکن حالیہ برسوں کے دوران مصر کے اس علاقے میں داعش کی سرگرمیوں میں اضافہ ہوا ہے جس کے حملوں میں مصری سکیورٹی اداروں کے سیکڑوں اہلکاروں مارے جاچکے ہیں۔

گزشتہ چند ماہ کے دوران داعش نے مصر میں آباد قبطی عیسائیوں پر چار بڑے حملے کیے ہیں جن میں بیسیوں افراد مارے گئے۔

ان حملوں کے بعد مصر کے فوجی صدر عبدالفتاح السیسی نے ملک میں ہنگامی حالت نافذ کر رکھی ہے جس کے بعد فوج کو وسیع اختیارات حاصل ہوگئے ہیں۔

مصر فوجیوں نے دہشت گردوں کے خلاف کاروائی کرتے ہوئَ 40 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ہے۔