الیکشن کمیشن نے انتخابات کے اعدادوشمار جاری کر دئیے

Election

Election

اسلام آباد: (جیوڈیسک) ملک بھر میں ٹرن آئوٹ 55.02، وفاقی دارالحکومت میں 61.96 فیصد رہا، (ن) لیگ 1 کروڑ سے زائد ووٹوں کے ساتھ سرفہرست، الیکشن میں تحریک انصاف دوسری بڑی جماعت کے طور پر ابھری۔

الیکشن کمیشن نے انتخابات 2013 کے اعدادوشمار جاری کر دئیے ہیں۔ ملک بھر میں ٹرن آئوٹ 55.02 جبکہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کا ٹرن آئوٹ 61.96 فیصد رہا۔ (ن) لیگ 1 کروڑ سے زائد ووٹوں کے ساتھ سرفہرست رہی۔ 5 سال میں 1 کروڑ 5 لاکھ 80 ہزار ووٹرز کا اضافہ ہوا۔ تحریک انصاف دوسری بڑی جماعت کے طور پر ابھری۔

اسی طرح سب سے زیادہ ووٹ بہاولنگر کے حلقہ این اے 191 میں ڈالے گئے جہاں ٹرن آئوٹ 84 فیصد رہا اور سب سے کم ووٹ جنوبی وزیرستان میں پول کئے جاسکے جہاں کل ووٹ کا ٹرن آئوٹ 11.57 فیصد رہا۔ وفاقی دارالحکومت میں 61.96 کی ووٹ شرح سے ٹوٹل 389976 ووٹ پول ہوئے۔

اسی طرح پنجاب اسمبلی کے لئے 59.62 کی شرح سے 28760205 ووٹ کاسٹ کئے گئے۔ صوبہ خیبرپختونخوا میں 44.83 کے ٹرن آئوٹ کی شرح رہی اور 5476001 لوگوں نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ اسی طرح صوبہ سندھ میں ووٹ کی شرح 53.82 رہی اور 9782599 ووٹرز گھروں سے نکلے۔

بلوچستان میں انتخابی عمل کی شرح 42.5 فیصد رہی اور 1300628 پاکستانیوں نے اپنے ووٹ کا حق استعمال کیا۔ فاٹا کے لوگوں نے بھی انتخابات کے ذریعے اپنے نمائندے کا چنائو کیا اور اس عمل کے لئے فاٹا میں ٹرن آئوٹ 36.04 رہا اور 508013 ووٹرز نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ ملک بھر میں کل رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 8 کروڑ 42 لاکھ 7 ہزار 524 ہے جبکہ 55.02 فیصد کی شرح سے 4 کروڑ 62 لاکھ 1 ہزار 782 افراد نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔

گزشتہ انتخابات میں 3 کروڑ 56 لاکھ افراد نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا تھا۔ پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرین کو 68 لاکھ 55 ہزار 127 ووٹ پول ہوئے اور وہ ملک کی بڑی جماعتوں میں تیسرے نمبر پر آگئی ہے۔ چوتھی پوزیشن آزاد امیدواروں نے حاصل کی جنہوں نے 58 لاکھ 20 ہزار 757 ووٹ حاصل کئے جبکہ متحدہ قومی موومنٹ کو 24 لاکھ 58 ہزار 25 ووٹ پول ہوئے۔