الیکشن کمیشن کی تحلیل ، طاہر القادری کی درخواست کی سماعت آج ہو گی

Supreme Court Pakistan

Supreme Court Pakistan

اسلام آباد (جیوڈیسک) الیکشن کمیشن کی تحلیل کیلئے سپریم کورٹ میں ڈاکٹر طاہر القادری کی درخواست کی سماعت آج چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بنچ کرے گا۔ درخواست کی سماعت کرنے والے بنچ میں چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کے علاوہ جسٹس گلزار احمد اور جسٹس شیخ عظمت سعید شامل ہوں گے۔ سماعت کے دوران ڈاکٹر طاہر القادری سپریم کورٹ میں خود دلائل دیں گے۔

طاہر القادری نے اپنی درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے چاروں ارکان کی تقرریوں میں آئینی تقاضے پورے نہیں کئے گئے، اس لئے ان کی تقرریاں کالعدم قرار دی جائیں۔ طاہر القادری نے مقدمے کی سماعت مکمل ہونے تک الیکشن کمیشن کو کام سے روکنے کی بھی استدعا کی ہوئی ہے۔

وزیر داخلہ رحمان ملک کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کی تشکیل نو کے لئے طاہرالقادری کی درخواست عدالت میں ہے، دیکھتے ہیں سماعت کے بعد کیا ا فیصلہ آتا ہے۔ سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ طاہرالقادری کی سپریم کورٹ میں رٹ بڑی اہمیت کی حامل ہے اوراس کا فیصلہ ہونے تک الیکشن کے بروقت انعقاد کے حوالے سے سوالات اٹھتے رہیں گے۔