نومنتخب صدر ممنون حسین کا تعلق کراچی کی تاجر برادری سے ہے

Mamnoon Hussain

Mamnoon Hussain

کراچی (جیوڈیسک) نو منتخب صدر ،ممنون حسین کا تعلق کراچی کی تاجر برادری سے ہے، اور وہ چھ ماہ تک سندھ کے گورنر بھی رہے۔ ممنون حسین 23 دسمبر 1940 کو ہندوستان کے شہر آگرہ میں پیدا ہوئے۔پاکستان ہجرت کے بعد ان کے والد کی جوتے بنانے کا کارخانہ تھا۔ ممنون حسین پانچ بھائیوں اور دو بہنوں میں چوتھے نمبر پر ہیں۔ پاکستان ہجرت کے بعد ان کے خاندان نے 1949 میں کراچی کے اولڈ سٹی ایریا میں رہائش اختیار کی۔

وہیں کپڑے کے کاروبار سے منسلک ہو گئے۔ ممنون حسین نے ابتدائی تعلیم کراچی سے حاصل کی اور پھر کراچی یونیورسٹی سے بی اے آنرز کیا۔ انہوں نے 1965 میں انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن کراچی سے ایم بی اے کیا۔ ممنون حسین تین بیٹوں کے والد ہیں ان کے تینوں بیٹے بینکاری کے شعبے سے وابستہ ہیں۔ ممنون حسین پیشے کے اعتبار سے کپڑے کے کاروبار سے منسلک ہیں۔ اور ایک عرصے تک وہ خود اپنا کاروبار چلاتے رہیہیں۔

تاہم نوے کی دہائی کے آخر میں وہ مسلم لیگ ن کی سیاست میں سرگرم ہوئے اور میاں نواز شریف کی قربت کی وجہ سے انہیں جون 1999 میں سندھ کا گورنر بنایا گیا لیکن بارہ اکتوبر کو میاں نواز شریف کی حکومت کے خاتمے کے بعد ممنون حسین کو بھی گورنر کا عہدہ چھوڑنا پڑا۔

تاہم وہ دوران اسیری اور جلاوطنی کے دنوں میں میاں نواز شریف اور ان کے خاندان سے رابطے میں رہے۔ ممنون حسین نے طویل عرصہ کراچی کے اولڈ سٹی ایریا میں نا صرف کاروبار جاری رکھا بلکہ وہیں رہائش پزیر بھی رہے۔تاہم چند سال قبل وہ اولڈ سٹی ایریا سے ڈیفنس ہاوسنگ اتھارٹی میں منتقل ہوگئے۔